بلوچستان: ضلع قلات میں مسلح افراد نے ہائی وے بلاک کردی، متعدد سرکاری عمارتیں نذر آتش
اشاعت کی تاریخ: 3rd, May 2025 GMT
ضلع قلات کے علاقے منگوچر میں نامعلوم مسلح افراد نے کوئٹہ کراچی ہائی وے کو بلاک کردیا، اور منگوچر بازار میں متعدد سرکاری عمارتوں کو آگ لگا دی۔
نجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ مسلح افراد کے گروپ نے قومی شاہراہ پر رکاوٹیں کھڑی کیں، اور متعدد گاڑیوں کو روک لیا، انہوں نے مسافر بسوں اور نجی کاروں سمیت متعدد گاڑیوں کی تلاشی لی، جس سے راستے پر ہر قسم کی ٹریفک رک گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلح گروہ منگوچر بازار میں داخل ہوا، نادرا، جوڈیشل کمپلیکس اور نیشنل بینک آف پاکستان کے دفاتر سمیت متعدد سرکاری عمارتوں پر قبضہ کرکے انہیں آگ لگا دی، آگ کی وجہ سے عمارتوں کو کافی نقصان پہنچا ہے۔
سیکیورٹی فورسز کے پہنچنے سے پہلے مسلح افراد موقع سے فرار ہو گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، اور رات گئے ہائی وے پر ٹریفک بحال کردی گئی۔
ایک اور واقعے میں موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح افراد نے کوٹ لانگو کے قریب لیویز چیک پوسٹ پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ایک لیویز اہلکار جاں بحق ہوگیا، جس کی شناخت حق نواز لانگو کے نام سے ہوئی۔
لیویز حکام نے ضلع قلات کے علاقے رحیم آباد کے قریب کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر ایک پل کے نیچے طاقتور دھماکے کی اطلاع بھی دی، جس سے پل کے ایک حصے کو معمولی نقصان پہنچا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
دریں اثنا مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ میں مسافر کوچ پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون اور دو بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔
مستونگ کے اسسٹنٹ کمشنر اکرم ہریفال نے بتایا کہ زخمیوں کو غوث بخش میموریل ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
Post Views: 1.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: مسلح افراد
پڑھیں:
بلیدہ سے پکنک پر جانیوالے 4 افرادلاپتہ، لاشیں برآمد،اسپتال منتقل
تربت:(نمائندہ خصوصی) بلیدہ سے پکنک پر جانیوالے 4 افراد کی لاشیں برآمد۔بلوچستان کے شہر تربت کے نواحی علاقے بلیدہ سے 4 افراد کی لاشیں ملی ہیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق بلیدہ کے پہاڑی علاقے جاڑین سے 4 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
لاشیں قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کی گئی ہیں۔چاروں نوجوان مقامی بتائے جاتے ہیں جو 5 روز قبل قریبی پہاڑی علاقے میں پکنک منانے گئے تھے اور لاپتہ ہو گئے تھے جن کی تلاش جاری تھی۔واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔