امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری، پاکستان کا مالیاتی نظام محفوظ: وزیر خزانہ
اشاعت کی تاریخ: 8th, May 2025 GMT
لندن؍ اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے گزشتہ روز برطانوی وزیر مملکت برائے جنوبی ایشیا ہیمش فالکنر سے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے برطانوی وزیر کو بھارتی حملوں اور صورتحال سے آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر خزانہ نے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنی علاقائی خودمختاری کا بھرپور دفاع کرے گا اور بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا۔ وزیر خزانہ نے برطانوی وزیرکو یاد دہانی کروائی کہ پاکستان نے پہلگام واقعہ کی غیر جانبدارانہ اور آزادانہ بین الاقوامی تحقیقات کے لیے ہندوستان کو متعدد بار پیشکش کی، تاہم ہندوستان نے پاکستان کی ان مخلصانہ پیشکشوں کو مسترد کر کے پاکستان کے خلاف بلاجواز جارحیت کی۔ وزیر خزانہ نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ہندوستان کی ان بلا اشتعال کارروائیوں کی مذمت کرے۔ انہوں نے جنوبی ایشیا میں دیرپا امن و استحکام کے لیے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ برطانوی وزیر ہیمش فالکنر نے بھارتی حملوں میں ہونے والے شہری جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ جنوبی ایشیا میں کشیدگی کو بات چیت اور باہمی روابط کے ذریعے کم کیا جا سکتا ہے۔ دریں اثناء بھارتی حملوں کے بعد پاکستان کی معاشی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی اجلاس ہوا۔ وزارت خزانہ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب نے ویڈیو لنک کے ذریعے کی۔ اجلاس میں گورنر سٹیٹ بنک آف پاکستان، چیئرمین سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمشن آف پاکستان، سیکرٹری خزانہ اور وزارت خزانہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں حالیہ بھارتی جارحیت کے بعد خطے میں بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر مالیاتی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مارکیٹ کے تسلسل اور استحکام کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت کی جانب سے تمام مالیاتی اور متعلقہ شعبوں میں کاروباری سرگرمیوں کے تسلسل کو یقینی بنانے کا عزم کیا۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا پاکستان کا مالیاتی نظام مکمل طور پر محفوظ اور مستحکم ہے۔ تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے کام کرتے ہوئے ملکی معیشت کی حفاظت کو یقینی بنا رہے ہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: برطانوی وزیر اجلاس میں
پڑھیں:
سابق وفاقی وزیر سردار یار محمد رند کی سفری پابندی کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ
اسلام آباد:اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وفاقی وزیر سردار یار محمد رند کی سفری پابندی کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
جسٹس انعام امین منہاس نے درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے بیرسٹر ظفر اللہ جبکہ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل، ایف آئی اے اور امیگریشن حکام بھی عدالت پیش ہوئے۔ عدالتی ہدایت پر بیرسٹر ظفر اللہ نے کوئٹہ پولیس کا خط پڑھا۔
جسٹس انعام امین منہاس نے استفسار کیا کہ متعلقہ پولیس کہہ رہی ہے بندہ نہیں چاہیے، ایف آئی اے کو بھی مطلوب نہیں، جن کو چاہیے تھا ان کو بھی اب نہیں چاہیے، پھر ابھی تک نام کیوں نہیں نکالا؟
ایف آئی اے حکام نے جواب دیا کہ ای سی ایل میں نام نہیں ہے، صرف پی این آئی لسٹ میں نام ہے جو 28 مارچ کو ڈالا گیا۔
عدالت نے استفسار کیا کہ اس لسٹ میں نام کتنے دن کے لیے ہوتا ہے اور کب مکمل ہوئی؟ ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ ایک ماہ کے لیے ہوتا ہے اور پھر ایک ماہ کی توسیع لینا ہوتی ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ زیادہ سے زیادہ 60 روز رکھ سکتے ہیں تو اب جولائی ہے، کتنے ماہ ہوگئے ہیں؟ ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ 5 ماہ ہوگئے، ابھی تک ہمیں آفیشلی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
عدالت نے ایف آئی اے افسر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ اتنے وقت کیسے آپ رکھ سکتے ہیں، کس قانون کے تحت ابھی تک رکھا ہوا ہے۔ جسٹس راجہ انعام امین نے ریمارکس دیے کہ ایسے کتنے ہی کیسز ہمارے پاس آرہے ہیں، کتنی بار لکھ بھی چکے ہیں، سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی ہے۔
عدالت نے سردار یار محمد رند کی سفری پابندی لسٹ سے نام نکالنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔