بی وائی سی کیخلاف قانونی چارہ جوئی کیلئے وکلاء سے مشاورت جاری ہے، ضیاء لانگو
اشاعت کی تاریخ: 19th, June 2025 GMT
اپنے بیان میں سابق وزیر داخلہ ضیاء لانگو نے کہا کہ فورتھ شیڈول میں شامل افراد میں سے کوئی شخص میرے سامنے پیش نہیں ہوا۔ بی وائی سی کا الزام بے بنیاد ہے۔ اسلام ٹائمز۔ سابق وزیر داخلہ بلوچستان ضیاء اللہ لانگو نے بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے عائد الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے خلاف کوئی ثبوت ہے تو سامنے لائے، ورنہ قانونی چارہ جوئی کا حق ہے۔ اپنے جاری بیان میں سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی نے بغیر تحقیق کے جھوٹ اور من گھڑت الزامات عائد کئے۔ اس وقت نہ میں وزیر داخلہ ہوں اور نہ ہی میرے پاس کسی کو فورتھ شیڈول سے نکالنے کا اختیار ہے۔ اس بابت بی وائی سی کا بیان جھوٹ اور من گھڑت ہے۔ فورتھ شیڈول میں شامل افراد میں سے کوئی شخص میرے سامنے پیش نہیں ہوا۔
ضیاء لانگو نے کہا کہ بی وائی سی کے پاس کوئی ثبوت ہے تو بلوچ عوام کے سامنے لائے، ورنہ قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتا ہوں۔ اس حوالے سے وکلاء سے مشاورت جاری ہے۔ بی وائی سی نے ہمیشہ جھوٹ کا سہارا لے کر بلوچ قوم کو ورغلانے کی نہ صرف کوشش کی ہے، بلکہ بیرونی آقاؤں کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے ہمیشہ جھوٹے اور بے بنیاد الزامات کا سہارا لیتی آرہی ہے۔ ہمیشہ سے ان کا وطیرہ رہا ہے کہ پاکستان کی پارلیمانی سیاست کرنے والوں کو بدنام کیا جائے۔ ہم پارلیمانی سیاست اورعوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔
ذریعہ
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: وزیر داخلہ بی وائی سی
پڑھیں:
عوامی مسائل کے حل میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، ضیاء الحسن لنجار
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ عوامی خدمت، فوری انصاف، مؤثر گورننس اور شفاف احتساب کے ذریعے وزیراعلیٰ سندھ کے عوام دوست وڑن کو مزید مضبوط بنایا جائے گا، جبکہ تمام متعلقہ محکمے شہریوں کے مسائل کے بروقت، پائیدار اور مؤثر حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری اور پیشہ ورانہ انداز میں ادا کریں گے۔ اسلام ٹائمز۔ وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے وزیراعلیٰ سندھ کے مرکزی شکایات سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ٹیلیفون پر شہریوں کی شکایات اور مسائل براہِ راست سنے اور مختلف سرکاری محکموں سے متعلق موصول ہونے والی درخواستوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران کو شکایات کے فوری، شفاف اور مؤثر ازالے کے لیے ضروری ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام متعلقہ ادارے مقررہ مدت کے اندر شکایات کے ازالے کو یقینی بناتے ہوئے اپنی تعمیلی رپورٹس پیش کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو بروقت ریلیف کی فراہمی حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے اور ہر جائز شکایت پر فوری، منصفانہ اور مؤثر کارروائی کی جائے گی۔
ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ شہریوں کو سرکاری دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور کرنے کے بجائے ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کریں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ درخواست گزاروں کو ہر شکایت پر ہونے والی عملی پیش رفت سے باقاعدگی سے آگاہ رکھا جائے تاکہ عوام اور سرکاری اداروں کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ شکایات کے ازالے میں غفلت، لاپرواہی یا غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنے والے افسران کے خلاف قانون اور قواعد کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی خدمت صرف ایک انتظامی ذمہ داری نہیں بلکہ حکومت کی بنیادی ترجیح ہے، جس کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو جوابدہی اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔