پنجاب میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کی منظوری، گزٹ نوٹیفیکیشن جاری۔
اشاعت کی تاریخ: 5th, April 2025 GMT
پنجاب حکومت نے پولیس میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کی منظوری دیتے ہوئے گزٹ نوٹیفیکیشن جاری کردیا۔ ہر ضلع میں ایک جبکہ لاہور میں سی سی ڈی کا ایک تھانہ بنایا جائے گا، 18 سنگین مقدمات کی تفتیش سی سی ڈی ڈیپارٹمنٹ کو منتقل ہو گی۔ پنجاب حکومت نے پولیس آرڈر 2002 میں تبدیلی کر کے آرڈیننس کے زریعے بنائے گئے نئے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کی منظوری دیدی۔ آرڈیننس کے تحت نئے پولیس یونٹ کا سربراہ ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی ہو گا۔ ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی ہی یونٹ میں افسران کے تبادلے کر سکے گا۔ ہر ضلع میں سی سی ڈی کا ایک جبکہ لاہور میں سی سی ڈی کے تین تھانے ہوں گے۔ آرڈینینس کے مطابق ڈکیتی، قتل، دوران ڈکیتی قتل، اغواء برائے تاوان، بھتہ خوری، بچوں کیساتھ زیادتی، خواتین کیساتھ اجتماعی زیادتی، چوری، گھروں میں ڈکیتی ، قبضہ مافیا سمیت 18 سنگین مقدمات کی تفتیش سی سی ڈی ڈیپارٹمنٹ کرے گا۔ ضلع میں درج کسی بھی اہم اور بڑے مقدمہ کی تفتیش بھی سی سی ڈی کو منتقل ہو گی۔ اہم کیسز کی تفتیش منتقلی کیلئے مقدمہ مدعی کی درخواست پر بورڈ کے افسران فیصلہ کریں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سی سی ڈی میں تعیناتی کیلئے جلد ہی ایس ایس پیز، ایس پیز اور ڈی ایس پیز کے تبادلوں کا نوٹیفکیشن ہو گا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
کراچی؛ ایف آئی اے نے پولیس حراست میں نوجوان کی ہلاکت کا مقدمہ درج کرلیا
کراچی:ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے عرفان نامی نوجوان کی پولیس حراست میں ہلاکت کا مقدمہ درج کرلیا۔
ایس آئی یو پولیس کی حراست میں نوجوان کی ہلاکت کے معاملے پراہلکاروں کے خلاف انٹی کرپشن سرکل میں مقدمہ درج کرلیاگیا، ایف آئی اے نے 6 اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا، درج ایف آئی آر کے متن کے مطابق مقدمہ ٹارچر اینڈ کسٹوڈیل ڈیتھ ایکٹ 2022 کے تحت درج کیا گیا۔
پولیس اہلکاروں نے دوران حراست متوفی پر تشدد کیا، تشدد کے باعث عرفان کی موت ہوئی ، پولیس اہلکاروں نے نوجوان کو غیر قانونی طور پر گرفتار کیا، نوجوان عرفان کی غیر قانونی گرفتاری سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔