پشاور میں پولیس مقابلہ، انتہائی مطلوب 4 ڈاکو ہلاک، 3 کا تعلق افغانستان سے
اشاعت کی تاریخ: 1st, November 2025 GMT
پشاور کے علاقہ میراکچھوڑی مہرگل کلے میں پولیس مقابلہ ہوا ہے جس میں 4 ڈاکو ہلاک ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس پہنچی تو ملزمان نے فائرنگ کردی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے گینگ کے چاروں ڈاکو ہلاک ہوگئے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ہلاک ملزمان 2003 سے پولیس کی وردی میں وارداتیں کرتے تھے، ڈاکوؤں نے ڈاکٹر کے گھر سے کروڑوں روپے اور زیورات بھی لوٹے تھے۔
ایس ایس پی آپریشنز مسعود احمد بنگش نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے چاروں ڈاکوؤں کی شناخت ہوگئی ہے، ہلاک 3 ڈاکوؤں کا تعلق افغانستان سے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہلاک ڈاکو پشاور، راولپنڈی، نوشہرہ اور دیگر اضلاع کی پولیس کو انتہائی مطلوب تھے، ڈاکوؤں نے حالیہ دنوں میں دو بڑی وارداتیں کی تھیں۔
ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق ڈاکوؤں سے کلاشنکوف، رائفل، 2 پستول اور موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
ضم اضلاع کیلئے ٹیکس استثنیٰ بحال کریں: گورنر خیبر پی کے کا وزیراعظم کو خط
پشاور (بیورو رپورٹ) گورنر خیبرپی کے فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم پاکستان سے ضم قبائلی اضلاع کیلئے وفاقی ٹیکس استثنیٰ بحالی کی درخواست کردی۔ وزیراعظم کو بھیجے گئے خط میں گورنر نے مطالبہ کیا کہ ضم شدہ اضلاع اور پاٹا کے لیے وفاقی ٹیکس استثنیٰ میں توسیع کرتے ہوئے انضمام کے وقت قبائلی عوام سے کیے گئے وعدوں کی پاسداری کی جائے۔ ضم قبائلی اضلاع اور پاٹا میں انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور دیگر وفاقی محصولات کے نفاذ پر نظرثانی کی جائے۔ وفاقی ٹیکسوں کے خاتمے کے بغیر قبائلی عوام کو مکمل ٹیکس ریلیف فراہم نہیں کیا جا سکتا۔ صوبائی حکومت پہلے ہی ضم شدہ اضلاع اور پاٹا پر عائد تمام صوبائی ٹیکس ختم کر چکی ہے، تاہم وفاقی ٹیکس برقرار رہنے سے عوام کو مکمل ریلیف نہیں مل رہا۔ دریں اثناء گورنر فیصل کریم کنڈی سے پاکستان کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ (پی سی ایس آئی آر) پشاور کے ڈائریکٹر جنرل انجینئر سہیل امیر مروت نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ ادارے کی تحقیق و ترقی (ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ)، جاری پی ایس ڈی پی منصوبوں، ادارے کی تحقیقی صلاحیتوں اور استعداد سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔