بھارتی حملوں میں 40 پاکستانی شہری اور 11 فوجی جوان شہید ہوئے، آئی ایس پی آر
اشاعت کی تاریخ: 13th, May 2025 GMT
تصویر بشکریہ آئی ایس پی آر
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے بھارتی افواج کے 6 اور 7 مئی کی رات سے 10 مئی تک بزدلانہ و بلااشتعال حملوں میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کی تفصیلات جاری کردی گئی ہیں۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارتی افواج نے بلا اشتعال اور قابل مذمت وحشیانہ حملے شروع کیے جن میں خواتین، بچوں اور بوڑھوں سمیت معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وحشیانہ بھارتی حملوں میں 40 شہری شہید ہوئے جن میں 7 خواتین اور 15 بچے شامل ہیں جبکہ ان حملوں میں 10 خواتین اور 27 بچوں سمیت 121 افراد زخمی ہوئے۔
ترجمان کے مطابق بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستانی مسلح افواج نے بھرپور جوابی کارروائی کی اور مادرِ وطن کا دفاع کرتے ہوئے 11 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، مادرِ وطن کا دفاع کرتے ہوئے مسلح افواج کے 78 جوان زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء میں نائیک عبدالرحمٰن، لانس نائیک دلاور خان، لانس نائیک اکرام اللّٰہ، نائیک وقار خالد، سپاہی محمد عدیل اکبر، سپاہی نثار شامل ہیں۔
پاک فضائیہ کے اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف، چیف ٹیکنیشن اورنگزیب، سینئر ٹیکنیشن نجیب، کارپورل ٹیکنیشن فاروق، سینئر ٹیکنیشن مبشر بھی شہید ہوئے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ شہداء کی عظیم قربانی ہمت، لگن اور غیر متزلزل حب الوطنی کی لازوال علامت ہے، شہداء کی عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ قوم جارحیت کے سامنے پُرعزم ہے اس میں کوئی ابہام نہیں رہنا چاہیے، پاکستان کی خود مختاری یا علاقائی سالمیت کو چیلنج کرنے کی کوشش کا بھرپور اور فیصلہ کُن جواب دیا جائے گا۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: تصویر بشکریہ آئی ایس پی آر حملوں میں کے مطابق
پڑھیں:
پنجاب سے ’را‘ کے 6 سہولت کار گرفتار، مسجد اور ریلوے اسٹیشن پر حملوں کی منصوبہ بندی بے نقاب
لاہور:کراچی سے بھارتی ایجنسی را کے چار دہشت گردوں کی گرفتاری کے بعد سی ٹی ڈی پنجاب نے مختلف اضلاع سے را کے چھ سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا۔
اس حوالے سے ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب شہزادہ سلطان، ایس ایس پی آپریشنز سی ٹی ڈی پنجاب وقار عظیم نے لاہور میں پریس کانفرنس کی۔ پنجاب پولیس اور سی ٹی ڈی کے سینئر افسران نے مشترکہ پریس کانفرنس میں میڈیا کے نمائندوں کو دشمن ملک کی سازش کی تفصیلات اور سی ٹی ڈی کی کامیابیوں سے آگاہ کیا۔
یہ پڑھیں : کراچی میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے 4 دہشت گرد گرفتار، اہم انکشافات
پولیس کے مطابق سی ٹی ڈی نے چھاپے میں ٹوبہ ٹیک سنگھ سے دھماکا خیز مواد اور ڈیٹونیٹرز برآمد کرلیے، بہاولپور میں دبئی سے فنڈنگ کرنے والا ’’را‘‘ کا سہولت کار رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا، بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس (BSF) سے براہ راست IEDs حاصل کرنے والے 2 افراد بہاولنگر سے گرفتار کرلیے گئے۔
سی ٹی ڈی نے بہاولپور میں مسجد اور ریلوے اسٹیشن پر حملے کی منصوبہ بندی بے نقاب کر دی۔ ’’را‘‘ افسران میجر رویندرا راٹھور اور انسپکٹر سنگھ کی آڈیو انٹرسیپٹس (intercepts) حاصل کرلی گئیں۔
دہشت گردوں سے IEDs، حفاظتی فیوز اور خفیہ نقشے برآمد ہوئے۔ بھارت سے ملنے والی ہدایات میں ٹارگٹ کلنگ اور حساس مقامات پر حملے شامل تھے۔
ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب شہزادہ سلطان نے بتایا کہ انڈین دہشت گرد ایجنسی ’’را‘‘ کے گرفتار 6 سہولت کار پاکستانی شہری ہیں، یہ سہولت کار پاکستان میں رہ کر بھارتی ایجنسی را کے لئے کام کرتے تھے، را اپنی فنڈنگ دبئی سے کرپٹو کرنسی اور برانچ لیس کے ذریعے بھیجتی ہے۔