ممتاز سفارتکار اور سابق سیکرٹری خارجہ نجم الدین اے شیخ انتقال کرگئے
اشاعت کی تاریخ: 28th, March 2025 GMT
ممتاز سفارتکار اور سابق سیکرٹری خارجہ نجم الدین اے شیخ انتقال کرگئے WhatsAppFacebookTwitter 0 28 March, 2025 سب نیوز
اسلام آباد:پاکستان کے ممتاز سفارتکار اور سابق سیکرٹری خارجہ نجم الدین اے شیخ 85 سال کی عمر میں خالق حقیقی سے جا ملے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے اس حوالے سے تصدیق کی ہے۔
نجم الدین اے شیخ نے 1994 سے 1997 تک پاکستان کے سیکرٹری خارجہ کے طور پر خدمات انجام دیں۔ وہ جامعہ سندھ اور امریکہ کی ٹفٹس یونیورسٹی کے فلیچر اسکول آف لا اینڈ ڈپلومیسی کے فارغ التحصیل تھے۔
سابق سیکریٹری خارجہ نجم الدین اپنے چار دہائیوں پر مشتمل شاندار سفارتی کیریئر کے دوران جرمنی، کینیڈا، امریکا اور ایران میں بطور سفیر خدمات انجام دیں۔ وہ بین الاقوامی تعاون، علاقائی استحکام اور انسانی حقوق کے علمبردار تھے۔
نجم الدین انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد کے بورڈ آف گورنرز کے رکن رہے اور سندھ کونسل آف فارن ریلیشنز کے بانی اراکین میں شامل تھے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے مرحوم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’بطور سیکرٹری خارجہ انہوں نے قائدانہ بصیرت کا مظاہرہ کیا اور خارجہ پالیسی کو حکمت عملی کے ساتھ تشکیل دیا۔ ان کی خدمات کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر بے حد عزت حاصل تھی۔‘‘
وزارت خارجہ نے مرحوم کے اہل خانہ، دوستوں اور ساتھیوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان کے مطابق مرحوم کی خدمت اور قیادت کی میراث آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ بنی رہے گی۔
نجم الدین اے شیخ اپنی غیر معمولی سفارتی مہارت، دیانت داری اور پاکستان کے لیے بے لوث خدمات کے لیے ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔
.ذریعہ: Daily Sub News
کلیدی لفظ: نجم الدین اے شیخ خارجہ نجم الدین سیکرٹری خارجہ
پڑھیں:
پاکستان کی ترقی پر فخر ہے، برادر ملک کیساتھ ہمیشہ کھڑے رہیں گے، ترک قونصل جنرل
درموش باش توغ نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات مثالی ہیں اور مضبوط پاکستان کا مطلب مضبوط ترکیہ ہے۔ ہمیں پاکستان کی ترقی پر فخر ہے اور برادر ملک کیساتھ ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔ مستقبل کیلئے ٹیکنالوجی، سکیورٹی، تعلیم اور صنعت کے شعبہ میں تعاون کے مزید مواقع تلاش کر رہے ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی سے ترکیہ کے قونصل جنرل درموش باش توغ نے محکمہ داخلہ پنجاب میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور ترکیہ کے برادرانہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور مستقبل میں پارٹنرشپ کے مواقع کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے قونصل جنرل کو امن و امان کی صورتحال اور سکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیت بارے بتایا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ترکیہ کے قونصل جنرل درموش باش توغ نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات مثالی ہیں اور مضبوط پاکستان کا مطلب مضبوط ترکیہ ہے۔ ہمیں پاکستان کی ترقی پر فخر ہے اور برادر ملک کیساتھ ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔ مستقبل کیلئے ٹیکنالوجی، سکیورٹی، تعلیم اور صنعت کے شعبہ میں تعاون کے مزید مواقع تلاش کر رہے ہیں۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ ترکیہ کے ماڈل کے مطابق پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کو ہنر سکھا کر معاشرے کا مفید شہری بنا رہے ہیں۔ پنجاب بھر کے شہروں میں سیف سٹیز کا نظام اور ڈولفن فورس ترکیہ کے ماڈل کے مطابق ڈیزائن کیے۔ انہوں نے قونصل جنرل کو بتایا کہ سول ڈیفنس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے بم ڈسپوزل روبوٹ اور ائیرلفٹ ڈرونز فراہم کیے۔ اسی طرح جدید ٹیکنالوجی اور تربیت کی مدد سے پنجاب بھر کو محفوظ بنا رہے ہیں۔ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو ماڈرن آلات فراہم کیے اور تمام مجرمان کا ڈیٹا آن لائن کیا۔ وزیراعلی پنجاب کے وژن کے مطابق پریزن ریفارمز کو مزید مستحکم کرنے کیلئے جیل افسران کو ترکیہ کا تعلیمی دورہ کروائیں گے۔ ملاقات میں سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان، آئی جی پریزن میاں فاروق نذیر اور ایڈیشنل سیکرٹری جوڈیشل عمران رانجھا نے بھی شرکت کی۔