لاہور؛ متحرک چور گینگ کی خواتین سمیت 4ملزمان گرفتار، واردات کیسے کرتے تھے؟
اشاعت کی تاریخ: 11th, May 2025 GMT
لاہور:
لاہور میں متحرک چور گینگ کی خواتین سمیت 4 ملزمان گرفتار کر لیے گئے، ملزمان سے شہریوں کے چوری کیے گئے لاکھوں مالیت کے 4ہزار امریکی ڈالر اور 5لاکھ روپے نقدی برآمد کر لی گئی۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا کی ہدایت پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا۔ انچارج انویسٹی گیشن تھانہ غالب مارکیٹ ناصر امین نے پولیس ٹیم کے ہمراہ بڑی کارروائی کی۔
گرفتار ملزمان میں خواتین چور اقصٰی، رابعہ اور ان کے ساتھی عاقب اور اسامہ شامل ہیں۔
انچارج ناصر امین کے مطابق ملزمان سے لاکھوں مالیت کے 15عدد موبائل فونز، 14 عدد لیپ ٹاپ اور ناجائز اسلحہ بھی برآمد کر لیا، ملزمان گھروں کی ریکی کرتے اور گھر والوں کی عدم موجودگی میں تالے توڑ کر نقدی اور قیمتی سامان چوری کر کے فرار ہو جاتے تھے۔
پولیس افسر کے مطابق ملزمان نے دوران تفتیش شہر کے مختلف علاقوں میں متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔
ایس پی انویسٹی گیشن ماڈل ٹاؤن کے مطابق ملزمان کو جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا، ملزمان اب پولیس کی گرفت میں ہیں مضبوط چالان مرتب کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
ڈی آئی جی انویسٹی سید ذیشان رضا نے کہا کہ عوم کے جان و مال کے تحفظ کے لیے انویسٹی گیشن پولیس لاہور ہمہ وقت کوشاں ہیں، جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں کے ساتھ نمٹا جائے گا۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید کی طرف سے پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان کیا گیا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: انویسٹی گیشن
پڑھیں:
کراچی: مخلتف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلے، 5 ملزمان گرفتار، اسلحہ و مالِ مسروقہ برآمد
کراچی:مختلف علاقوں میں پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان مبینہ مقابلوں میں 5 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ و مالِ مسروقہ برآمد کیا گیا۔
میمن گوٹھ میں پولیس نے موٹر سائیکل سوار مشکوک افراد کو روکنے کا اشارہ کیا، جس پر مسلح ملزمان نے فائرنگ شروع کردی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ زخمی ملزم کی شناخت لالدین کے نام سے ہوئی، پولیس نے ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور نقد رقم بھی برآمد کی۔
اسی طرح بھینس کالونی میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلے کے بعد دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت حسیب اور نوید کے نام سے ہوئی۔
جیکسن پولیس کے مطابق ایک اور مقابلے میں ایک زخمی سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ان کے قبضے سے دو پستول، دو مسروقہ موٹر سائیکلیں اور موبائل فون برآمد ہوئے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت محمد قاسم اور بادشاہ کے نام سے ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان مختلف وارداتوں میں ملوث تھے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔