اسرائیل ظلم و بربریت کی علامت بن چکا ہے، علامہ مقصود ڈومکی
اشاعت کی تاریخ: 2nd, May 2025 GMT
جیکب آباد میں احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ فلسطین و غزہ پر ڈھائے جانے والے مظالم نے پوری انسانیت کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ آج وقت کا تقاضہ ہے کہ دنیا بھر کے مظلوم متحد ہو کر ظالموں کیخلاف میدان عمل میں آئیں۔ اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ فلسطین و غزہ پر ڈھائے جانے والے مظالم نے پوری انسانیت کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ آج وقت کا تقاضہ ہے کہ دنیا بھر کے مظلوم متحد ہو کر ظالموں کے خلاف میدان عمل میں آئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد میں فلسطین کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے برآمد ہونیوالی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انجمن محبان اہل بیت جیکب آباد کے زیر اہتمام فلسطین اور غزہ کے مظلوم مسلمانوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک پرامن احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں بچوں نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیلی مظالم اور عالمی خاموشی کے خلاف نعرے درج تھے۔ ریلی کے دوران بچوں نے غزہ میں شہید ہونے والے بچوں کے علامتی جنازے اٹھا کر اسرائیلی جارحیت پر شدید احتجاج کیا اور اقوامِ عالم کی بے حسی پر سوالات اٹھائے۔ پریس کلب جیکب آباد کے سامنے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ فلسطین و غزہ پر ڈھائے جانے والے مظالم نے پوری انسانیت کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ آج وقت کا تقاضہ ہے کہ دنیا بھر کے مظلوم متحد ہو کر ظالموں کے خلاف میدان عمل میں آئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ غزہ کی استقامت نے اسرائیل جیسے ظالم قوت کو ہزیمت سے دوچار کیا ہے۔ آج اسرائیل ظلم و بربریت کی علامت بن چکا ہے۔ مگر افسوس کہ ابھی تک افغانستان کے طالبان نے اس ظلم کے خلاف احتجاج میں لب کشائی نہیں کی۔ جبکہ اردن کے شاہ، مصر کے جنرل سیسی، ترکی کے اردوغان اور سعودی حکمران سبھی امریکا و اسرائیل کے سہولت کار بنے ہوئے ہیں۔ اس موقع پر انجمن محبان اہل بیت کے صدر سید مظہر علی شاہ نقوی نے کہا کہ ہم غزہ میں جاری ظلم و بربریت کے خلاف مسلسل احتجاج کر رہے ہیں۔ اسرائیل کے خلاف رہبر معظم سید علی خامنہ ای کی قیادت میں اھل حق مصروف پیکار ہیں۔ ہم رہبر معظم کے ساتھ تجدید عہد کرتے ہیں۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے ضلعی امیر محمد ابوبکر سومرو، اور مجلس وحدت مسلمین یوتھ ونگ کے ڈویژنل صدر سید کامران علی شاہ بخاری نے بھی خطاب کرتے ہوئے فلسطینی عوام کے ساتھ بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود جیکب آباد نے کہا کہ کے مظلوم کے خلاف
پڑھیں:
بلوچستان اسمبلی میں بھارتی جارحیت کیخلاف قرارداد پیش
اراکین اسمبلی نے ملک کیخلاف بھارتی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام پاکستان کی حفاظت کیلئے یکجا ہیں۔ اگر بھارت کوئی جارحیت کرتا ہے تو پاکستان بھرپور جواب دیگا۔ اسلام ٹائمز۔ بھارتی کی جانب سے جاری جارحیت کے خلاف بلوچستان کی صوبائی اسمبلی میں قرارداد پیش کر لیا گیا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی زرین مگسی نے صوبائی اسمبلی میں مذکورہ قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے جانے والے الزامات بے بنیاد ہیں۔ یہ اسمبلی بھارتی الزامات کی مذمت کرتا ہے۔ اگر بھارت کوئی جارحیت کرتا ہے تو پاکستان بھرپور جواب دے گا۔ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو ختم کرنے کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بھارت کی جانب سے جارحیت کو عالمی برادری کے سامنے پیش کرے۔ ہمارے اندورنی مسائل بہت ہیں۔ بیرونی سطح پر بلوچستان پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے مجید بادینی نے کہا کہ بھارت میں انتخابات قریب آتے ہے تو اس طرح کے ہتھکنڈے استعمال کئے جاتے ہیں۔ سب سے بڑے دہشت گرد بھارت اور اسرائیل ہیں۔ پہلگام واقعے کی مذمت کرتے ہیں۔ اگر انڈیا نے کوئی حرکت کی تو اسے ایسا سبق سکھائیں گے جو اس کی نسلیں یاد رکھیں گی۔ بھارت کسی بھی غلط فہمی میں نہ رہے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کھیتران نے کہا کہ مودی سرکار کی الزام تراشی کا پہلا واقعہ نہیں ہے۔ واقعے کے دس منٹ کے بعد پاکستان کے خلاف ایف آئی آر کاٹی جاتی ہے۔ مودی کی سرکار اسلام مخالف سیاست پر چلتی ہے۔ پاکستان کی سالمیت کے حوالے سے ہم سب ایک پیج پر ہیں۔ پاکستان کی حفاظت کے لئے پہلی صف میں کھڑا ہوں۔ ملک کے 24 کروڑ عوام محب الوطن ہیں۔ پاکستان کی اقلیتی برادری بھی محب وطن ہے۔ پاکستان کی قوم باشعور ہے۔ ہم ملک کے خلاف جارحیت کے خلاف یکجا ہیں۔ بھارت کو 1965 کی جنگ نہیں بھولی ہوگی۔ ان کے پالے ہوئے بلوچستان میں دہشت گردی کر رہے ہیں۔ ثبوت ہمارے پاس ہیں۔ بھارت افغانستان کے ذریعے بلوچستان میں دہشت گردی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب ایک ہیں۔ لڑنا آسان نہیں ہوتا ہے۔ بلوچستان کے غیور عوام بھرپور مزاحمت کریں گے۔ پیپلز پارٹی کی رکن اسمبلی مینا مجید نے اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر بھارتی جھوٹے پراپیگنڈے کو بے نقاب کیا ہے۔ بھارت بلوچستان میں دہشت گردی کر رہا ہے۔ جس کی مثال ٹرین پر حملہ ہے۔ بلوچستان کی عوام فوج کے ساتھ ہے۔ ہماری فوج نے کوئی چوڑیاں نہیں پہنی ہیں۔