میرپورخاص: غیرملکی فوڈ چین کو آگ لگانے اور پولیس پر حملے کا ماسٹر مائنڈ گرفتار، ملزمان کی تعداد 37 ہوگئی
اشاعت کی تاریخ: 14th, April 2025 GMT
میرپورخاص میں غیر ملکی فوڈ چین کو آگ لگانے اور پولیس پر حملے کا ماسٹر مائنڈ گرفتار کرلیا گیا، ملزم کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں گرفتار ملزمان کی تعداد 37 ہوگئی ہے۔
اس سے قبل میرپورخاص میں غیرملکی فوڈ چین کو آگ لگانے اور پولیس پر حملہ کرنے کے مقدمے میں گرفتار 36 ملزمان کو انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا گیا اور ملوث ملزمان کی شناخت کر لی گئی ہے۔
انسداد دہشتگردی عدالت نے 36 ملزمان میں سے 22 کو چار روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے جبکہ 14 ملزمان کو جیل بھیج دیا۔
ملزمان نے 8 اپریل کی رات غیر ملکی فوڈ چین پر پتھراؤ کیا اور آگ لگا دی تھی جبکہ موقع پر پہنچنے والی پولیس پر بھی حملہ کیا، پولیس نے 200 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔
پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی ویڈیو اور تصاویر کی مدد سے ملزمان کی شناخت کرکے مزید گرفتاریاں کی جائیں گی۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
کراچی: دو مختلف پولیس مقابلے، 2 زخمیوں سمیت 4 ڈاکو گرفتار
کراچی:شہر قائد میں پولیس نے دو مختلف مقامات پر کارروائی کرتے ہوئے مبینہ مقابلوں کے بعد 4 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا، جن میں دو زخمی حالت میں شامل ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، نقدی، موبائل فونز اور موٹرسائیکلیں برآمد کر لی گئیں۔
پہلا مقابلہ ڈاکس تھانے کی حدود میں ماری پور مچھر کالونی کے علاقے میں پیش آیا، جہاں پولیس اور مشتبہ ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
مقابلے کے دوران دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن میں سے ایک علی زخمی حالت میں سول اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ دوسرا ملزم ضیاءالرحمان کو تھانے منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک پستول، موبائل فون، نقد رقم اور ایک موٹرسائیکل برآمد کی گئی ہے۔
دوسرا مقابلہ گلبرگ پولیس نے کریم آباد اپوا کالج کے قریب کیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو ملزمان گرفتار کیے گئے۔
گرفتار ملزمان میں سے فیض عباسی کو زخمی حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ دوسرا ملزم سراج تھانے منتقل کیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق اس کارروائی کے دوران بھی پستول، متعدد موبائل فونز، نقد رقم اور ایک موٹرسائیکل قبضے میں لی گئی ہے۔ دونوں واقعات کی تفتیش جاری ہے اور پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے کریمنل ریکارڈ کی جانچ بھی کی جا رہی ہے۔