جے یو آئی کا دو صوبائی حکومتوں سے مستعفی ہونے کا مطالبہ
اشاعت کی تاریخ: 11th, March 2025 GMT
پشاور:
جمعیت علمائے اسلام نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومتوں سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔
جمیعت علمائے اسلام کی صوبائی مجلس عاملہ کا اجلاس پشاور میں منعقد ہوا جس میں خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔
جے یو آئی نے علماء کرام، سیاسی و مذہبی رہنماؤں اور کارکنوں کی شہادتوں پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کو ڈاکوؤں، چوروں اور رہزنوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔
اجلاس میں عید کے بعد تین روزہ تربیتی کنونشن کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا، جس سے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن، وفاق المدارس کے سربراہ مفتی تقی عثمانی، دیگر جید علماء کرام، اسکالرز اور دانشور خطاب کریں گے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
پختونخوا میں موسم شدید گرم؛ بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان
پشاور:صوبائی دارالحکومت سمیت خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرمی برقرار رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج صبح پشاور میں درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ گزشتہ روز شہر کا درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔ بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں گرمی کی شدت اس سے بھی زیادہ رہی، جہاں درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ صوبے کے بیشتر میدانی اضلاع میں موسم خشک اور شدید گرم رہے گا، تاہم چترال، بالائی دیر، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور کوہستان کے کچھ مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان بھی موجود ہے۔
علاوہ ازیں گزشتہ روز پشاور میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جب کہ ہنگو، پاراچنار اور ملحقہ علاقوں میں ہلکی بوندا باندی ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو شدید گرمی کے پیش نظر محتاط رہنے، دھوپ سے بچاؤ کے اقدامات کرنے اور زیادہ سے زیادہ پانی استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ بالائی علاقوں میں بارش کے امکانات کے باعث وہاں کے رہائشیوں اور سیاحوں کو بھی محتاط رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔