کراچی:

شہر   قائد میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے تین بچوں کا باپ آن لائن موٹرسائیکل رائیڈر جاں بحق ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق ناگن چورنگی کے قریب موٹرسائیکل سواروں کی اندھا دھند فائرنگ سے تین بچوں کا باپ آن لائن موٹرسائیکل رائیڈر جاں بحق ہوگیا  جب کہ پولیس واقعے کو نامعلوم ملزمان کی ٹارگٹ کلنگ بتا رہی ہے ، تاہم عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ واقعہ نامعلوم  ملزمان کے ہاتھوں مقتول کا موبائل فون چھینتے ہوئے پیش آیا ۔

واقعے  میں ایک راہگیر زخمی بھی ہوا۔ مقتول کی لاش اور زخمی کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 55 سالہ محمد اسماعیل ولد محمد عیسیٰ کے نام سے کی گئی ، جبکہ زخمی ہونے والے نوجوان نے اپنا نام 17 سالہ سہیل ولد عبدالرشید بتایا ۔

ایس ایچ او نیو کراچی کے مطابق 2 موٹرسائیکلوں  پر سوار 4 نامعلوم ملزمان نے نامعلوم وجوہات پر محمد اسماعیل کو ٹارگٹ کرتے ہوئے فائرنگ کی،  جس میں 2 گولیاں مقتول کے پیٹ میں لگیں اور وہ موقع پر جاں بحق ہوگیا جب کہ سہیل فائرنگ کی زد میں آیا اور اس کی ٹانگ پر گولی لگی۔

مقتول کے بیٹے حارث نے بتایا کہ وہ ناگن چورنگی پر فائزہ ایونیو فلیٹ نمبر B-18 کے رہائشی ہیں۔ مقتول کی 2 بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔ والد کی پہلے واٹر پمپ کے قریب مارکیٹ میں جوتوں کی دکان تھی، تاہم کاروبار میں نقصان ہونے پر دکان ختم کر دی تھی اور آج کل آن لائن موٹرسائیکل چلانے کا کام کرتے تھے ۔

حارث کے مطابق واقعے کی اطلاع نیو کراچی پولیس نے دی تھی اور بتایا تھا کہ نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے جا رہے تھے، جہاں اس کے والد آن لائن موٹرسائیکل چلانے والوں کے اسٹینڈ پر کھڑے سواری کا انتظار کر رہے تھے اور فائرنگ کی زد میں آگئے۔

دوسری جانب عینی شاہد ایک گدا گر اور ایک تسبیح فروش نے ایکسپریس کو بتایا کہ 2 موٹرسائیکلوں پر 4 ملزمان آئے اور موٹرسائیکل والے سے اس کا موبائل فون چھین لیا تھا ۔ موٹرسائیکل سوار نے ان سے اپنا موبائل فون واپس چھین لیا  اور اسی دوران دوسری موٹرسائیکل پر سوار ایک شخص نے فائرنگ کر دی ۔ ملزمان نے ٹوٹل 6 گولیاں چلائیں اور فرار ہوگئے ۔

عینی شاہدین کا مزید کہنا تھا کہ اس علاقے میں روزانہ تین چار لوگوں سے موبائل فون ، نقدی اور دیگر سامان چھین لیا جاتا ہے۔ پولیس کی موبائلیں بھی گزرتی ہیں، تاہم ملزمان بلا خوف لوٹ مار کر کے فرار ہو جاتے ہیں ۔

.

ذریعہ: Express News

کلیدی لفظ: لائن موٹرسائیکل موبائل فون کے مطابق

پڑھیں:

کراچی میں فائرنگ کے واقعات میں نوجوان جاں بحق، 2 زخمی

شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ شہرکے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں 2 نوعمر لڑکے زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ منصور نگر میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے عباسی شہید اسپتال منتقل کی۔

ایس ایچ او اقبال مارکیٹ پولیس نے کہا کہ مقتول کی شناخت 35 سالہ عادل کے نام سے کی گئی جسے نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کا نشانہ بنایا اور موقع سے فرار ہوگئے جبکہ پولیس کو جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کے 4 خول ملے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فوری طور پر واقعے کی وجوہات کا معلوم نہیں ہوسکا تاہم پولیس مقتول کے ورثا سے مزید معلومات حاصل کر رہی ہے اور قتل سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تفتیش کر رہی ہے۔

لانڈھی فیوچر کالونی عباس مارکیٹ کے قریب فائرنگ سے نوعمر لڑکا زخمی ہوگیا جسے ایدھی کے رضا کاروں نے جناح اسپتال منتقل کیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق مضروب کی شناخت 15 سالہ ارحم علی کے نام سے کی گئی جبکہ فوری طور پر فائرنگ کی وجہ کا تعین کیا جا رہا ہے۔

دریں اثنا چاکیواڑہ  کے علاقے بہار کالونی گلی نمبر 3 فائرنگ سے نوعمر لڑکا زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے سول اسپتال لیجایا جہاں اس کی شناخت 15 سالہ نواز کے نام سے کی گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے کا بتایا جا رہا ہے جس کی مزید چھان بین کی جا رہی ہے ۔

متعلقہ مضامین

  • کراچی؛ سپر ہائی وے پر نامعلوم شخص کئی گاڑیوں سے کچلا گیا، لاش سرد خانے منتقل
  • کراچی، کلفٹن بلاک ٹو میں واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق
  • پشاور: بی آر ٹی کے سیکورٹی گارڈ کو قتل کردیا گیا
  • کراچی میں فائرنگ کے واقعات میں نوجوان جاں بحق، 2 زخمی
  • کراچی کے ایک اور نوجوان کو کچے کے ڈاکوؤں نے اغوا کرلیا، 2 کروڑ روپے تاوان طلب
  • کراچی: نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق
  • کراچی: الیکٹرانک چالان میں غلطیاں سامنے آنے لگیں
  • کراچی؛ ٹریفک اہلکار کے روکنے کے باوجود ڈمپر نے موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی، شہری جاں بحق
  • لاہور: سی سی ڈی نے چار مبینہ پولیس مقابلوں میں چھ ملزمان کو ہلاک کر دیا