ملک کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش اور آندھی، گرمی کا زور ٹوٹ گیا
اشاعت کی تاریخ: 2nd, May 2025 GMT
لاہور(نیوز ڈیسک)صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش اور شدید آندھی سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
لاہور میں شدید آندھی کے بعد موسلا دھار بارش کی وجہ سے لیسکو کے 560 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس سے شہر کے کئی علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔
آندھی کے باعث فلائٹ آپریشن بھی معطل
آندھی کے باعث لاہور ایئرپورٹ پر ایک گھنٹے کیلئے فضائی آپریشن بھی معطل رہا اور جدہ، مدینہ، دبئی، شارجہ، مسقط کی پروازیں تاخیر کا شکار ہو گئیں۔
مختلف شہروں میں حادث
ادھر اسلام آباد میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش نے رنگ جما دیا، طوفان کے باعث سیکٹر جی 12 میں زیر تعمیر گھر کی چھت گر گئی جس کی زد میں آکر 2 مزدور جان کی بازی ہار گئے اور 2 زخمی ہوئے ہیں۔
علاوہ ازیں پولیس ہیڈ کوارٹرز میں درخت گرنے سے اہلکار زخمی ہو گیا، خانپور ہزارہ میں آندھی کے باعث دیوار گر گئی اور تین بچے ملبے تلے دب گئے جبکہ مین جی ٹی روڈ پر درخت گرنے سے ٹریفک کی روانی متاثر رہی، مریدکے میں شادی والے گھر کی چھت گر گئی جہاں دلہن سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے۔
گلیات میں گرج چمک کے ساتھ بارش نے موسم دلفریب بنا دیا، ملکہ کوہسار مری میں بھی بادل جم کر برسے، تلہ گنگ، کلر کہار، ہری پور، اٹک شہر اور گردونواح میں بھی موسلا دھاربارش نے موسم خوشگوار بنا دیا۔
گوجرانوالہ، جہلم، چکوال اور گردونواح میں بھی آندھی کے بعد موسلادھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور شہریوں نے سکھ کا سانس لیا تاہم محکمہ موسمیات نے ملک کے کئی شہروں میں مزید بارش کی پیش گوئی کر دی ہے۔
Post Views: 1.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: موسلا دھار بارش ا ندھی کے کے باعث
پڑھیں:
اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں بارش کے دوران حادثات میں بچے سمیت 6 افراد جاں بحق
اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، ہری پور، ایبٹ آباد، چکوال اور مضافات میں کالی گھٹاؤں کے بعد گرد آلود طوفانی ہواؤں و گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی، جس کے دوران مختلف حادثات میں بچے سمیت پانچ افراد جاں بحق ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح کے اضلاع میں آج سہ پہر اچانک کالی گھٹائیں چھا گئیں اور دیکھتے ہی دیکھتے دن میں رات کا سماں بن گیا، جس کے باعث گاڑی چلانے والوں نے ہیڈ لائٹس روشن کیں۔
اس دوران تیز گردآلود آندھی چلنا شروع ہوگئی اور کئی مقامات پر شدید طوفان آیا، جس کے نتیجے میں متعدد درخت اکھڑ گئے اور سائن بورڈ گرگئے۔
اسلام آباد میں ایک درخت گرنے سے پولیس اہلکار زخمی ہوگیا جبکہ سیکٹر جی بارہ میں زیر تعمیر مکان کی چھت گرنے سے دو مزدور جاں بحق ہوگئے۔
راولپنڈی میں طوفانی ہواؤں نے نظام زندگی مفلوج کر دیا اور اہم شاہراہوں پر ٹریفک جام ہوا، کاروباری مراکز ہوٹلز ریسٹورنٹس بند ہوگئے۔
بعدازاں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
مری، گلیات اور ایبٹ آباد میں بھی بارش اور ژالہ باری ہوئی، پشاور سے سیر کے لئے آئے خاندان کی کشتی خانپور ڈیم میں تیز آندھی کے باعث الٹ گئی جس سے چھ افراد ڈوب گئے تاہم امدادی کارکنوں نے پانچ کو زندہ بچالیا۔
ہری پور میں دیوار گرنے سے ایک بچہ جاں بحق اور دو شدید زخمی ہو گئے اس کے علاوہ میرپور کے علاقہ اسلام گڑھ میں آسمانی بجلی گرنے سے نوجوان جاں بحق ہوگیا۔
پنڈدان خان کے محلہ خیرشاہ میں مکان کی چھت گرنے سے خاتون سمیت دو افراد زخمی ہو گئے۔ ڈڈیال آزادکشمیر میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک بکری ہلاک ہوگئی جبکہ کئی دکانوں میں برقی آلات جل گئے۔
پنجاب کے علاقے چکوال میں آندھی کی وجہ سے دکانوں کے شیڈ اور بل بورڈزروڈ پر آ گرے اورکئی درخت جڑوں سے اکھڑ گئے،بجلی کی تاریں ٹوٹنے سے شہر اندھیرے میں ڈوب گیا۔
آئیسکو ترجمان کے مطابق اسی فیصد علاقوں کی بجلی بحال کر دی گئی ہے۔