امت مسلمہ کے حکمرانوں نے امریکہ کی غلامی قبول کی ہوئی ہے، منعم ظفر خان
اشاعت کی تاریخ: 23rd, March 2025 GMT
دعوت افطار سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق پاکستانی صحافیوں کا 10 رکنی وفد کو اسرائیل بھیجا گیا ہے، اس طرح کے کسی بھی اقدام پر حکومت پاکستان کو اپنا مؤقف پیش کرنا ہوگا، ہمارا اسرائیل سے کوئی تعلق نہیں ہے، حکومت فوری طور پر اپنا موقف عوام کے سامنے لائے۔ اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ امت مسلہ کے حکمرانوں نے امریکہ کی غلامی قبول کی ہوئی ہے، حکمرانوں کی ہاتھوں میں عصائے موسی ہونے کے باجود ان کی ٹانگیں کانپتی ہیں، 57 اسلامی ممالک لاکھوں کی افواج کے باوجود فلسطینی بچوں، ماؤں، بہنوں کی صدائیں بلند ہورہی ہیں، گزشتہ 5 دنوں سے صیہونیوں نے دہشت گردی کا بازار گرم کیا ہوا ہے، مسلمان کبھی بھی عددی قوت سے نہیں ڈرتے بلکہ ہمیشہ ایمان کے جذبے سے سرشار رہتے ہیں، عوام اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں، گلی گلی مہم چلائیں اور معاشی طور پر اسرائیل کو نقصان پہنچائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی علاقہ جمشید کے تحت فاطمہ جناح کالونی نیو ایم اے جناح روڈ نزد فاروقی مسجد میں دعوت افطارسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دعوت افطار سے ڈپٹی سکریٹری جماعت اسلامی کراچی راشد قریشی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر چیئرمین یوسی 5 عاطف شبیر، چئیرمن یوسی 4 کلیم الحق عثمانی و دیگر بھی موجود تھے۔
منعم ظفر نے کہا کہ جماعت اسلامی سیاسی سطح پر صدا بلند کرے گی اور اہل غزہ و فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی جاری رکھے گی، ایک جانب اسرائیل فلسطین پر ظلم کررہا ہے اور دوسری جانب اسرائیل سے تعلقات بڑھانے کی کوشش کی جارہی ہے، اطلاعات کے مطابق پاکستانی صحافیوں کا 10 رکنی وفد کو اسرائیل بھیجا گیا ہے، اس طرح کے کسی بھی اقدام پر حکومت پاکستان کو اپنا مؤقف پیش کرنا ہوگا، ہمارا اسرائیل سے کوئی تعلق نہیں ہے، حکومت فوری طور پر اپنا موقف عوام کے سامنے لائے، اسرائیل ایک ناجائز بچہ ہے جسے ہم کسی صورت قبول نہیں کریں گے، مہنگائی و بے روزگاری میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے لیکن حکمرانوں کی شاہ خرچیاں ختم نہیں ہورہی، حکمرانوں نے اپنی تنخواہوں میں 188 فیصد اضافہ کیا ہے، جماعت اسلامی کراچی کی ساڑھے تین کروڑ عوام کے ساتھ ہے، جماعت اسلامی عید کے فوری بعد 27 اپریل کو حقوق کراچی مہم کو از سر نو شروع کرے گی۔
منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ 15 ماہ تک اسرائیل بمباری کرتا رہا پھر جنگ بندی کی گئی، غزوہ بدر میں 313 صحابہ تھے جنہوں نے اپنے سے کئی گناہ بڑے لشکر سے مقابلہ کیا، اگر اللہ پر ایمان ہو اس کے راستے پر صبر و استقامت کا راستہ اختیار کیا جائے تو کوئی بھی طاقت شکست نہیں دے سکتی، غزوہ بدر معرکہ نہیں دو تہذیبوں اور نظریات کی جنگ تھی، ایک جانب کلمہ گو اور دوسری جانب بتوں کی پوجا کرتے تھے، 15 ماہ گزرنے کے باوجود جب فلسطینی ماؤں، بہنوں کے حوصلے پست نہیں ہوئے بلکہ وہ ایک ہی بات کرتے ہیں کہ ہمارے لیے اللہ کی نصرت ہی کافی ہے، ایمانی کیفیت نے ہی اسرائیل کو شکست فاش سے دوچار کردیا، اسرائیل نے پورے غزہ کو ملیا میٹ کردیا ہے لیکن اہل غزہ کی آزادی کے جذبہ ایمانی کو ختم نہیں کرسکا، اہل غزہ و فلسطینی مسلمانوں کے جذبہ سے ہی ایک دن بیت المقدس ضرور آزاد ہوگا۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: جماعت اسلامی کراچی
پڑھیں:
نااہل حکمرانوں نے کراچی کو کچرا کنڈی بنا دیا ہے، فہیم خان
میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ کراچی کو 3,360 ارب روپے ملنے تھے مگر پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی ملی بھگت سے شہر کو محروم کردیا گیا، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم ایک سکے کے دو رخ ہیں اور جعلی مینڈیٹ کے ذریعے اقتدار میں آنے والوں نے شہر کے ساتھ سنگین زیادتیاں کی ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کراچی کے سینیئر نائب صدر و سابق رکن قومی اسمبلی فہیم خان نے انصاف ہاؤس میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں کی کرپشن اور نااہلی نے کراچی کو کچرا کنڈی بنا دیا ہے، شہر کی ہر سڑک تباہ حالی کی منظر کشی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں کے بعد کراچی کی صورتحال انتہائی خراب ہوچکی ہے، سڑکیں جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جبکہ پانی کی لائنیں ٹوٹنے اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی کرپشن و نااہلی کی وجہ سے شہری بوند بوند پانی کو ترس رہے ہیں، چار روز سے یونیورسٹی روڈ، لیاقت آباد سمیت دیگر علاقوں میں پانی اور سیوریج کی لائنیں ٹوٹی پڑی ہیں لیکن انتظامیہ کہیں نظر نہیں آرہی۔
فہیم خان نے کہا کہ کراچی میں 12 سے 16 گھنٹے کی طویل لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جس نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنادی ہے، کے الیکٹرک کی نااہلی کی وجہ سے روشنیوں کا شہر رات بھر تاریکی میں ڈوبا رہتا ہے، کئی علاقوں میں کئی کئی گھنٹے بجلی غائب رہتی ہے، تاریں ٹوٹنے اور ٹرانسفارمر پھٹنے سے بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہوچکا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ فارم 47 کے حکمران عوام کی فکر سے عاری ہیں، پاکستان تحریک انصاف وہ سب سے بڑی جماعت ہے جس کے پاس کراچی کا مینڈیٹ موجود ہے، لیکن ایک سازش کے تحت پی ٹی آئی کے امیدواروں کو ہرایا گیا اور جعلی لوگوں کو اسمبلیوں میں بٹھایا گیا جس کے نتیجے میں کراچی کھنڈر بن چکا ہے۔