Express News:
2025-09-19@04:50:20 GMT

کراچی کے مسائل

اشاعت کی تاریخ: 7th, February 2025 GMT

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کے تاجروں کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ کراچی کے تاجروں سے بھتہ خوری کا خاتمہ ہوگیا ہے۔ کراچی کے تاجروں کو وزیر اعلیٰ اور وزیروں سے شکایت ہے تو وہ مجھ سے کریں، کسی اور سے بات نہ کریں۔

کراچی کے تاجروں سے بھتہ خوری کا خاتمہ ہوگیا ہے جس کا کریڈٹ سندھ حکومت اور وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کا ہے، آج کراچی کے تاجروں سے بھتہ لیا جاتا ہے نہ انھیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں مگر کئی مسائل اب بھی حل طلب ہیں کوشش کریں گے کہ تاجروں کے مسائل حل کریں۔ سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے جس سے کوئی شکایت ہے تو مجھ سے کریں کہیں اور چغلی لگانے کی ضرورت نہیں ہے۔

کراچی میں جو امن ہے تاجر سکون سے کاروبار کر رہے ہیں تو اس میں چھوٹا سا کردار پیپلز پارٹی کا بھی ہے میرا سیدھا سا مدعا ہے کہ میرے بارے میں بھی کوئی شکایت ہے تو سیدھی طرح بتائیں میں کیوں چاہوں گا کہ میرے یا حکومت کے نام پر تاجروں کو تنگ کیا جائے۔ آپ کھل کر بتائیں کہ فلاں افسر یا شخص نے آپ سے یہ مطالبہ کیا ہے۔

 بلاول بھٹو شاید اس موقع پر یہ کہنا بھول گئے کہ کراچی میرا بھی شہر ہے یہاں میں پیدا ہوا، میری والدہ بے نظیر بھٹو بھی کراچی ہی میں پیدا ہوئی تھیں۔ بلاول بھٹو خود بھی فرزند کراچی ہیں اور جو شخص کسی بھی شہر میں پیدا ہوتا ہے اسے قدرتی طور پر اپنی جائے پیدائش کے شہر سے محبت ہوتی ہے جسے وہ کبھی فراموش نہیں کرتا۔ شیخ رشید خود کو راولپنڈی کا فرزند کہتے ہیں جہاں وہ پیدا ہونے کے باعث راولپنڈی کی مکمل معلومات رکھتے ہیں وہ وہاں عام لوگوں میں بیٹھتے ہیں، سب سے ملتے ہیں اور انھوں نے اقتدار میں رہتے ہوئے اپنے شہر کے لیے متعدد ترقیاتی منصوبے بھی دیے اور وہیں سے منتخب بھی ہوتے رہے اور راولپنڈی ہی ان کی پہچان ہے۔

 جہاں کے دو حلقوں سے بیک وقت جیتے تھے ، کئی بار وہ اپنے شہر سے ہارے بھی مگر وہ اپنے شہر کی پہچان ہیں۔کراچی سے بلاول بھٹو کا دہرا تعلق ہے جہاں ان کی والدہ بھی پیدا ہوئی تھیں مگر وہ ملک کی سیاست کرتے ہیں ملک گیر مقبولیت رکھنے والی پیپلز پارٹی کے چیئرمین ہیں، اپنی والدہ کی جلاوطنی میں انھوں نے شعور ملک سے باہر سنبھالا۔ انھوں نے گزشتہ الیکشن کراچی سے لڑا تھا، جس کے بعد وہ اپنی والدہ کے حلقے ضلع لاڑکانہ سے الیکشن میں کامیاب ہوتے آئے ہیں۔

بلاول بھٹو اگرچہ کراچی سے منتخب نہیں ہوئے اور انھیں کراچی ہی نہیں ملک کی سیاست کرنی ہے مگر ان پرکراچی کا زیادہ حق ہے اور انھوں نے 8 فروری کے الیکشن میں کراچی میں جو انتخابی مہم چلائی تھی اس کے نتیجے میں کراچی میں پی پی کا ووٹ بڑھا اور کراچی سے پیپلز پارٹی کو پہلے سے زیادہ نشستیں ملیں۔

بلاول بھٹو کے والد آصف علی زرداری کے کراچی میں کاروبار اور ان کا یہاں بڑا اثر و رسوخ ہے جو لیاری سے جیت بھی چکے ہیں۔ اپنے پیدائشی شہر کی وجہ سے انھیں بھی شریف فیملی کی طرح کراچی سے اتنی محبت ضرور ہے جو شریف فیملی کو اپنے آبائی شہر لاہور سے ہے اور دونوں بھائیوں نے لاہور سے تعلق کا حق ادا کیا ہے اور اب مریم نواز اپنے آبائی شہر کو اپنے بڑوں کی طرح اہمیت دے رہی ہیں۔ یہ بھی درست ہے کہ ماضی میں پی پی اور (ن) لیگ نے کراچی کو وہ اہمیت نہیں دی جو کراچی کا حق تھا۔ کراچی وہ نہیں جو ہونا چاہیے۔

ملک کے سینئر اینکروں کے نزدیک بلاول بھٹو ملک کے اہم و منفرد سیاستدان اور ملک کا مستقبل ہیں جن پر کوئی الزام نہیں اور انھوں نے ملکی سیاست میں خود کو منوایا ہے اور وہ ملک میں پیپلز پارٹی کی سابقہ ساکھ بحال کرانے کے لیے کوشاں ہیں۔ سندھ میں 16 سال سے پیپلز پارٹی کی حکومت ہے اور ایک سینئر اینکر کے مطابق وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ جیسا تعلیم یافتہ تجربہ کار وزیر اعلیٰ کوئی نہیں مگر وہ کھل کر کام نہیں کر پا رہے جو بلاول بھٹو کا بھرپور اعتماد بھی رکھتے ہیں مگر سندھ میں ایک سسٹم ان کی حکومت پر انگلیاں اٹھواتا ہے جو زمینوں پر قبضوں میں مبینہ طور پر ملوث ہے اور بلاول بھٹو نے تاجروں کی تقریب میں اعتراف بھی کیا ہے کہ زمینوں پر قبضوں کی شکایات بار بار آ رہی ہیں۔

بلاول بھٹو نے تاجروں کے سامنے کراچی کے پانی سمیت دیگر مسائل کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ہم کراچی کے حق کی بھی جنگ لڑتے ہیں۔ کراچی والوں کو بھی کراچی سے تعلق رکھنے والے پی پی کے نوجوان چیئرمین سے بہت توقعات ہیں مگر لگتا ہے کہ وہ کراچی کے دیگر حقائق سے لاعلم ہیں۔ بھتہ خوری کے حقائق شاید تاجروں نے انھیں بتائے ہوں مگر کراچی میں ڈکیتیوں اور ڈکیتی مزاحمت پر قتل کا جو سلسلہ گزشتہ سال جاری تھا نئے سال جنوری میں بھی جاری ہے۔

لٹنے والے ہزاروں افراد پولیس کے پاس رپورٹ نہیں کراتے، کراچی کے شہری کیا اب خواتین بھی اپنے گھروں کے باہر بھی محفوظ نہیں۔ کراچی کی قبضہ مافیا، فراہمی آب کی ٹینکر مافیا، پولیس گردی تو اپنی جگہ اہم ہے ہی مگر شہری علاقوں کے مسائل اور تباہ حال راستوں کا بلاول بھٹو تو کیا سندھ حکومت کو بھی پتا نہیں اس لیے شہری مسائل سنگین ہو چکے ہیں امن و امان کی صورت حال بہتر ہونے میں نہیں آ رہی اور کھلے عام شہریوں کو لوٹنے والوں نے شہریوں کا جینا اجیرن کر رکھا ہے۔

.

ذریعہ: Express News

کلیدی لفظ: کراچی کے تاجروں پیپلز پارٹی بلاول بھٹو وزیر اعلی کراچی میں انھوں نے کراچی سے ہیں مگر ہیں اور ہے اور میں پی اور ان

پڑھیں:

وقف ترمیمی قانون پر عبوری ریلیف بنیادی مسائل کا حل نہیں ہے، علماء

متحدہ مجلس علماء نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ وقف محض جائیداد کا معاملہ نہیں بلکہ ایک دینی امانت اور اللہ کی راہ میں خدمت خلق کا ذریعہ ہے۔ اسلام ٹائمز۔ غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں مختلف سیاسی، سماجی اور مذہبی تنظیموں کے مشترکہ پلیٹ فارم متحدہ مجلس علماء نے بھارتی سپریم کورٹ کی طرف سے وقف ترمیمی قانون پر عبوری حکم کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ بعض دفعات کو معطل کیا گیا ہے تاہم اس حوالے سے آئینی اور مذہبی خدشات جوں کے توں برقرار ہیں، جس نے ملت کو اضطراب اور بے چینی میں مبتلا کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق متحدہ مجلس علماء نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ وقف محض جائیداد کا معاملہ نہیں بلکہ ایک دینی امانت اور اللہ کی راہ میں خدمت خلق کا ذریعہ ہے، مسلمانوں کے ان مقدس اوقاف پر ان کا حق انتظام و اختیار کمزور کرنا یا ان کی تاریخی حیثیت کو زائل کرنا ملت کے لیے ناقابلِ قبول ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ آئین میں درج ان اصولوں کے منافی ہے جو ہر مذہبی گروہ کو اپنے دینی معاملات خود چلانے کا حق دیتے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ اگرچہ عدالت نے کچھ عبوری راحت فراہم کی ہے جو ایک مثبت قدم ہے لیکن یہ اقدامات ناکافی ہیں اور بنیادی خدشات کو دور نہ کرتے، قانون کی متعدد دفعات بدستور شدید تشویش کا باعث ہیں، زیر استعمال وقف املاک کے طویل عرصے سے مسلمہ اصول کا خاتمہ صدیوں پرانی مساجد، زیارت گاہوں، قبرستانوں اور دیگر اداروں کو خطرے میں ڈال دیتا ہے جو مسلسل عوامی استعمال کے سبب وقف تسلیم کیے جاتے رہے ہیں، چاہے ان کے پاس تحریری دستاویزات موجود نہ ہوں۔ وقف نامہ کی لازمی شرط تاریخی حقائق کو نظرانداز کرتی ہے جہاں اکثر دستاویزات یا تو ضائع ہو چکی ہیں یا کبھی بنی ہی نہیں تھیں اور اس کا نتیجہ یہ ہو گا کہ ان جائیدادوں کی مسلمہ حیثیت چھین لی جائے گی۔اسی طرح سروے کے اختیارات کو آزاد کمشنروں سے منتقل کر کے ضلع کلکٹروں کو دینا غیرجانبداری کو متاثر کرتا ہے اور ریاستی مداخلت کو بڑھاتا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ مجلس علماء سمجھتی ہے کہ یہ ترمیم دراصل اوقاف کو کمزور کرنے اور انہیں ہتھیانے کی دانستہ کوشش ہے جس کے نتیجے میں ناجائز قابضین کو قانونی جواز مل سکتا ہے اور اس سے حقیقی دینی و سماجی اداروں کو نقصان ہو گا۔ یہ اقدامات امتیازی ہیں کیونکہ کسی اور مذہبی برادری کے معاملات میں ایسی مداخلت نہیں کی جاتی۔مجلس علماء نے مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ جلد از جلد اس معاملے کی حتمی سماعت کرے اور مسلمانوں کے آئینی و مذہبی حقوق کا تحفظ یقینی بنائے کیونکہ موجودہ صورت میں یہ قانون تشویشناک ہے اور پرانے وقف ایکٹ کو بحال کیا جانا چاہیے، حکومت کو چاہیے کہ وہ وقف کی حرمت کو پامال کرنے کے بجائے ان مقدس اوقاف کے تحفظ، بقا اور ترقی کے لئے عملی اقدامات کرے تاکہ یہ آنے والی نسلوں کے دینی و سماجی مفاد میں کام کرتے رہیں۔

متعلقہ مضامین

  • جونا مارکیٹ و کھجور بازار میں سیوریج مسائل حل کیے جائیں گے
  • بلاول بھٹو زرداری کا اپنی سالگرہ سیلاب زدگان کے نام کرنے کا فیصلہ
  • وقف ترمیمی قانون پر عبوری ریلیف بنیادی مسائل کا حل نہیں ہے، علماء
  • مخالف اور دشمن عناصر پاک چین دوستی کو نقصان نہیں پہنچا سکتے: صدر مملکت
  • چین سے 3 معاہدے، صدر کی شرکت، بلاول سے کاروباری شخصیات کی ملاقاتیں
  • میئر کراچی کی گھن گرج!
  • شنگھائی: بلاول بھٹو زرداری سے چین کی سب سے بڑی تعمیراتی کمپنی کے وفد کی ملاقات
  • بلاول بھٹو سے چین کی سب سے بڑی تعمیراتی کمپنی سی ایس سی ای سی کے وفد کی ملاقات
  • چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے چائنا اسٹیٹ کنسٹرکشن انجینئرنگ کارپوریشن کے وفد کی ملاقات
  • شنگھائی: بلاول بھٹو سے چین کی سب سے بڑی تعمیراتی کمپنی سی ایس سی ای سی کے وفد کی ملاقات