چاہے اندرونی ہو یا بیرونی دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے، فیلڈ مارشل
اشاعت کی تاریخ: 1st, June 2025 GMT
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 جون2025ء) فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ چاہے اندرونی ہو یا بیرونی دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کوئٹہ کے زیری آڈیٹوریم میں قبائلی عمائدین کے ساتھ منعقدہ گرینڈ جرگے سے خطاب کیا، اس موقع پر انہوں نے بلوچستان میں جاری دہشت گردی، بھارتی مداخلت اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اظہار خیال کیا۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت بلوچستان میں پراکسی وار کے ذریعے امن و ترقی کو نشانہ بنا رہا ہے، فتنہ الہندستان جیسے گروہ عوامی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جنہیں معاشرتی جگہ ہرگز نہیں دینی چاہیئے، ریاستی ادارے عوام کی حمایت سے دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، بلوچ قوم نے قومی وحدت کی خاطر لازوال قربانیاں دی ہیں، بلوچستان کے لیے متعارف کروائے گئے ترقیاتی پیکجز کے اثرات عوام تک براہِ راست پہنچنے چاہئیں۔(جاری ہے)
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے نیٹ ورکس کے پیچھے بھارت کا ہاتھ بے نقاب ہو چکا ہے اب یہ صرف پراکسی وار نہیں بلکہ کھلی جارحیت کی شکل اختیار کر چکی ہے، دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے، چاہے وہ اندرونی ہو یا بیرونی ہو، پاکستان آرمی ہر خطرے کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور بلوچستان میں امن و استحکام ناقابلِ سودے بازی ہے، پاکستان کا مستقبل بلوچستان سے جڑا ہوا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جرگے کے اختتام پر قبائلی عمائدین نے افواجِ پاکستان اور حکومت سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ ہر مشکل وقت میں ریاست کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے‘، بعد ازاں وزیراعظم نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کا بھی دورہ کیا، وزیراعظم نے شہداء کے لواحقین کو مکمل ریاستی تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی، انہوں نے طلبہ افسران اور فیکلٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں ہائبرڈ خطرات کے خلاف پیشہ ورانہ مہارت اور اسٹریٹیجک فہم ناگزیر ہے۔.
ذریعہ
ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے بلوچستان میں کہا کہ
پڑھیں:
اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ، مرکزی بینک کے ذخائر 17.25 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں گزشتہ ہفتے کے دوران اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد مرکزی بینک کے پاس موجود غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 17 ارب 25 کروڑ 86 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔ ماہرین نے اس پیش رفت کو ملکی مالیاتی استحکام اور بیرونی ادائیگیوں کی صلاحیت کے لیے مثبت اشارہ قرار دیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے ترجمان کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 18 جولائی کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران مرکزی بینک کے زرمبادلہ ذخائر میں3 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا۔ ترجمان کے مطابق یہ اضافہ بیرونی ادائیگیوں کے مؤثر انتظام اور مالیاتی استحکام کے تناظر میں اہم پیش رفت ہے۔
اگرچہ اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں اضافہ ہوا، تاہم ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر معمولی کمی کے بعد 22 ارب 66 کروڑ 96 لاکھ ڈالر کی سطح پر آ گئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق کمرشل بینکوں کے پاس موجود غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 5 ارب 41 کروڑ 10 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیے گئے، جس کے باعث مجموعی ذخائر میں معمولی کمی دیکھنے میں آئی۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں مسلسل اضافہ اس بات کی علامت ہے کہ پاکستان کی بیرونی ادائیگیوں کی صلاحیت بہتر ہو رہی ہے، جبکہ درآمدی بل کی ادائیگی اور روپے کے استحکام کے لیے بھی یہ مثبت پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔
تاہم ماہرین نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ مجموعی زرمبادلہ ذخائر میں کمی ظاہر کرتی ہے کہ کمرشل بینکوں کے ذخائر میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ برقرار ہے، جس پر مسلسل نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔
اقتصادی ماہرین کے مطابق اگر آنے والے ہفتوں میں ترسیلاتِ زر، بیرونی سرمایہ کاری، برآمدات اور بین الاقوامی مالی معاونت کا سلسلہ برقرار رہا تو پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں مزید بہتری آنے کا امکان ہے، جس سے ملکی معیشت اور مالیاتی استحکام کو مزید تقویت مل سکتی ہے۔