لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے سردی میں اضافہ
اشاعت کی تاریخ: 12th, January 2025 GMT
لاہور(نیوز ڈیسک) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا جبکہ دھند میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
لاہور، منچن آباد، بصیرپور اور دیگر شہروں میں بارش سے موسم سرد ہوگیا، قصور، ننکانہ صاحب، پتوکی، عارف والا، ساہیوال اور رینالہ خورد میں بھی بادل برس پڑے۔
ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کے باعث پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی، کشمیر، مری، گلیات اور گردونواح میں مزید بارش کی توقع ہے۔
اس کے علاوہ آزاد کشمیر بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہے، تاؤ بٹ میں پارہ منفی 21، لہہ میں پارہ منفی 13، پاراچنار منفی 12، استور میں منفی 11 رہا، گوپس منفی 10، سکردو منفی 9، کالام منفی 7 اور ہنزہ میں منفی 6 ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب ملک کے مختلف شہروں میں دھند کے باعث حد نگاہ کم ہونے پر موٹر وے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے ملتان جبکہ ایم 5 ملتان سے روہڑی تک بند کر دی گئی ہے۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
کراچی: مختلف حادثات میں دو افراد جاں بحق
کراچی:شہر قائد میں پیش آنے والے دو الگ الگ حادثات میں دو افراد جاں بحق ہو گئے۔
لیاری کے علاقے غریب شاہ بزنجو چوک کے قریب ایک شخص رہائشی عمارت کی چھت سے گر کر جاں بحق ہوگیا۔
چھیپا ذرائع کے مطابق متوفی کی شناخت 40 سالہ عمران ولد نور محمد کے نام سے ہوئی ہے، جسے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔
دوسری جانب سپر ہائی وے کاٹھور پل پر ایک راہگیر نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ ایدھی حکام کے مطابق متوفی کی شناخت آصف علی کے نام سے کی گئی ہے، اور لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے دونوں واقعات کی تفتیش شروع کر دی ہے۔