سنوکر چیمپیئن محمد آصف کو 25 لاکھ انعام، دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا: وزیراعظم
اشاعت کی تاریخ: 26th, January 2025 GMT
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے +نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے دنیائے سنوکر میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے کیوئسٹ محمد آصف کو 25 لاکھ روپے انعام دے دیا۔ وزیراعظم ہاؤس سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے سنوکر چیمپئن محمد آصف نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے محمد آصف کو حال ہی میں سری لنکا میں منعقدہ سارک سنوکر چیمپئن شپ جیتنے پر مبارکباد پیش کی۔ وزیرِ اعظم نے محمد آصف کو 25 لاکھ روپے کا انعامی چیک بھی پیش کیا اور کہا کہ پاکستانی نوجوان کھلاڑی اپنی صلاحیتوں سے پوری دنیا میں ملک و قوم کا نام روشن کر رہے ہیں۔ آپ نے سنوکر کی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا، پوری قوم کو آپ پر فخر ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ تین بار ورلڈ ایمیچئیور سنوکر چیمپیئن شپ اور تین مرتبہ سارک سنوکر چیمپیئن شپ جیت کر آپ نے دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ پاکستان کا نام روشن کیا، حکومت، پاکستانی کھلاڑیوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔ محمد آصف نے وزیرِ اعظم کی جانب سے قومی سطح پر پزیرائی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حکومتی سر پرستی کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور میرے لئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ وزیرِ اعظم نے میری پزیرائی کی۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: پاکستان کا نام روشن
پڑھیں:
2025 میں ریکارڈ 59 لاکھ ٹیکس گوشوارے جمع ،وزیراعظم کی ایف بی آر حکام کی ستائش
اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر)وزیراعظم شہباز شریف نے مالی سال 2025 میں ریکارڈ 59 لاکھ ٹیکس گوشوارے جمع ہونے پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) حکام کی پزیرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ 9 لاکھ نئے ٹیکس فائلرز کا ٹیکس نیٹ میں شامل ہونا، عوام کا حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کی جانب سے ذمہ داری کا ثبوت دینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم اور ٹیکس نظام کی اصلاحات سے مثبت نتائج وصول ہو رہے ہیں، ایف بی آر میں میرٹ کی بالادستی کو اولین ترجیح دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قابل اور محنتی افسران کی حوصلہ افزائی اور ناقص کارکردگی کی حوصلہ شکنی کے نظام سے ایف بی آر میں پرفارمنس کلچر متعارف کرایاگیا۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ڈیجیٹائزیشن کی نگرانی بذات خود اور ہفتہ وار اجلاس کی صدارت کی، وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکس گوشواروں کو آسان اور سہل بنایا گیا، ساتھ ہی بندرگاہوں پر خود کار کلیئرنس کےنظام سے کرپشن کے خاتمے اور پرفارمنس کی بہتری کو یقینی بنایا گیا، جبکہ غیررسمی معیشت کے خاتمے کے لیے پوائنٹ آف سیل کی تعداد میں اضافے سے سیلز ٹیکس چوری کو روکاگیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ٹیکس آمدن میں گزشتہ برس کی نسبت 9 ارب کا اضافہ حکومت کی ایف بی آر اصلاحات کا منہ بولتا ثبوت ہے، ایف بی آر کے نظام کی مزید اصلاحات کا سلسلہ تسلسل سے جاری ہے، کرپشن اور غیر رسمی معیشت کے مکمل خاتمے کے لیے دن رات مصروف عمل ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے بتایا تھا کہ ٹیکس سال 2025 کے لیے انکم ٹیکس ریٹرنز جمع کرانے میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے، 31 اکتوبر 2025 تک کل 59 لاکھ ٹیکس ریٹرنز جمع کرائے جا چکے، جو گزشتہ سال اسی مدت کے دوران جمع کرائے گئے 50 لاکھ ریٹرنز کے مقابلے میں 17.6 فیصد اضافہ ظاہر کرتے ہیں۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ ان میں سے 36 لاکھ ٹیکس دہندگان نے اپنے ریٹرنز کے ساتھ ٹیکس کی ادائیگی بھی کی، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 18.6 فیصد اضافہ ہے، مزید یہ کہ انفرادی ٹیکس دہندگان کی جانب سے گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریبا 9 ارب روپے زیادہ ٹیکس ادا کیا گیا جو 60 ارب روپے سے بڑھ کر 69 ارب روپے ہو گیا جو کہ 15 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔