کراچی: رقم کے لین دین کا تنازع، تیز دھار آلے کے وار سے ایک شخص جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 22nd, January 2025 GMT
شاہ لطیف کے علاقے میں رقم کے لین دین کے تنازعے پر تیز دھار آلے کے وار سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف کے علاقے مشین ٹول فیکٹری کے قریب تیز دھار آلے کے وار سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔مقتول کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی۔
پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 32 سالہ قائم دین ولد لونگ کے نام سے کی گئی۔ مقتول بھینس کالونی روڈ نمبر6 پر چارے کا کاروبار کرتا تھا دوبچوں کاباپ تھا جبکہ اس کا آبائی تعلق اندرون سندھ ہالا سے تھا ۔مقتول کو علاقے کے رہائشی دانش حمائتی نے مبینہ طور پر قتل کیا ہے۔
لواحقین کی جانب سے ملزم دانش حمائتی کو مقدمے میں نامزد کیا گی۔ملزم دانش دو روز قبل ہی جیل سے رہا ہو کر آیا تھا ، مقتول کا ملزم سے لین دین پرجھگڑا ہوا تھا، واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔پولیس ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی؛ غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزم گرفتار، 55 ہزار امریکی ڈالر برآمد
کراچی:وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) اسٹیٹ بینک سرکل کراچی نےکارروائی کے دوران گرفتار ملزم کے قبضے سے 55 ہزار امریکی ڈالر برآمد کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈی جی ایف آئی اے کی ہدایت پر حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل کراچی نے کارروائی غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزم کو گرفتار کیا، ملزم بلال سلیم کی گرفتاری کلفٹن سےعمل میں آئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزم حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسیچنج میں ملوث ہے، ملزم کے قبضے سے 55 ہزار امریکی ڈالر برآمد ہوئے اور گرفتار ملزم بغیر لائسنس کرنسی ایکسچینج کا کاروبار کر رہا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ موبائل فونز اور حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی ایکسچینج سے متعلق شواہد برآمد کر لیے گئے، ملزم برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکا۔
ترجمان نے کہا کہ اس حوالے سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے، ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔