عمران کو دو بار پیغام بھیجا نہ آئے، جج احتساب عدالت، 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ تیسری بار موخر
اشاعت کی تاریخ: 14th, January 2025 GMT
راولپنڈی(نیوز ڈیسک)190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف دائر ریفرنس کا فیصلہ تیسری بار مؤخر ہو گیا، اب فیصلہ 17جنوری کو سنایا جائیگا۔
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت کی۔ جج ناصر جاوید رانا کا کہنا تھا کہ میں صبح ساڑھے 8 بجے سے عدالت میں موجود ہوں، بانی پی ٹی آئی کو دو بار پیغام بھیجا لیکن وہ نہیں آئے اور نا ہی بشریٰ بی بی یا انکے وکلا کی طرف سے کوئی پیش ہوا۔
انہوں نے کہا کہ فیصلہ بالکل تیار اور دستخط شدہ میرے پاس ہے، ٹرائل کے دوران بھی ملزمان کو متعدد مواقع دیئے گئے، فیصلہ سنانے کیلئے ملزمان کو ایک اور موقع دے رہا ہوں جو اب 17 جنوری(جمعہ ) کو سنایا جائیگا۔
عمران خان کی جانب سے کہا گیا کہ جب تک میری فیملی یا وکلا میں سے کوئی نہیں آجاتا تو میں کمرہ عدالت میں نہیں آؤں گا۔سماعت کے موقع پر اڈیالہ جیل کے باہرسیکورٹی ہائی الرٹ تھی۔
سماعت سے قبل احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا اڈیالہ جیل پہنچے جبکہ نیب پراسیکیوٹر چوہدری نذر، نیب لیگل ٹیم کے ممبران عرفان احمد،سہیل عارف اور اویس ارشد، احتساب عدالت اسلام آباد کا عملہ اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا سلمان اکرم راجہ ایڈووکیٹ اور دیگر بھی جیل پہنچے تھے، ملزمان کے وکلا تاخیر سے عدالت پہنچے جس پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا ۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: احتساب عدالت
پڑھیں:
اے ٹی سی پشاور کا ارباب وسیم سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم
انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) پشاور نے ارباب وسیم سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔
اے ٹی سی پشاور میں جج ولی محمد خان نے 9 مئی کو ریڈیو پاکستان کی عمارت پر حملے کے کیس کی سماعت کی۔
عدالت نے مقدمے میں ملوث ارباب وسیم سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیا اور ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
پراسیکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے 9 مئی کو ریڈیو پاکستان کی عمارت پر حملہ کیا اور اسے آگ لگائی تھی۔
پراسیکیوشن کے مطابق ملزمان کے خلاف تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ٹرائل شروع کیا گیا، نامزد ملزمان ٹرائل میں پیش نہیں ہو رہے ہیں۔
عدالت نے متعلقہ پولیس کو ملزمان کو گرفتار کرکے اگلی سماعت پر پیش کرنے کا حکم دیا۔