عوام کو صحت‘ تعلیم اور بنیادی سہولتیں میسر نہیں: حافظ نعیم
اشاعت کی تاریخ: 13th, January 2025 GMT
لاہور،مردان (خصوصی نامہ نگار + نامہ نگار ) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ملک پر بیرونی اور مقامی اسٹیبلشمنٹ اتحاد مسلط ہے جو مل کر عوام کا خون نچوڑ رہا ہے۔ انہوں نے عوام کو ایک دوسرے میں تقسیم کیاہوا ہے۔ عوام کو صحت، تعلیم اور بنیادی سہولیات میسر نہیں۔ وہ مردان تفہیم القرآن میں ختم بخاری شریف کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر ضلعی امیر غلام رسول و دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ا سرائیل فلسطین میں امریکہ کی سرپرستی میں بے گناہوں کا قتل عام کر رہا ہے۔ خود کو جمہوریت پسند کہنے والے امریکہ نے پوری دنیا میں افراتفری مچائی ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملٹری آپریشنوں نے ملک کو تباہی اور مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ گزشتہ ڈیڑھ عشرے سے پے در پے آپریشنوں کے نتیجے میں ایک لاکھ سے زائد شہری شہید ہوئے ہیں، لاکھوں زخمی اور معذور ہوئے ہیں، اس لئے حکومت کسی نئے ملٹری آپریشن سے قبل ماضی کے ملٹری آپریشنوں کا جائزہ لے، بدامنی کے روٹ کاز کو تلاش کرکے مسائل کو حل کریں، فوجی آپریشن ملک کو انارکی میں دھکیلتے ہیں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
وفاق و صوبائی حکومتیں ناکام ہو چکیں، اپوزیشن کا کوئی باضابطہ اتحاد نہیں: فضل الرحمن
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+خبر نگار) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے 27 اپریل کو لاہور میں بہت بڑا ملین مارچ ہوگا۔ 11 مئی کو پشاور اور 15 مئی کو کوئٹہ میں غزہ کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ملین مارچ ہوگا۔پاکستانی عوام خاص طور پر تاجر برادری مالی طور پر جہاد میں شریک ہوں۔ دھاندلی کے نتیجے میں قائم ہونے والی حکومتیں چاہے وفاق میں ہو یا صوبے میں، وہ عوام کے مسائل کے حل اور امن وامان کے قیام میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہیں۔ اگر صوبوں کا حق چھینا جاتا ہے تو ہم صوبوں کے ساتھ کھڑے ہوں گے اور اپنے پلیٹ فارم سے میدان میں رہے گی۔ اپوزیشن کا اب تک کوئی باضابطہ کوئی موثر اتحاد موجود نہیں لیکن ہم باہمی رابطے کو برقرار رکھیں گے تاکہ کہیں پر بھی جوائنٹ ایکشن کی ضرورت پڑے تو اس کے لئے راستے کھلے ہیں اور فضا ہموار ہے۔ مائنز اینڈ منرلز بل خیبر پی کے میں پیش کیا جاتا ہے اور بلوچستان میں پیش کیا جا چکا ہے۔ بلوچستان اسمبلی میں ہمارے کچھ پارلیمانی ممبران نے بل کے حق میں ووٹ دیا۔ ان سے وضاحت طلب کر لی گئی ہے اور ان کو شوکاز نوٹس بھی جاری کر دیا گیا ہے اگران کے جواب سے مطمئن نہ ہوئے تو انکی رکنیت ختم کر دی جائے گی۔