پاکستان اور بنگلادیش کے فوجی وفد کے دوروں سے بھارت بوکھلاہٹ کا شکار
اشاعت کی تاریخ: 25th, January 2025 GMT
پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان اعلیٰ سطح کے فوجی وفد کے دوروں سے بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پاکستان کے اعلیٰ فوجی اور خفیہ ایجنسی کے حکام کے دورہ بنگلا دیش سے نئی دہلی الرٹ ہوگیا ہے اور اس نے کہا ہے کہ وہ حالیہ پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور جب قومی سلامتی کی بات آتی ہے تو وہ مناسب اقدامات کرے گا۔
بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا کہ ہم ملک اور خطے میں ہونے والی تمام پیش رفت کے ساتھ ساتھ قومی سلامتی سے متعلق تمام سرگرمیوں پر نظر رکھتے ہیں اور حکومت مناسب اقدامات کرے گی۔"
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ یہ ریمارکس ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب کہ پاکستان کی خفیہ ایجنسی کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے جمعہ کو بنگلا دیش کا اپنا 3 روزہ دورہ مکمل کیا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ یہ دورہ بنگلا دیش کے اعلیٰ فوجی حکام کے حالیہ دورہ پاکستان کے بعد کیا گیا ہے جہاں بنگلا دیش کے وفد نے پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے سربراہوں سے ملاقات کی تھی۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کی معزولی کے بعد محمد یونس کی قیادت میں بنگلا دیش پاکستان کے قریب ہو گیا ہے جس سے بھارت میں تشویش پائی جاتی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس اگست میں طلبا تحریک کے نتیجے میں شیخ حسینہ واجد کا 15 سالہ دورِ حکومت کا سورج ہمیشہ کے لیے ڈوب گیا تھا۔
شیخ حسینہ واجد اپنی جان بچا کر بھارت فرار ہوگئی تھیں اور تاحال وہیں مقیم ہیں جب کہ بنگلادیش میں ان کے خلاف کرپشن اور قتل کے متعدد مقدمات چل رہے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی بنگلہ دیش کی مسلح افواج ڈویژن کے پرنسپل اسٹاف افسر سے ملاقات ہوئی تھی جس کے دوران خطے میں سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ مطابق بنگلہ دیش کی مسلح افواج ڈویژن کے پرنسپل اسٹاف افسر لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمر الحسن پاکستان کے دورے پر ہیں اور انہوں نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ملاقات کے دوران خطے میں سیکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ فوجی تعاون بڑھانے کے لیے مزید راہیں تلاش کرنے پر وسیع تبادلہ خیال کیا گیا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پاکستان کے دیش کے
پڑھیں:
پی ایف یو جے کے وفد کا ایس این جے ہیڈکوارٹر پیرس کا دورہ
انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (آئی ایف جے) کی صدر ڈومینیکا پراڈولی اور سیکرٹری جنرل انتھونی بلاگر نے پاکستان میں صحافیوں کی ٹارگٹ کلنگ، پیکا ایکٹ کے تحت بنائے گئے مقدمات، میڈیا پر غیر اعلانیہ سنسرشپ، ورکنگ جرنلسٹس کو اسٹیٹ ایکٹرز اور نان اسٹیٹ ایکٹرز دونوں کی جانب سے ہراساں کرنے، جبکہ میڈیا مالکان کی طرف سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور جبری برطرفیوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:نوشہرہ میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے صحافی قتل
انہوں نے صدر پاکستان، وزیراعظم پاکستان اور چیف جسٹس آف پاکستان سے اس سنگین صورتِ حال پر فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے، بصورتِ دیگر اقوامِ متحدہ سے مداخلت کی اپیل کی جائے گی۔
اہم ملاقات اور مشترکہ اعلامیہ
سینڈیکیٹ نیشنل دی جرنلسٹس (ایس این جے) کے ہیڈکوارٹر واقع پیرس میں پاکستان کے صحافیوں کی نمائندہ تنظیم، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے وفد، جس میں سیکرٹری جنرل شکیل احمد، راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (آر آئی یوجے) کے صدر طارق عثمانی، اور یونین کی فارن کمیٹی کے سربراہ وسیم شہزاد قادری شامل تھے، نے آئی ایف جے کی صدر ڈومینیکا پراڈولی اور سیکرٹری جنرل انتھونی بلاگر سے تفصیلی ملاقات کی۔
اس موقع پر مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ آر آئی یوجے پاکستان کی موجودہ میڈیا صورتِ حال کو باقاعدہ مانیٹر کر رہی ہے اور صحافیوں کے خلاف ہونے والے غیر قانونی اقدامات کی سخت مذمت کرتی ہے۔
مطالبات اور تجاویز
آئی ایف جے نے پیکا ایکٹ کے تحت صحافیوں کے خلاف درج مقدمات واپس لینے، صحافیوں کے حقوق کے لیے مؤثر قانون سازی کرنے، ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں ملوث عناصر کو گرفتار کرنے، اور میڈیا پر غیر آئینی و غیر جمہوری سنسرشپ فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں:خضدار: یوم صحافت پر صحافی قتل، کیا مولانا صدیق مینگل کو کوئی تھریٹ تھا؟
تنظیم نے میڈیا اداروں کی جانب سے جبری برطرفیوں اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر بھی تشویش ظاہر کی اور وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ صحافیوں کے معاشی قتلِ عام کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
بین الاقوامی سطح پر آواز اٹھانے کا عزم
آئی ایف جے نے اس امر کی یقین دہانی کرائی کہ وہ پی ایف یو جے کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی اور پاکستان میں صحافیوں کے حقوق و روزگار کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر آواز اٹھائے گی۔ یہ معاملہ تنظیم کی آئندہ کانگریس کے اجلاس میں ایجنڈے کا حصہ بنایا جائے گا۔
قتل کی دھمکیاں اور تحفظ کا مطالبہ
آئی ایف جے کی صدر اور سیکرٹری جنرل نے پی ایف یو جے کے صدر رانا محمد عظیم کو طالبان کی جانب سے دی جانے والی قتل کی دھمکیوں پر سخت ردِعمل ظاہر کیا اور وزیراعظم پاکستان و اعلیٰ تحقیقاتی اداروں سے مکمل چھان بین کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں ملوث دہشتگردوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور سخت سزا دی جائے۔
یادگار کا دورہ اور عشائیہ
بعدازاں پی ایف یو جے کے وفد نے صحافیوں کی یادگار کا دورہ کیا، جس کے بعد آئی ایف جے کی صدر ڈومینیکا پراڈولی نے شکیل احمد، طارق عثمانی اور وسیم شہزاد قادری کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ دیا۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں