پاکستان میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروسز کے آغاز کی تیاریاں عروج پر
اشاعت کی تاریخ: 4th, May 2025 GMT
کراچی:
پاکستان میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروسز کے آغاز کی تیاریاں عروج پر ہیں، جہاں دنیا کی معروف کمپنیوں نے اپنی دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ ایلون مسک کی کمپنی "اسٹارلنک" اس دوڑ میں سب سے آگے سمجھی جا رہی ہے۔
یہ پیش رفت ملک میں ڈیجیٹل انقلاب کی راہیں ہموار کرے گی اور آئی ٹی، تعلیم، صنعت و تجارت سمیت مختلف شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔
مزید پڑھیں: ایلون مسک کی کمپنی اسٹارلنک کو این او سی جاری؛ پاکستان سیٹلائٹ انٹرنیٹ کی دنیا میں قدم رکھنے کو تیار
ماہرین کے مطابق، سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروسز کا اجراء نہ صرف بڑے شہروں بلکہ دیہی اور پسماندہ علاقوں تک تیز رفتار انٹرنیٹ کی رسائی کو ممکن بنائے گا۔ اس سے چھوٹے شہروں میں آئی ٹی حب، سافٹ ویئر ہاؤسز، فری لانسنگ سینٹرز اور آن لائن کاروبار کو فروغ ملے گا۔
پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن (پاشا) کے سینئر وائس چیئرمین محمد عمیر نظام کا کہنا ہے کہ اس جدید ٹیکنالوجی سے ملکی آئی ٹی انڈسٹری کو عالمی سطح پر مسابقتی بنانے میں مدد ملے گی اور برآمدات میں اضافہ ممکن ہوگا۔
پاشا کی کمیٹی برائے مصنوعی ذہانت کی رکن مہوش سلمان کا کہنا ہے کہ سیٹلائٹ انٹرنیٹ کے ذریعے مالیاتی شمولیت، ڈیجیٹلائزیشن اور ڈیٹا سیکیورٹی کے قومی اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں، بشرطیکہ حکومت ایک واضح اور شفاف پالیسی مرتب کرے۔
مزید پڑھیں: ملک میں انٹرنیٹ کی رفتار کب بڑھے گی؟ قومی اسمبلی میں وضاحت
رپورٹس کے مطابق سیٹلائٹ انٹرنیٹ کی ابتدائی لاگت عام براڈبینڈ سے زیادہ ہوگی، جس میں ماہانہ پیکج کی قیمت تقریباً 35,000 روپے جبکہ ڈیوائس کی تنصیب کے اخراجات 1,10,000 روپے سے شروع ہوں گے۔
اگرچہ یہ قیمت عام صارف کے لیے زیادہ ہے، تاہم کاروباری طبقے کے لیے یہ ایک موزوں سرمایہ کاری ہے۔ پاکستان فری لانسرز ایسوسی ایشن (پافلا) کے چیئرمین ابراہیم امین کے مطابق، سیٹلائٹ انٹرنیٹ اور سولر پاورڈ سسٹمز کے امتزاج سے دیہی علاقوں میں فری لانسنگ، ای-روزگار اور کو-ورکنگ اسپیسز کا نیا دور شروع ہوگا، جو مقامی نوجوانوں کو ان کے اپنے علاقوں میں روزگار فراہم کرے گا، یہ اقدام ملک میں نہ صرف ڈیجیٹل ترقی کا نیا باب کھولے گا بلکہ قیمتی غیر ملکی زرمبادلہ کے حصول کا ذریعہ بھی بنے گا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: سیٹلائٹ انٹرنیٹ انٹرنیٹ کی
پڑھیں:
موبائل کال اور انٹرنیٹ پیکجز مہنگے، صارفین پر نیا مالی بوجھ
اسلام آباد: موبائل انٹرنیٹ پیکجز مہنگے ہونے سے ملک بھر کے لاکھوں موبائل صارفین کو اضافی اخراجات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے جاری کردہ تازہ تفصیلات کے مطابق مختلف موبائل کمپنیوں کے متعدد کال، ہائبرڈ اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق مختلف موبائل آپریٹرز کے 15 مقبول ہائبرڈ اور ڈیٹا اونلی پیکجز کی قیمتوں میں 33 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد صارفین کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ رقم ادا کرنا ہوگی۔
جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ماہانہ کال اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں 500 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ 15 روزہ پیکجز اب 300 روپے تک مہنگے ہو گئے ہیں۔
اسی طرح ہفتہ وار ہائبرڈ پیکجز کی قیمت میں 130 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ تین روزہ پیکجز 21 روپے، دو روزہ پیکجز 20 روپے اور ایک روزہ ہائبرڈ پیکجز 5 روپے تک مہنگے کر دیے گئے ہیں۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ صارفین کی سہولت کے لیے تمام نئی ٹیرف تفصیلات ادارے کی ویب سائٹ پر جاری کر دی گئی ہیں، جہاں مختلف موبائل کمپنیوں کے کال اور انٹرنیٹ پیکجز، ان کی مدت، قیمت اور دستیاب سہولیات کا بآسانی موازنہ کیا جا سکتا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق اس اقدام کا مقصد ٹیلی کام شعبے میں شفافیت کو فروغ دینا اور صارفین کو مختلف موبائل کمپنیوں کے پیکجز سے متعلق درست اور مکمل معلومات فراہم کرنا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ موبائل اور انٹرنیٹ خدمات کی قیمتوں میں اضافے سے طلبہ، فری لانسرز، آن لائن کاروبار کرنے والے افراد اور روزمرہ انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین کے ماہانہ اخراجات میں مزید اضافہ ہوگا۔