سندھ کے سینیئر وزیر کا عیدالاضحیٰ پر زائد کرایہ کی شکایات پر سخت کارروائی کا حکم
اشاعت کی تاریخ: 26th, May 2025 GMT
عیدالاضحیٰ کے موقع پر عوام سے ناجائز اور زائد کرایے وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف سندھ حکومت نے بھرپور مہم کا آغاز کر دیا ہے، سینیئر وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی ہدایت پر تمام متعلقہ اداروں کو سخت احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔شرجیل میمن نے کہا کہ آئی جی سندھ پولیس، تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور ٹرانسپورٹ و ٹریفک پولیس کے اعلیٰ افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کریں۔ان کا کہنا تھا کہ عیدالاضحیٰ کا موقع خاندانوں کے ساتھ منانے کا ہوتا ہے اور کسی کو یہ حق نہیں کہ وہ عوام کی مجبوری سے فائدہ اٹھائے۔ شرجیل انعام میمن نے دوٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ ’’کسی کو بھی عید کے موقع پر عوام کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔‘‘سینیئر وزیر نے کہا کہ ہر سال ہزاروں شہری عید منانے کے لیے اپنے آبائی علاقوں کا سفر کرتے ہیں، مگر بدقسمتی سے بعض ٹرانسپورٹرز اس موقع پر کرایوں میں غیر منصفانہ اضافہ کر دیتے ہیں جو کہ ناقابل قبول ہے۔شرجیل میمن کے مطابق، زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف جرمانے، لائسنس معطلی، اور روٹ پرمٹ کی منسوخی جیسے اقدامات کیے جائیں گے۔عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر کوئی ٹرانسپورٹر ان سے زائد کرایہ طلب کرے تو فوری طور پر شکایت درج کرائیں۔ اس مقصد کے لیے شکایات کا ایک نظام قائم کر دیا گیا ہے جس کے تحت شہری ای میل اور واٹس ایپ کے ذریعے شکایات جمع کروا سکتے ہیں۔شکایات درج کرنے کے لیے شہری واٹس ایپ نمبر 0300-3495375 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ تمام افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر شکایات اور کارروائیوں کی رپورٹ جمع کرائیں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: زائد کرایہ
پڑھیں:
سندھ بھر میں 7 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز
کراچی سمیت سندھ بھر میں آج سے انسداد پولیو مہم کا آغازہوگا، 7 روزہ انسداد پولیو مہم یکم جون تک جاری رہے گی۔
ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق کراچی میں 20 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، سندھ بھر میں 80 ہزار سے زائد تربیت یافتہ پولیو ورکرز بچوں کوانسداد پولیوکے قطرے پلائیں گے۔
سندھ بھر میں انسداد پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی کے لیے 25 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہوں گے، کراچی میں 19 ہزار سے زائد پولیو ورکرز مہم کا حصہ ہوں گے، انسداد پولیومہم میں کراچی میں 6 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے۔
واضح رہے کہ رواں سال پاکستان میں اب تک پولیو کے 10کیس رپورٹ ہوئے ہیں،جن میں سے 4 کیس سندھ سے رپورٹ ہوئے، ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے والدین سے اپیل ہے کہ وہ اپنے 5 سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے حفاظت کے قطرے ضرور پلوائیں۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
انسداد ایمرجنسی آپریشن سینٹر پولیو پولیو ورکرز پولیو ویکسین سندھ قطرے کراچی