کراچی، اسٹریٹ کرمنلز کے ساتھ مبینہ پولیس مقابلہ، 3 ملزمان گرفتار، اسلحہ اور چھینی ہوئی موٹر سائیکل برآمد
اشاعت کی تاریخ: 12th, May 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد کے علاقے شاہراہِ نور جہاں تھانے کی حدود میں پولیس نے اسٹریٹ کرمنلز کے ساتھ مبینہ مقابلے کے دوران تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ یہ مقابلہ دارالسرور شادی ہال، شادمان ٹاؤن میں ہوا۔
ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل کے ترجمان کے مطابق، دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں 2 ملزمان زخمی ہو گئے، جبکہ ان کے تیسرے ساتھی کو بھی پولیس نے گرفتار کر لیا۔
زخمی ملزمان کی شناخت طاہر خان ولد فردوس اور نادر علی ولد قادر بخش کے نام سے ہوئی، جب کہ تیسرے ملزم کی شناخت وسیم ولد غلام سرور کے طور پر کی گئی۔
مزید پڑھیں: کراچی: منگھوپیر میں مبینہ پولیس مقابلہ، دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار، ایک فرار
ملزمان کے قبضے سے 2 عدد نائن ایم ایم پستول، ایک پستول اور چھینی ہوئی موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔ زخمی ملزمان کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ تیسرے ملزم کو تھانے منتقل کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق، ملزمان کے خلاف ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے، اور ان سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ اسٹریٹ کرائمز کی روک تھام میں مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی میں ایڈوکیٹ کو قتل کرنے والا ملزم چند گھنٹوں میں گرفتار
کراچی: شہر قائد کے علاقے سولجر بازار میں ایڈووکیٹ ناصر ملک کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم کو چند گھنٹوں کے دوران ہی پولیس نے گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی ایسٹ ڈاکٹر فرخ نے بتایا کہ ایڈوکیٹ ناصر ملک کو قتل کرنے والا ملزم اُن کا قریبی رشتے دار ہے اور اُس نے ذاتی دشمنی کی بنا پر قتل کیا۔
ڈاکٹر فرخ کے مطابق ملزم کی شناخت محسن کے نام سے ہوئی جس نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا تاہم اُس سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ واقعہ گزشتہ گرومندر کے قریب اپارٹمنٹ کی پارکنگ میں پیش آیا تھا جس کے بعد ایس ایچ او سولجر بازار وقار عظیم کو معطل کردیا گیا تھا۔
اُدھر مقتول کے بھائی کی مدعیت میں سولجر بازار تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔