پنجاب میں امن و امان کی خراب صورتحال پر حکومتی و اپوزیشن ارکان یک زبان
اشاعت کی تاریخ: 18th, March 2025 GMT
پنجاب میں امن و امان کی خراب صورتحال پر حکومتی اور اپوزیشن ارکان یک زبان ہوگئے۔
صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان، اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر، چوہدری افتخار حسین، پیر اشرف رسول و دیگر نے اظہار خیال کیا۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ قصور میں نوجوان کو ڈیڑھ سو روپے ادھار واپس نہ دینے پر قتل کیا گیا، ایک نوجوان بیٹے نے کھانا نہ دینے پر ماں کو سر پر ڈنڈا مار کر قتل کردیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے میں عدم برداشت پر قابو پانے کےلیے صوبہ کو اسلحہ سے پاک کرنا ہوگا، جتنا اسلحہ پنجاب میں ہے شریف شہری ڈر کر رہتا ہے۔
چوہدر افتخار حسین نے کہاکہ کھڈیاں خاص میں نوجوان کے قاتل دندناتے پھر رہے ہیں پولیس ان کا تحفظ کررہی ہے۔
پیر اشرف رسول نے کہا کہ کیا ایم پی اے کی اتنی اہمیت ہی رہ گئی ہے کہ کوئی سپاہی بھی ان کی بات نہ مانے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پولیس والے تو اپیل بھی نہیں سنتے پولیس تو سیاسی پارٹی بن چکی ہے، پنجاب پولیس دو دھڑوں میں تقسیم ہو چکی ہے۔
اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر نے کینسر کے بڑھتے کیسز پر قرارداد پیش کی۔
قرارداد کے متن کے مطابق ملک بھر میں کینسر کے مریضوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، ہر 8 میں سے ایک خاتون بریسٹ کینسر کا شکار ہو رہی ہے۔
قرارداد میں مزید کہا گیا کہ پنجاب میں کینسر کےمریضوں کے لیے سرکاری سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ حکومت اتنی نالائق ہے کہ صحت کا بجٹ صرف 25 فیصد خرچ ہوا، اب یہ حکومت ایک ہزار ہیلتھ سینٹرز پرائیویٹائز کرنے جارہی ہے۔
قرارداد پر پارلیمانی سیکریٹری خالد رانجھا نے کہا کہ اس قرارداد کا جواب ابھی تک نہیں آیا۔
چیئرپرسن سمیع اللّٰہ نے کہا کہ آخری موقع ہے، اگر اگلی بار جواب نہ آیا تو قرارداد منظور کریں گے۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: نے کہا کہ
پڑھیں:
ضعیف کینسر مریضہ خاتون کو رشتہ دار سڑک کنارے چھوڑ کر فرار
بھارت میں ایک انسانیت سوز واقعہ سامنے آیا، جہاں رشتہ دار ایک ضعیف خاتون کو سڑک کنارے چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک عورت اور مرد نے معمر خاتون کو سڑک کنارے چھوڑا، پھر خاتون نے اس پر چادر ڈالی دوسری خاتون نے منہ سے چادر ہٹائی تو بوڑھی خاتون دہائیاں دینے لگی۔
بھارت کی ریاست اتر پردیش کے ضلع ایودیھا میں انسانیت کو شرما دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں رشتہ دار ایک معمر خاتون کو سڑک کنارے بے یار و مددگار حالت میں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک مرد اور عورت بزرگ خاتون کو سڑک کے کنارے لا کر چھوڑتے ہیں، بعد ازاں ایک خاتون اس پر چادر ڈالتی ہے جبکہ دوسری خاتون چادر ہٹا کر اسے روتا ہوا چھوڑ جاتی ہے۔
ضعیف خاتون کینسر کی مریضہ تھی اور چلنے پھرنے سے بھی قاصر تھی۔ بتایا جا رہا ہے کہ گزشتہ بدھ کی رات تقریباً دو بجے دو خواتین اور ایک مرد ای-رکشہ سے آئے اور ضعیف خاتون کو وہاں اتار کر چھوڑ دیا۔ ان میں سے ایک خاتون نے مڑ کر ضعیف خاتون کا چہرہ دیکھا، پھر کچھ کہے بغیر تینوں وہاں سے چل دیے۔
واقعے کی اطلاع جمعرات کی صبح تقریباً 10 بجے درشن نگر چوکی پولیس کو ملی، جس کے بعد ضعیف خاتون کو فوری طور پر میڈیکل کالج کے ٹراما سینٹر میں داخل کرایا گیا۔ جہاں وہ علاج کے دوران شام کو انتقال کر گئیں۔
پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی ہے، مگر اندھیرے اور فاصلے کی وجہ سے ای-رکشہ اور اس میں سوار افراد کی شناخت ابھی واضح نہیں ہو سکی ہے۔ پولیس ضعیف خاتون کے رشتہ داروں کی شناخت کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔
واقعے کے منظر نے ہر دیکھنے والے کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد عوامی حلقوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ یہ واقعہ نہ صرف خاندانی رشتوں کی بے حسی کا آئینہ دار ہے بلکہ معاشرے میں بڑھتے بے رحمانہ رویوں پر بھی سوالیہ نشان بن گیا ہے۔