کراچی: خواجہ اجمیر نگری سے 3 انتہائی مطلوب بھتہ خور گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 1st, November 2025 GMT
کراچی:
اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ نے خواجہ اجمیر نگری سے تین انتہائی مطلوب بھتہ خوروں کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی ایس آئی یو و سی آئی اے امجد احمد شیخ کے مطابق ملزمان کا تعلق بھتہ خور بہادر پی ایم ٹی گروہ سے نکلا ہے۔ پولیس نے گرفتار ملزمان سے غیر قانونی اسلحہ اور گولیاں برآمد کی ہیں۔ ایس آئی یو نے خفیہ اطلاع پر خواجہ اجمیر نگری کے علاقے میں چھاپہ ماراتو بھتہ خور ملزمان نے پولیس کو دیکھ کر فائرنگ کردی۔ پولیس نے کامیاب حکمت عملی سے تینوں مسلح ملزمان کو گرفتار کیا جن کی شناخت اویس، شاہد اور ابوبکر کے ناموں سے ہوئی۔
ایس ایس پی امجد شیخ نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان سے اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ ان انکشافات کے مطابق ملزمان تاجروں کی ریکی کرنے کے ساتھ ساتھ انکے خاندان کی معلومات بھی حاصل کرتے تھے۔ ملزمان تاجروں کی تمام تر معلومات گروہ کے سرغنہ بہادر پی ایم ٹی کو دیتے تھے۔ گرفتار ملزمان تاجروں کو بھتے کے لفافے بھی پہنچاتے تھے۔ لفافے میں بھتے کی پرچیاں اور سنگین نتائج کی دھمکیاں تحریر ہوتی تھیں۔
امجد شیخ نے بتایا کہ ملزمان تاجروں کی رہائش گاہ اور دفاتر پر ہوائی فائرنگ میں بھی ملوث ہیں۔ گرفتار ملزمان کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی حاصل کرلیا گیا ہے۔ ملزمان پر بھتہ خوری، غیر قانونی اسلحے، پولیس پر فائرنگ کے متعدد مقدمات درج ہیں۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: گرفتار ملزمان ملزمان تاجروں
پڑھیں:
کراچی میں فائرنگ کے واقعات میں نوجوان جاں بحق، 2 زخمی
شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ شہرکے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں 2 نوعمر لڑکے زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ منصور نگر میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے عباسی شہید اسپتال منتقل کی۔
ایس ایچ او اقبال مارکیٹ پولیس نے کہا کہ مقتول کی شناخت 35 سالہ عادل کے نام سے کی گئی جسے نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کا نشانہ بنایا اور موقع سے فرار ہوگئے جبکہ پولیس کو جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کے 4 خول ملے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فوری طور پر واقعے کی وجوہات کا معلوم نہیں ہوسکا تاہم پولیس مقتول کے ورثا سے مزید معلومات حاصل کر رہی ہے اور قتل سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تفتیش کر رہی ہے۔
لانڈھی فیوچر کالونی عباس مارکیٹ کے قریب فائرنگ سے نوعمر لڑکا زخمی ہوگیا جسے ایدھی کے رضا کاروں نے جناح اسپتال منتقل کیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق مضروب کی شناخت 15 سالہ ارحم علی کے نام سے کی گئی جبکہ فوری طور پر فائرنگ کی وجہ کا تعین کیا جا رہا ہے۔
دریں اثنا چاکیواڑہ کے علاقے بہار کالونی گلی نمبر 3 فائرنگ سے نوعمر لڑکا زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے سول اسپتال لیجایا جہاں اس کی شناخت 15 سالہ نواز کے نام سے کی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے کا بتایا جا رہا ہے جس کی مزید چھان بین کی جا رہی ہے ۔