آرمی چیف سے ایرانی ہم منصب کی ملاقات دوطرفہ تعلقات ، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال
اشاعت کی تاریخ: 21st, January 2025 GMT
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ نمائندہ خصوصی) ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف (سی جی ایس) میجر جنرل محمد باقری نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری) سے ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران فریقین نے علاقائی سلامتی کی موجودہ صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ جی ایچ کیو پہنچنے پر میجر جنرل محمد باقری نے شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی جبکہ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ محمد باقری نے وزیر دفاع، دفاعی پیداوار اور ہوا بازی خواجہ محمد آصف سے بھی اسلام آباد میں ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ دو طرفہ تعلقات تمام شعبوں میں مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ دونوں اطراف نے مشترکہ بارڈر مینجمنٹ اور انسداد دہشت گردی کے اقدامات سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور مستقبل میں مشترکہ مفاد کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کا عزم کیا ہے۔ صدر آصف زرداری سے ملاقات میں فریقین نے دوطرفہ اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا گیا۔ دونوں برادر ممالک نے باہمی مفاد میں تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ دہشت گردی ایک مشترکہ چیلنج ہے، دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے دونوں ممالک کو مؤثر اور مربوط اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
وزیر اعظم شہباز شریف کی امیر قطر سے ملاقات، خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال
وزیراعظم شہباز شریف کی قطر کے امیر سے ملاقات ہوئی،ملاقات میں ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلد مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم اور قطر کے امیر کے درمیان دو طرفہ ملاقات ہوئی۔وزیراعظم نے 9 ستمبر کو دوحہ کے رہائشی علاقے پر اسرائیلی حملے کی پاکستان کی شدید مذمت کا اعادہ کیا،وزیراعظم نے 9 ستمبر کو اسرائیل کے حملے کو قطر کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔وزیراعظم نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور قطر کے برادرانہ تعلقات تاریخی، دیرینہ اور پائیدار ہیں اور یہ آنے والے دنوں میں مزید مضبوط ہوں گے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مشرق وسطی میں اسرائیل کی جارحیت کو فوری طور پر روکا جانا چاہیے اسرائیلی اشتعال انگیزیوں کے پیش نظر امت کے اندر اتحاد بہت ضروری ہے،وزیراعظم نے دوحہ میں ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس بلانے کے فیصلے کو سراہا۔