کراچی میں بجلی کی 16 گھنٹے لوڈشیڈنگ پر ایم کیو ایم کا شدید ردعمل
اشاعت کی تاریخ: 7th, April 2025 GMT
ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی نے وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ کراچی کی معاشی شہ رگ پر ڈھائے جانے والے کے الیکٹرک کے مظالم کو بند کروانے میں فوری کردار ادا کریں۔ اراکین نے سوال اٹھایا کہ کیا روشنیوں کے شہر کو اندھیروں میں دھکیلنا کسی باقاعدہ منصوبہ بندی کا حصہ ہے۔ اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکینِ سندھ اسمبلی نے کراچی میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ جاری کردہ بیان میں اراکینِ صوبائی اسمبلی نے کہا کہ شہر کا بڑا حصہ 16 گھنٹوں سے زائد وقت تک بجلی سے محروم ہے، کے الیکٹرک نے ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرز پر شہر میں اجارہ داری قائم کر رکھی ہے جس کا مقصد صرف شہریوں کو لوٹنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعدد مرتبہ یقین دہانیاں کرانے کے باوجود کے الیکٹرک کی کارکردگی میں کوئی بہتری نہیں آئی، جس سے واضح ہوتا ہے کہ یہ ادارہ مکمل بے حسی اور ڈھٹائی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔
ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی نے وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ کراچی کی معاشی شہ رگ پر ڈھائے جانے والے کے الیکٹرک کے مظالم کو بند کروانے میں فوری کردار ادا کریں۔ اراکین نے سوال اٹھایا کہ کیا روشنیوں کے شہر کو اندھیروں میں دھکیلنا کسی باقاعدہ منصوبہ بندی کا حصہ ہے؟، کے الیکٹرک کے بعض ملازمین کی سرپرستی میں کنڈا مافیا پورے شہر میں سرگرم ہے جس کا بوجھ باقاعدگی سے بل ادا کرنے والے صارفین پر ڈالا جا رہا ہے۔ اراکین نے الزام عائد کیا کہ ترسیلی نظام پر قابض کے الیکٹرک شہریوں کو بنیادی سہولت دینے میں ناکام ہو چکی ہے اور مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کر رہی ہے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: کے الیکٹرک اسمبلی نے
پڑھیں:
ڈمپر ڈرائیوز کی سنگدلی، ریس لگاتے ہوئے ایک کار کو کچل دیا، کار سوار خاندان شدید زخمی
کراچی:گلشن معمار میں ڈمپرز کی ٹکر سے کار سوار خاندان کے زخمی ہونے کے واقعے کی وجوہات سامنے آگئی ہیں اور رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ دو ڈمپرز آپس میں لگا رہے تھے اور اسی اثنا میں دونوں ڈمپرز نے کار کو ٹکر ماری۔
کراچی پولیس حکام نے بتایا کہ دو روز قبل کراچی ٹول پلازہ سے نادرن بائی پاس پر دو ڈمپر ریس لگاتے ہوئے آئے اور گلشن معمار ایم ڈی کٹ کے قریب ریس لگاتے ڈمپروں نے کار سوار فیملی کو ٹکر مار دی۔
پولیس نے بتایا کہ فارم ہاؤس میں پکنک منانے کے بعد واپسی پر فیملی کی کار کو پہلے ایک ڈمپر نے ٹکر ماری اور پھر دوسرے ڈمپر نے گاڑی ٹکر ماری۔
گلشن معمار پولیس نے حادثے کے زخمی رانا جنید کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا، پولیس نے حادثے کے ذمہ دار دونوں ڈرائیوروں کو گرفتار کر کے ڈمپروں کو تحویل میں لے لیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ حادثے کے فوری بعد کار میں سوار زخمیوں کو موقع پر موجود لوگوں نے بمشکل گاڑی سے نکالا اور عباسی شہید اسپتال منتقل کیا۔
پولیس نے کہا کہ خوفناک حادثے میں بچے سمیت چار افراد زخمی ہوئے تھے اور اس خوف ناک حادثے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی تھی۔