WE News:
2025-04-25@03:15:43 GMT

نومولود کو دھاتی چمچ پسند نہیں!

اشاعت کی تاریخ: 15th, March 2025 GMT

پچھلی بار ہم نے ویکیوم ڈیلیوری کے حوالے سے بات کی تھی اور آج فورسیپس کی باری ہے۔ فورسییپس فولادی دھات سے بنے ہوئے چمچ نما اوزاروں کو کہا جاتا ہے جن کی مدد سے زچگی کے دوران بچے کے سر کو کھینچا جاتا ہے۔

چمچ کی شکل والے دونوں حصے وجائنا میں ڈال کر بچے کے کانوں کے گرد لگائے جاتے ہیں۔ وجائنا سے باہر موجود ہینڈل کو لاک کیا جاتا ہےاور پھر ہینڈل کو کھینچتے ہوئے بچے کے سر کو باہر نکالنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بچے کا سر بے ڈھب کیوں ہے؟

زچگی کے عمل میں دنیا کے کسی بھی اور شعبے کی طرح پیچیدگیاں ہونے کا احتمال ہر وقت رہتا ہے لیکن مسئلہ یہ ہے کہ دوسرے شعبوں کی پیچیدگی میں انسانی جان کی بجائے بے جان چیزوں کے نقصان کا احتمال ہوتا ہے جبکہ زچگی میں 2 انسانی جانوں کو ضرر پہنچنے کا اندیشہ ہوتا ہے۔

فورسیپس 17ویں صدی میں ایجاد ہوئے اور مقصد وہی کہ اگر بچہ پیدا نہ ہو رہا ہو اور بچے کو آکسیجن ٹھیک طرح نہ مل رہی ہو تب بچے کے سر کے دونوں طرف فورسیپس لگا کر اسے باہر نکالا جائے۔

فورسیپس سے ہماری آشنائی تب ہوئی جب ’آتش‘ کو گائنی کی اے بی سی بھی نہیں آتی تھی۔ لیکن ہنر سیکھنے سے پہلے ہی فورسییپس ہمارے جسم پر چل گئے اور پہلی زچگی میں ہی بیڑا غرق ہو گیا۔

زچگی کے بعد بچی کا سر اتنا عجیب دکھتا تھا کہ ہماری امی کا دل ہی بیٹھ گیا یہ سوچ کر کہ شاید بچی نارمل نہیں ہے۔ بعد میں عقدہ کشائی ہوئی کہ اسٹیل کے بنے ہوئے دھاتی چمچوں نے ماں بیٹی کو خوب مزہ چکھایا تھا۔

یہ بھی پڑھیے: میرا یہ حال کیوں ہوا؟ 

اسپیشلائزیشن کا دور شروع ہوا تو ہم نے فورسیپس، ویکیوم اور سیزیرین کے درمیان تنقیدی جائزہ لینا شروع کیا کہ کس کی کارکردگی بہتر ہے؟ آپس کی بات ہے کہ فورسیپس ہمارے نزدیک ناپسندیدہ ترین ٹھہرے اور ہم نے ہمیشہ ویکیوم اور سیزیرین کو فورسیپس پر ترجیح دی۔

ان دنوں کیوی ویکیوم نے جنم نہیں لیا تھا۔ اس لیے اگر سیزیرین کے دوران بچے کا سر باہر نکالنے میں مشکل ہوتی تو فورسیپس کے علاوہ اور کوئی چارہ نہ ہوتا۔ فورسیپس کو کانوں سے پھسل کر بچے کی ٹھوڑی پر کٹ لگاتے کئی بار دیکھا اور برتا بھی سو وہ مزید ناپسندیدہ ہو گئے۔

ہمارے حساب کتاب کے مطابق پیٹ کٹنے اور وجائنا کٹنے میں کوئی فرق نہیں۔ وجائنا کبھی بھی اصلی حالت میں واپس نہیں جاتی اور کئی بار تو اس قدر کٹ پھٹ جاتی ہے کہ نقصان کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔

مزید پڑھیں: زچگی کے عمل کا دوسرا فریق

بات ہو رہی تھی فورسیپس ڈیلیوری کی، کئی ممالک میں فورسیپس ڈلیوری کو محدود کر دیا گیا ہے اور سیزیرین کو اس کے مقابلے میں محفوظ قرار دیا گیا ہے۔

آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ دھاتی اوزار وجائنا جیسی تنگ جگہ میں داخل ہو کر جس میں پہلے سے بچے کا سر بھی موجود ہو، کیا قیامت ڈھا سکتے ہیں۔ اور کھینچنے کے عمل کے دوران وجائنا کے آس پاس پیشاب اور پاخانے والے اعضا کس حد تک متاثر ہو سکتے ہیں۔لیکن مشکل یہ ہے کہ لیبر روم میں زچہ بچہ کے ساتھ جو چاہے ہو، مگر پیٹ نہ کٹے تو زچہ کی بلے بلے ہو جاتی ہے چاہے بعد میں وہ ساری عمر تاوان بھرتی رہے۔

چلیے آپ کو اپنے اناڑی پن کے دور کا ایک قصہ بھی سنا دیتے ہیں تاکہ آپ کو علم ہو کہ ہر طرح کا کھیل کھیل کر ہم یہاں تک پہنچے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: اگر بچہ وجائنا سے باہر نہ نکل سکے تو؟

بڑے شہروں میں یہ پریکٹس عام ہے کہ چھوٹے چھوٹے نرسنگ ہومز کو جب ایمرجینسی میں مریض کا سیزیرین کروانا ہو تو وہ کسی ٹرینی ڈاکٹر یا نئے نئے اسپیشلسٹ بنے ڈاکٹر کو بلا لیتے ہیں، ان کے لیے یہ انتظام کم خرچ بالا نشین اور ڈاکٹر کے لیے نئی نئی اسپیشلائزیشن کی پریکٹس اور کچھ آمدنی بھی۔

مزید پڑھیں: بچہ پیدا کرنے کے لیے ویجائنا کٹوائیں یا پیٹ؟

لیجیے صاحب، دیکھا دیکھی ہمیں بھی شوق ہوا اس زمانے میں کہ 2،4 جگہ اپنا نام لکھوائیں اور جب نرسنگ ہوم والے زچ ہو جائیں تو اپنی فہرست میں لکھے اسپیشلسٹ ڈاکٹرز میں سے کسی ایک کو بلا لیں۔ مقصد وہی کہ 4 پیسے اضافی کما لیں، بچوں کے اسکولز کی فیس ہی نکل آئے گی۔ ایسے میں کبھی کبھار قرعہ ہمارے نام نکل آتا۔ سوچیے پنڈی کی سرد رات میں گرم گرم بستر سے نکل کر جب جانا پڑتا تو کیسا لگتا ہو گا؟ کیا کریں یہ ایسی جنگ ہے جو زنانیوں کو ہی کھیڈنی پڑتی ہے۔ ایسی ہی ایک تاریک رات میں نرسنگ ہوم سے بلاوا آیا۔ مرتے کیا نہ کرتے ٹھٹھرتے ٹھٹھرتے چلے گئے فوراً۔ سیزیرین مشکل تھا، فربہ اندام مریضہ، پچھلے سیزیرین کی وجہ سے جسم کی سب تہیں آپس میں الجھی ہوئی، اب بچہ نکالنے کی کوشش کریں تو نکلے نہیں۔ ویکیوم تھا نہیں تھک کے فورسیپس لگا کر بچہ نکالا، اس کھینچا تانی میں ایک چمچ پھسل کر بچے کی ٹھوڑی پر چھوٹا سا زخم بنا گیا۔

ہم بتا چکے ہیں کہ زچگی میں کبھی بھی کوئی بھی گڑبڑ ہو سکتی ہے لیکن تجربہ کار ہاتھوں میں اس کا احتمال کم رہ جاتا ہے۔ جیسے ڈیزائنر درزی سے غلطی ہونے کا چانس نہ ہونے کے برابر اور اگر ہو تو شرمندگی اپنے آپ سے کہ کیا سیکھا ہنر۔ ایسے ہی ہمیں بھی ہوئی گو کہ تب ہاتھ میں ایسی ہنر کاری نہیں اتری تھی جو برسہا برس کے تجربے سے بعد میں عطا ہوئی۔ لیکن اس چھوٹی سی پیچیدگی کے بعد بھی ہم اتنے افسردہ ہوئے کہ آپریشن فیس لینے سے ہی انکار کر دیا اور ساتھ ہی کانوں کو ہاتھ لگائے کہ تب تک پرائیویٹ پریکٹس کا نام نہیں لیں گے جب تک ۔ ۔ ۔ سمجھ جائیے نا اب اپنے منہ سے کیا کہیں!

مزید پڑھیے: چھلاوہ حمل!

اسی لیے ہم سب ڈاکٹرز کو نصیحت کرتے ہیں کہ انسانی جان کے ساتھ ہوئی غلطی کا بوجھ اٹھانا ممکن نہیں۔ اس میدان میں اس وقت تک مت اترنا جب تک سارے پیچ وخم سے واقف نہ ہوجاؤ۔

ادارے کا کالم نگار کی رائے کے ساتھ متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

ڈاکٹر طاہرہ کاظمی

اوزاروں سے ڈیلیوری فورسیپس فورسیپس ڈیلیوری فورسیپس زخم نومولود اور فورسیپس.

ذریعہ: WE News

کلیدی لفظ: اوزاروں سے ڈیلیوری فورسیپس فورسیپس زخم جاتا ہے زچگی کے کے لیے بچے کے

پڑھیں:

رشتہ ایک سرد مہری کا

وہ کڑیل جوان اچانک پسینے سے شرابور، دل کی دھڑکن قابو سے باہر، گھر میں کہرام، بھاگم بھاگ اسپتال پہنچے۔ دوا دی گئی، کوئی اثر نہیں ہوا، دوسری دوا دی گئی۔ دھڑکن کچھ تھمی اور رگوں پر خون کا پریشر کچھ کم ہوا۔ لیکن یہ کیا، تھوڑی دیر بعد الٹیاں شروع ہوگئیں، تازہ تازہ خون سنبھالے نہیں سنبھلتا۔ اور دواؤں کے پے در پے ادوار شاید زندگی پر چلنے والے کلہاڑے کے وار ثابت ہوئے۔

وہ کل جو اس وقت زندگی کے شور میں ہنس اور دوسروں کو ہنسا رہا تھا، آج سرد پڑا ہے۔ آنکھیں ٹنگی ہیں، ہر طرف خاموشی ہے۔ اس کا مردہ جسم شفا خانے میں رسمی کاروائی کا منتظر ہے۔ انسانی مشاہدات تو درکنار، ڈاکٹر یا نرس کے کہنے پر بھی اسپتال کے کاغذات اس بے جان جسم کو مردہ نہیں کہتے۔ دل کی بند دھڑکنوں کو مشینوں پر چیک کرکے روح کے نکل جانے کا اعلان باقی ہے۔ اس چیکنگ کی فیس اور لاکھوں کے تاوان ادا کرکے احساس کے قید خانے میں ضبط کی ہوئی لاش لے جائی جاسکتی ہے۔

کیا ہوا، کیوں ہوا، کیسے ہوا؟ کیا اس جوان کو بچایا جاسکتا تھا؟ معلومات اور خیالات کی زنجیر میں کیا کیا خلا ہیں۔ علم سے دانشمندی کی کشید میں کہاں کہاں آلودگی ہے، کہاں کہاں ملاوٹ ہے۔ اس سفر میں کہاں کہاں سیاہ دھبے ہیں، راستوں میں کہاں کہاں پر گھپ اندھیرا ہے۔ کہاں کہاں خندقیں بنائی گئی ہیں، کہاں کہاں گڑھے ہیں۔ کہیں ایسا تو نہیں کہ پہلی دوا نے اثر نہیں کیا، کہیں دوا نے مہلک اثر تو نہیں کیا۔ راقم عہد وفا میں خاموش ہے۔

امریکا دنیا کا طاقتور ملک، سائنس کے افق پر حکومت کرنے والا ملک، جہاں سر توڑ کوشش کے باوجود سال 2024 میں 900 سے کم جنیرک ادویات استعمال کےلیے منظور ہوئیں۔ وہاں ادویات کے لیبل پر لکھے گئے وعدوں کی نگہبانی حکومت کے ادارے کرتے ہیں۔ دواؤں سے منسلک دعووں کو پرکھنے کےلیے ہزاروں پیشہ ور افراد مامور ہوتے ہیں۔ میں سوچتا ہوں کہ 2024 میں کسی آزاد وطن میں 15000 سے زائد جنیرک ادویات رجسٹرڈ کی گئیں۔ ان میں سے ایک بھی ترقی یافتہ ملک میں منظور نہیں ہوئیں۔ نہ ہی کسی نے منظوری کی درخواست جمع کرانے کی ہمت کی اور نہ ہی کسی دنیا کے ضامنوں نے اس قابل سمجھا کہ ان تک پہنچے۔

ترتیب پانے والی غیبی آواز سے بے اعتنائی کا حوصلہ نہیں۔ اس دشت کی سیاحی میں زندگی گزر گئی، اپنے مسقبل سے بے نیاز ہمارے خیالات میں جارحانہ پن حاوی رہا اور انصاف کی پیروی میں لوٹ مار کے خلاف ہمارے خواب صف آرا ہی رہے۔ ہر طرف خاموشی ہے، سناٹا ہے، گم صم ہیں۔ میسنے اور گھنے کا ہجوم ہے۔ سچ کہنے پر دشمنی پر اتر آتے ہیں، کردار کشی کرنے کےلیے محاذ بناتے ہیں۔ مجرے کراتے ہیں، پیسے لٹاتے ہیں، کوئی نہیں کہتا کہ ادویات اگر ناقص ہوں تو کسی کی روح ایسے نکلتی ہے جیسے سڑک پر آوارہ کتے کی لاش تڑپ رہی ہو اور گاڑیوں میں موسیقی کی دھن اور اپنی دھن میں مست رواں دواں۔ دواؤں کی اور جنیرک دواؤں کی بھرمار، مگر جان کی قیمت کون پوچھے؟

 

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کردیجیے۔

متعلقہ مضامین

  • ملک کی حفاظت کے لیے ہم سب سینہ سپر ہیں، علی محمد خان
  • اولاد کی تعلیم و تربیت
  • کراچی کی مشہور لسّی جو پنجاب سے آئے مہمان بھی پسند کرتے ہیں
  • وہ ڈاکٹر اور یہ ڈاکٹر
  • کوچۂ سخن
  • رشتہ ایک سرد مہری کا
  • کوہ قاف میں چند روز
  • غزہ کے بچوں کے نام
  • تین سنہرے اصول
  • غزہ جنگ کے خلاف احتجاج پر امریکہ میں قید خلیل، نومولود بیٹے کو نہ دیکھ سکے