قومی فٹبالر محمد ریاض گزر بسر کیلئے جلیبیاں بیچنے پر مجبور
اشاعت کی تاریخ: 10th, March 2025 GMT
پاکستان کے باصلاحیت فٹبالر محمد ریاض غربت اور حکومتی بے حسی کے باعث سڑک کنارے جلیبیاں بیچنے پر مجبور ہوگئے۔
ہنگو سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ محمد ریاض 2018 کے ایشین گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں لیکن آج وہی قومی ہیرو گزر بسر کے لیے گرم تیل میں جلیبیاں تلنے پر مجبور ہے۔
محمد ریاض کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں انہیں ہاتھ میں کفگیر تھامے جلیبیاں بناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ کبھی میدان میں اپنی مہارت کا مظاہرہ کرنے والا کھلاڑی آج روزی روٹی کے لیے سڑک کنارے بیٹھا ہے۔ اس ویڈیو نے نہ صرف کھیلوں کے حلقوں بلکہ پوری قوم کے دلوں کو دہلا کر رکھ دیا ہے۔
قومی ہیرو کی اس حالت پر شائقین نے شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے اپنے ردعمل میں کہا کہ اگر ریاض جیسے ٹیلنٹڈ فٹبالر کسی یورپی ملک میں ہوتے تو آج کروڑوں کما رہے ہوتے، مگر پاکستان میں وہ بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔
یہ صرف محمد ریاض کی کہانی نہیں، بلکہ پاکستان کے کئی دیگر قومی فٹبالرز اور ہاکی کھلاڑی بھی اسی کربناک صورتحال کا شکار ہیں۔ وہ کھلاڑی، جو کبھی ملک کا نام روشن کرنے کا خواب دیکھتے تھے، آج اپنے ہی ملک میں بے یار و مددگار ہو چکے ہیں۔
پاکستان کی فٹبال برادری اور شائقین اب امید بھری نظروں سے حکومت کی جانب دیکھ رہے ہیں کہ آیا وہ ان قومی ستاروں کی حالت زار پر کوئی قدم اٹھائے گی یا مزید ہیروز کو اسی طرح بے بسی کی تصویر بننے کے لیے چھوڑ دیا جائے گا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کاوا مینز والی بال چیمپئن شپ: قومی ٹیم نے دوسرے روز بنگلا دیش کو شکست دے دی
کاوا مینز والی بال چیمپئن شپ کے دوسرے روز بھی پاکستان کا جادو سر چڑھ کر بولا، قومی ٹیم نے بنگلادیش کو کسی بھی مرحلے پر سنبھلنے کا موقع نہ دیا اور مسلسل تین سیٹ جیت کر 0-3 سے شاندار فتح اپنے نام کر لی۔
پاکستان نے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے پہلا سیٹ 16-25 سے جیتا، دوسرے سیٹ میں بھی سبز ہلالی پرچم بلند رکھا اور 17-25 سے کامیابی سمیٹی۔
تیسرے سیٹ میں بنگلادیش نے بھرپور مزاحمت کی، مگر پاکستانی کھلاڑیوں نے اعتماد اور مہارت کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے 22-25 سے فتح حاصل کی اور میچ بغیر کوئی سیٹ گنوائے تین صفر سے اپنے نام کر لیا۔
قومی ٹیم کی یہ مسلسل دوسری فتح کاوا چیمپئن شپ میں پاکستان کے مضبوط عزائم کا واضح اعلان ہے جبکہ شاندار کارکردگی نے ٹائٹل کی دوڑ میں پاکستان کو مزید مضبوط امیدوار بنا دیا۔