بھارت کی پراکسی جنگ ڈھکی چھپی نہیں رہی، مداخلت کے ثبوت موجود ہیں، فیلڈ مارشل
اشاعت کی تاریخ: 1st, June 2025 GMT
راولپنڈی(نیوز ڈیسک)آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے نیٹ ورکس کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، بھارت کی پراکسی جنگ اب ڈھکی چھپی نہیں رہی، ہمارے پاس بھارتی مداخلت کے ثبوت موجود ہیں، دشمن کے عزائم کو ہر صورت ناکام بنائیں گے، جو دشمن ہماری خودمختاری چیلنج کرےگا،اسے منہ توڑ جواب دیں گے۔ وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں ہائبرڈ خطرات کے خلاف پیشہ ورانہ مہارت اور اسٹریٹیجک فہم ناگزیر ہے، ریاستی ادارے دہشت گردی کے خلاف جنگ منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے کوئٹہ میں قبائلی عمائدیں کے گرینڈ جرگے سے مشترکہ خطاب کیا، یہ جرگہ بلوچستان کی سیکیورٹی صورتحال پر قبائلی قیادت سے مشاورت کے لیے منعقد کیا گیا تھا جبکہ گرینڈ جرگے میں بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں جاری پراکسی وار پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
بلوچستان میں دہشت گردی کے نیٹ ورکس کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، عاصم منیر
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے نیٹ ورکس کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، بھارت کی پاکستان کے خلاف پراکسی جنگ اب کسی سے ڈھکی چھپی نہیں رہی، بھارت کی پراکسی جنگ ہماری قوم، ترقی اور امن کے خلاف کھلی دہشت گردی ہے، پاکستان کے پاس بلوچستان میں بھارت کی جانب سے دہشت گرد گروہوں کی سرپرستی اور مداخلت کے واضح ثبوت موجود ہیں۔
جنرل عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دشمن کے ناپاک عزائم ہر صورت ناکام بنائیں گے، چاہے اندرونی ہو یا بیرونی، جو بھی دشمن ہماری خود مختاری کو چیلنج کرے گا، اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ پاک فوج ہر خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، بلوچستان کے امن پر کوئی سمجھوتہ ہرگز نہیں ہوگا، پاکستان کا مستقبل بلوچستان کے استحکام اور خوشحالی سے جڑا ہے، بہادر بلوچ عوام کے تعاون سے دشمن کا مقابلہ کریں گے اور اسے کچل دیں گے۔
فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں کام کرنے والی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی بہادری کو بھی سراہا اور شہدا کے اہل خانہ کو مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلایا۔
ریاستی ادارے دہشت گردی کے خلاف جنگ منطقی انجام تک پہنچائیں گے، شہبازشریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بھارت بلوچستان میں تخریب کاری کے ذریعے امن و ترقی کو نشانہ بنا رہا ہے، فتنہ الہندوستان جیسے دہشت گرد گروہ عوامی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، دہشت گردوں کو معاشرتی جگہ نہیں ملنے دینی چاہیئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ریاستی ادارے دہشت گردی کے خلاف جنگ منطقی انجام تک پہنچائیں گے، بلوچستان کی ترقی کے لیے پیکجزمتعارف کروائے، اثرات عوام تک پہنچنے چاہئیں، بلوچ عوام نے قومی وحدت کے لیے تاریخی کردار ادا کیا ہے۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ دیرپاامن کے لیے دہشت گردی کے خلاف کوششوں کی کامیابی ناگزیر ہے، حکومت، افواج، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور عوام دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں، امن دشمن عناصر کو کوئی جگہ نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور مددگاروں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی ہوگی، بلوچستان میں ہائبرڈ خطرات کے خلاف پیشہ ورانہ مہارت ناگزیر ہے۔
جرگے کے اختتام پر قبائلی عمائدین نے حکومت اور افواجِ پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔
مزیدپڑھیں:پانی کے نام پر دوسروں کو بلیک میل نہ کرو، یہ تمہارے ساتھ بھی ہوسکتا ہے ، تمہارا پانی بھی چین سے آتا ہے‘‘چینی پروفیسر نے بھارتیوں کو واضح پیغام دیدیا
ذریعہ
ذریعہ: Daily Ausaf
کلیدی لفظ: دہشت گردی کے خلاف بلوچستان میں پراکسی جنگ فیلڈ مارشل نے کہا کہ بھارت کی کے لیے
پڑھیں:
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 17دہشتگرد ہلاک
فائل فوٹو۔بلوچستان کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشنز کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 17دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے یہ آپریشنز 24 مئی کے ٹرین واقعہ کے بعد کیے، جو مستونگ، نوشکی، زہری، خضدار اور کیچ کے اضلاع میں کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی ہلاکت سے ان علاقوں میں دہشت گرد نیٹ ورکس کو بہت زیادہ نقصان ہوا، ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، بڑی مقدار میں بارودی مواد اور آئی ای ڈیز برآمد کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہے تھے۔ ان علاقوں میں کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی اداروں کی ملک گیر انسدادِ دہشت گردی مہم بھرپور انداز میں جاری رہے گی اور ملک سے بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خطرے کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔