رواں برس سرکاری سکیم کے تحت 90 ہزار پاکستانی حج کریں گے: سردار یوسف
اشاعت کی تاریخ: 7th, April 2025 GMT
اسلام آباد (خبر نگار) وفاقی وزیر مذہبی امور و ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ رواں سال سرکاری حج سکیم کے تحت 90 ہزار عازمین حجاز مقدس جائیں گے ، حج آپریشن کا آغاز 29 اپریل سے ہوگا، پہلی پرواز 29 اپریل کو لاہور سے روانہ ہوگی، عازمین حج کیلئے بہترین انتظامات کئے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں حاجی کیمپ میں حج تیاری 2025 ء کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ حج ٹریننگ کا پہلا مرحلہ رمضان سے قبل مکمل کر لیا گیا تھا جبکہ دوسرا مرحلہ8 مئی سے پنجاب یونیورسٹی میں منعقد کیا جا ئے گا۔ انہوں نے کہا کہ میرے دورہ کا مقصد لاہور میں حج انتظامات کا جا ئزہ لینا تھا کیونکہ عازمین حج کی ایک بڑی تعداد یہاں سے روانہ ہو گی۔ حاجی اللہ کے مہمان ہوتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ حج کے حوالے سے ایسے انتظامات کیے جائیں تاکہ اللہ کے مہمانوں کی خدمت میں کوئی کسر نہ رہ جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوشش ہے کہ آئندہ دو ماہ میں حجاج کے لیے فقیدالمثال انتظامات کئے جائیں اور اس حوالے سے میں نے سعودی عرب میں وزارت حج کے ذمہ داران سے میڈیکل، ٹرانسپورٹ اور رہائش سمیت دیگر امور پر تفصیلی بات چیت کی ہے۔ اس سلسلے میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو بھی بریفنگ دی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر کے پاکستانی عوام کو بہت بڑا ریلیف دیا۔ مہنگائی سنگل ڈیجیٹ پر آ گئی ہے، امید کی جا رہی ہے کہ آنے والے دنوں میں عوام کو مزید ریلیف ملے گا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: نے کہا
پڑھیں:
وزیراعظم شہباز شریف سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے
وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف سعودی عرب کے سرکاری دورے پر اسلام آباد سے ریاض پہنچ گئے ، وزیراعظم شہباز شریف ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب کا دورہ کر رہے ہیں۔
کنگ خالد ایئر پورٹ ریاض پہنچنے پروزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
کنگ خالد ایئرپورٹ پر ریاض کے نائب گورنر محمد عبدالرحمٰن بن عبدالعزیز نے وزیراعظم کا استقبال کیا، ریاض آمد پر وزیراعظم کو 21توپوں کی سلامی دی گئی۔
سعودی عرب کی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے وزیراعظم کو سلامی پیش کی۔
ایئر پورٹ پر سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی اور پاکستانی سفیر احمد فاروق اور اعلیٰ سفارتی حکام بھی موجود تھے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحٰق ڈار، وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ، وفاقی وزیر ماحولیات مصدق ملک اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہیں۔
دورے کے دوران وزیراعظم سعودی ولی عہد سے ملاقات کریں گے۔ اس موقع پر پاکستان سعودی عرب تعلقات کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا، دونوں رہنما باہمی دلچسپی کی علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔