فیصل مسجد کے قریب ڈرون گرنے کی خبروں کی اصل حقیقت سامنے آگئی
اشاعت کی تاریخ: 8th, May 2025 GMT
شہر میں فیصل مسجد کے قریب ڈرون گرنے کی جھوٹی اطلاعات کے فوری بعد ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر مکمل تحقیقات کیں تاہم یہ افواہ بے بنیاد ثابت ہوئی۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے مطابق اسلام آباد میں کسی بھی مقام پر کوئی ڈرون نہیں گرا۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر مصدقہ خبروں پر کان نہ دھریں اور ایسے حساس معاملات پر افواہوں سے گریز کریں۔
انتظامیہ نے مزید کہا ہے کہ مصدقہ اور درست معلومات کے لیے صرف ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو فالو کریں تاکہ عوام تک بروقت اور درست اطلاعات پہنچ سکیں۔
عوام سے درخواست ہے کہ امن و امان کو متاثر کرنے والی افواہوں سے بچیں اور سوشل میڈیا پر ایسی خبریں شیئر کرنے سے گریز کریں جن کی سرکاری طور پر تصدیق نہ ہوئی ہو۔
.ذریعہ: Daily Ausaf
پڑھیں:
عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ کی پوسٹس غیرقانونی قرار دینے کے لیے درخواست دائر
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے جیل میں قید ہونے کے باوجود ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے جاری ہونے والی پوسٹس کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایک درخواست جمع کرائی گئی ہے۔
یہ درخواست شہری غلام مرتضیٰ خان کی جانب سے بیرسٹر ظفر اللہ ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایک سزا یافتہ قیدی کے جیل میں قید کے دوران اس کے نام سے چلنے والے ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ سے مبینہ طور پر اشتعال انگیز اور بدنیتی پر مبنی مواد کی تشہیر غیر قانونی ہے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو ہدایت دی جائے کہ وہ اکاؤنٹ چلانے والے فرد یا افراد کی شناخت کریں، اور ایسی تمام ٹوئٹس کو بلاک کر کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے ہٹانے کے احکامات جاری کیے جائیں، جو قانون اور سوشل میڈیا پالیسیز کی خلاف ورزی کرتی ہیں۔