رکن سندھ اسمبلی جام مہتاب کی گاڑی پر فائرنگ، ایک سکیورٹی گارڈ جاں بحق اور 3 زخمی
اشاعت کی تاریخ: 16th, March 2025 GMT
گھوٹکی کی تحصیل ڈہرکی میں رکن سندھ اسمبلی جام مہتاب حسین ڈہر کی گاڑی پر فائرنگ سے ایک سکیورٹی گارڈ جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے، حملے میں جام مہتاب حسین ڈہر محفوظ رہے۔ڈی ایس پی گھوٹکی کے مطابق رکن صوبائی اسمبلی جام مہتاب نے اطلاع دی کہ کھینجو کے علاقے میں ان کی گاڑیوں پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی ہے اور فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔ڈی ایس پی کے مطابق فائرنگ کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری کو طلب کیا گیا، فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے۔ حملے میں جام مہتاب کا ایک گارڈ جاں بحق اور 3زخمی ہوئے جب کہ جام مہتاب محفوظ رہے۔ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نےگھوٹکی میں ایم پی اے جام مہتاب کے قافلے پر فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ کو ہدایت کی ہےکہ حملہ آوروں کو فوری گرفتار کیا جائے۔ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعاکی ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
بلوچستان میں جوڑے کا بہیمانہ قتل، سندھ اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع
قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا ہے کہ بلوچستان کی صوبائی حکومت قاتلوں کو جلد سے جلد گرفتار کرے، غیرت کے نام پر اس طرح کے واقعات کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی خواتین اراکین نے سندھ اسمبلی میں بلوچستان میں جوڑے کے بہیمانے قتل کے خلاف مذمتی قرارداد جمع کرا دی۔ بلوچستان میں جوڑے کے بہیمانے قتل کے خلاف مذمتی قرارداد رکن صوبائی اسمبلی سعدیہ جاوید اور ہیر سوہو نے جمع کروائی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ وحشیانہ عمل آئین پاکستان کے خلاف ہے اور مذکورہ قرارداد میں قتل کے عمل کو غیر اسلامی اور غیر ثقافتی قرار دیا گیا ہے۔ اراکین صوبائی اسمبلی نے قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا ہے کہ بلوچستان کی صوبائی حکومت قاتلوں کو جلد سے جلد گرفتار کرے، غیرت کے نام پر اس طرح کے واقعات کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ سندھ اسمبلی کا ایوان بلوچستان میں ایک جوڑے کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتا ہے، وحشیانہ قتل اسلامی تعلیمات، بنیادی انسانی حقوق اور قانون کے خلاف ہے۔ صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ تمام ملوث افراد کو جلد سزا دی جائے۔