علاقائی امن کے لیے تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، رضوا ن سعید شیخ
اشاعت کی تاریخ: 20th, May 2025 GMT
لاس اینجلس میں پاکستانی قونصلیٹ کے زیر اہتمام پاکستانی کمیونٹی کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر کاکہنا تھا کہ علاقائی خوشحالی کا انحصار بنیادی تنازعات کو بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے پر ہے۔ اسلام ٹائمز۔ امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے پرامن حل کے لئے پاکستان کے دیرینہ موقف کا اعادہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے لاس اینجلس میں پاکستانی قونصلیٹ کے زیر اہتمام پاکستانی کمیونٹی کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی خوشحالی کا انحصار بنیادی تنازعات کو بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے پر ہے۔ رضوان سعید شیخ نے جنوبی ایشیا میں حالیہ جنگ بندی کی سہولت کاری میں امریکہ کے تعمیری کردار کو سراہا اور وقار کے ساتھ امن اور علاقائی بقائے باہمی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان اور ریاست کیلیفورنیا کے درمیان اقتصادی تعاون خاص طور پر ٹیکنالوجی، ماحول دوست توانائی، اعلیٰ تعلیم اور جدت کے شعبوں میں وسیع امکانات کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے دونوں معیشتوں سے استفادہ کرنے کے لیے ادارہ جاتی اور کاروباری روابط کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔
.ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
چیئرمین کشمیر کونسل ای یو کی طرف سے ترک صدر کی تنازعہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کا خیرمقدم
علی رضا سید نے ایک بیان میں صدر اردوگان کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا ایسا پرامن حل تلاش کیا جانا چاہیے جو کشمیری عوام کی بھارتی تسلط سے آزادی اور دیرپا امن کی خواہشات کے مطابق ہو۔ اسلام ٹائمز۔ چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے جمہوریہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوگان کی طرف سے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ثالثی کی پیش کش کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ترک صدر اردوگان نے وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ اپنی حالیہ گفتگو کے دوران بھارت اور پاکستان کے مابین مسئلہ کشمیر پر ثالث کا کردار ادا کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ علی رضا سید نے ایک بیان میں صدر اردوگان کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا ایسا پرامن حل تلاش کیا جانا چاہیے جو کشمیری عوام کی بھارتی تسلط سے آزادی اور دیرپا امن کی خواہشات کے مطابق ہو۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کونسل ای یو کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور ترکیہ کے اصولی موقف کی تعریف کرتی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ مزید ممالک بھی مسئلہ کشمیر پر اسی طرح کا موقف اختیار کریںگے اور کشمیریوں کی امن و انصاف کی آرزو اور ان کے حق خودارادیت کی وکالت کریں گے تاکہ بھارت پر انسانی حقوق کی پامالیاں رکوانے اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے دبائو ڈالا جا سکے۔
علی رضا سید نے کہا کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کروائے جن میں کشمیری عوام کو ان کے حق خودارادیت کی ضمانت فراہم کی گئی ہے۔ دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بھارتی حکام کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور ظلم و ستم کا سامنا ہے، جن میں غیر قانونی گرفتاریاں، ماورائے عدالت قتل اور بنیادی شہری آزادیوں پر پابندیاں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو کشمیریوں پر بھارتی ظلم و ستم پر خاموش نہیں رہنا چاہیے۔ ہم عالمی رہنمائوں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور بین الاقوامی عالمی اداروں بشمول اقوام متحدہ، یورپی یونین اور او آئی سی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق کشمیر کے مسئلے کے پرامن حل کے لیے فعال کردار ادا کریں۔ مسئلہ کشمیر کا ایک منصفانہ اور پرامن حل بین الاقوامی ثالثی، مکالمے، انسانی حقوق کے احترام اور حق خودارادیت کے ذریعے ممکن ہے۔