کراچی ایئرپورٹ: ایف آئی اے نے جعلی دستاویزات پر دو مسافر آف لوڈ کر دیے
اشاعت کی تاریخ: 8th, February 2025 GMT
کراچی:
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ جناح ٹرمینل ایئرپورٹ پر جعلی دستاویزات پر امیگریشن عملے نےکارروائیاں کیں جس پر 2 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا گیا
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق آف لوڈ ہونے والے مسافروں کی شناخت عبداللہ خان اور انوسمانی کمبا کے نام سے ہوئی، پہلی کاروائی میں عبداللہ خان کو حراست میں لیا گیا جو فلائٹ نمبر PC 131 کے ذریعے شمالی قبرص جانے کی کوشش کر رہا تھا، امیگریشن کلئیرنس کے دوران مشکوک پایا گیا، مسافر کے پاسپورٹ پر قبرص کے لیے کوئی سفر کا ریکارڈ نہیں تھا۔
ابتدائی تفتیش میں ملزم نے بتایا کہ اس نے فہد حسین نامی ایجنٹ سے اپنے جعلی ویزے اور دستاویزات کا انتظام کیا تھا، مسافر نے ایجنٹ سے 1400 ڈالر اور 60 ہزار روپے کے عوض اپنے جعلی ویزے اور دیگر دستاویزات حاصل کیں، مسافر نے مزید انکشاف کیا کہ وہ تعلیم کے بجائے ملازمت کے مقصد کے لیے سفر کر رہا تھا۔
دوسری کارروائی میں گنی بیساؤ جانے والے انسمانی کمبا نامی مسافر حراست میں لے لیا گیا، امیگریشن کلئیرنس کے دوران مشتبہ معلوم ہونے پر مسافر کو سیکنڈ لائن آفس منتقل کیا گیا، مسافر کا پاسپورٹ مشتبہ طور پر جعلی تھا اور اس میں کئی اہم نقائص پائے گئے، ملزم کے پاسپورٹ پر سلیکس اسکرین فیچر غائب تھا اور ہولوگرام سمیت دیگر اہم خصوصیات نہیں تھیں جو اصلی پاسپورٹ میں موجود ہوتی ہیں۔
سکینڈ لائن فرانزک سسٹم کے تجزیہ میں پاسپورٹ کو جعلی قرار دیا گیا ملزمان کو حراست میں لے کر مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا، اس حوالے سےمزید تفتیش جاری ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
پاکستان، بنگلہ دیش کا سفارتی و سرکاری پاسپورٹ پر ویزا فری انٹری دینے کا فیصلہ
ڈھاکہ+اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ+اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان اور بنگلہ دیش نے سفارتی و سرکاری پاسپورٹس پر ویزا فری انٹری کی سہولت دینے کا اصولی فیصلہ کر لیا، دوطرفہ تعلقات بڑھانے کے لیے مشترکہ کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈھاکہ میں بنگلہ دیشی ہم منصب لیفٹیننٹ جنرل (ر) جہانگیر عالم چودھری سے ملاقات کی، ان کا وزارت داخلہ پہنچنے پر بنگلہ دیشی ہم منصب نے پرتپاک خیرمقدم کیا، گارڈ آف آنرز پیش کیا گیا۔پاکستان اور بنگلہ دیش کے وزراء داخلہ کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان بنگلہ دیش دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں وزرائے داخلہ نے انٹرنل سکیورٹی اور پولیس ٹریننگ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر پاکستان اور بنگلہ دیش میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کمیٹی تشکیل دے دی گئی، پاکستان کی طرف سے وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا کمیٹی کے سربراہ ہوں گے ، بنگلہ دیش کا اعلیٰ سطح کا وفد عنقریب سیف سٹی پراجیکٹ اور نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کرنے اسلام آباد آئے گا۔ملاقات کے دوران انسداد منشیات و انسداد انسانی سمگلنگ کے لیے اشتراک کار بڑھانے پر بات چیت کی گئی اور انسداد دہشت گردی کے لیے مشترکہ اقدامات کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، پولیس اکیڈمیوں میں ٹریننگ پروگرامز کے باہمی تبادلوں پر بھی گفتگو ہوئی۔ بنگلہ دیشی وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) جہانگیر عالم نے کہا کہ ڈھاکہ آمد پر اپنے بھائی کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں، آپ کا دورہ پاکستان بنگلہ دیش دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کیلئے انتہائی اہم ہے ۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) جہانگیر عالم نے پولیس ٹریننگ کی پیشکش پرپاکستانی ہم منصب محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔ بنگلہ دیش کے وزیر مملکت داخلہ خدا بخش، سیکرٹری داخلہ نسیم الغنی، ایڈیشنل سیکرٹری سکیورٹی ڈویژن شمیم خان جبکہ پاکستان ہائی کمیشن کے ناظم الامور محمد واصف، پولیٹیکل قونصلر کامران دونگل سمیت اعلیٰ حکام اس موقع پر موجود تھے ۔