ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سندھ نے کہا کہ عوام صحت، تعلیم، روزگار اور صاف پانی جیسی بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں لیکن حکمرانوں کے محلات اور بینک بیلنس میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ جماعتِ اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ عوام کو سبزباغ اور سنہرے خواب دکھانے والے حکمرانوں نے لوگوں کو مہنگائی، بیروزگاری، دہشتگردی اور بے امنی کے تحفوں کے سوا کچھ بھی نہیں دیا ہے جوکہ حکومتی نااہلی اورحکمرانوں کے دعوؤں کی سراسر نفی ہے، فارم 47 کی پیداوار حکمران عوام سے کیا گیا ایک وعدہ بھی پورا نہ کرسکے، کراچی سے کشمور پورا صوبہ لاوارثی اور محرومیوں کی عملی تصویر بنا ہوا ہے، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، غریب اور امیر کے لئے الگ الگ قانون ہونے کی وجہ سے ان محرمیوں میں مزید اضافہ کیا ہے، تمام مسائل کی جڑ کرپشن کمیشن کا گٹھ جوڑ ہے، کرپشن سے پاک پاکستان ہی ملک و قوم کی تقدیر بدل سکتا ہے، جماعت اسلامی پاکستان کا ”بدلو نظام اجتماع عام“ موجودھ گھٹن اور سیاسی و معاشی بے یقینی کی صورتحال میں تبدیلی کی نوید ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع دادو اور قنبر شہداد کوٹ کے ہر سطح کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

کاشف سعید شیخ نے مزید کہا کہ عوام صحت، تعلیم، روزگار اور صاف پانی جیسی بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں لیکن حکمرانوں کے محلات اور بینک بیلنس میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے، کراچی تا کشمور وکلاء کے حالیہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کے گروپ کی سندھ پر سترہ سالوں سے قابض ٹولے کیلئے نوشہ دیوار ہے، وکلاء مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے صوبائی وزیر داخلہ کی دھونس، دھاندلی اور ہر قسم کی لالچ کو ٹھکرا کر سندھ دھرتی سے وفادار وکلاء کی جیت میں کردار ادا کیا ہے، عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، پرامن، مستحکم اور خوشحال پاکستان کیلئے کرپشن و دہشتگردی کے شیطانی کٹھ جوڑ کا خاتمہ انتہائی ضروری ہے۔ صوبائی امیر نے ضلعی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ مینار پاکستان اجتماع عام میں زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کی شرکت کو یقینی بنائیں کیونکہ یوتھ امید پاکستان ہیں۔

.

ذریعہ: Islam Times

پڑھیں:

وفاقی وزیر امیر مقام کی جانب سے گلگت بلتستان کے عوام کو یوم آزادی کی مبارکباد

وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے گلگت بلتستان کے یوم آزادی کے موقع پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے غیور عوام کو یوم آزادی کے موقع پر دل کی اتھاہ گہرایوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، یہ ایک منفرد اعزاز ہے کہ گلگت بلتستان کے لوگ اپنے وطن کی آزادی کا دن دو بار مناتے ہیں، ایک 14 اگست کے دن اور دوسرا یکم نومبر کو۔ اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے گلگت بلتستان کے یوم آزادی کے موقع پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے غیور عوام کو یوم آزادی کے موقع پر دل کی اتھاہ گہرایوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، یہ ایک منفرد اعزاز ہے کہ گلگت بلتستان کے لوگ اپنے وطن کی آزادی کا دن دو بار مناتے ہیں، ایک 14 اگست کے دن اور دوسرا یکم نومبر کو۔ انہوں نے کہا اس دن کو گلگت بلتستان کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل سمجھا جاتا ہے، وہ دن تھا جب اس خطے کے لوگوں نے اپنی آزادی حاصل کی اور پاکستان کے ساتھ شامل ہوئے۔ اس خوشی کے موقع پر مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے ان بہن بھائیوں کو بھی یاد کرتے ہیں، غیور کشمیر کے باسی سات دہائیوں سے حق خود ارادیت کیلئے برسر پیکار ہیں۔ انجینئر امیر مقام نے مزید کہا کہ اپنی مسلح افواج کا شکریہ ادا کرتا ہوں، افواج پاکستان ہماری سرحدوں اور خودمختاری کی محافظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کو اولین ترجیح دیتی ہے، گلگت بلتستان سی پیک کے حوالے سے اہم خطہ ہے۔پاکستان مسلم لیگ نون نے اپنے ادوار میں گلگت بلتستان میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ خطہ سیاحت کے حوالے سے پوری دنیا میں اعلی مقام رکھتا ہے، وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں سیاحت کی ترقی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے گی۔ سب ملکر گلگت بلتستان اور پاکستان کی ترقی کیلئے ایک بن کر ترقی کے منازل طے کریں گے۔

متعلقہ مضامین