صدر آصف علی زرداری کا نیول ہیڈکوارٹرز کا دورہ
اشاعت کی تاریخ: 19th, June 2025 GMT
راولپنڈی: صدر آصف علی زرداری نے نیول ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ صدر مملکت کو پاک بحریہ کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس موقع پر صدر زرداری نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔دورے کے دوران نیول چیف نے صدر مملکت کو میری ٹائم سکیورٹی کی موجودہ صورتحال، پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں اورمعرکہ حق میں حاصل کی گئی کامیابیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ صدر مملکت نے معرکہ حق کے دوران پاک بحریہ کے بروقت اور مؤثر ردعمل، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور غیر متزلزل عزم کو سراہتے ہوئے بھارتی جارحیت کے خلاف کامیاب دفاع پر نیوی کو مبارکباد دی۔ایڈمرل نوید اشرف نے صدر کے دورے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ ملکی سمندری سرحدوں اور بحری مفادات کے دفاع کے لیے ہر دم تیار ہے۔
Post Views: 4.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: پاک بحریہ
پڑھیں:
صدر مملکت آصف علی زرداری نے سینیٹ اجلاس کل شام 5 بجے طلب کر لیا
اسلام آباد(نیوز ڈیسک )صدر مملکت آصف علی زرداری نے سینیٹ اجلاس کل شام 5 بجے طلب کر لیا۔سینیٹ سیکرٹریٹ نے اجلاس طلبی کا باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔
بعد ازاں، سینیٹ اجلاس کا 18 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا۔
ایجنڈے میں مختلف وزارتوں سے متعلق سوالات اور اہم قانون سازی شامل ہے، جبکہ سینیٹر شیری رحمٰن ماحولیاتی تبدیلی کمیٹی کی 2 رپورٹس پیش کریں گی۔
اسی طرح ایجنڈے کے مطابق سینیٹر عرفان صدیقی خارجہ امور کمیٹی کی رپورٹ پیش کریں گے، اسی طرح سینیٹر عون عباس یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کی بندش پر رپورٹ ایوان میں رکھیں گے۔
مزید بتایا گیا کہ سینیٹر رانا محمود الحسن نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی ایکٹ میں ترمیمی بل پیش کریں گے جبکہ وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ قانونِ شہادت (ترمیمی) بل 2025 پیش کریں گے۔
وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب ورچوئل ایسٹس آرڈیننس میں 120 روز کی توسیع کی قرارداد پیش کریں گے، اسی طرح وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی فرنٹیر کانسٹیبلری (تنظیمِ نو) آرڈیننس 2025 ایوان میں رکھیں گے۔
وفاقی وزیرِ تعلیم خالد مقبول صدیقی کنگ حمد یونیورسٹی نرسنگ بل اور دانش اسکول اتھارٹی بل پیش کریں گے جبکہ وزیرِ سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ آسان کاروبار بل 2025 سینیٹ میں پیش کریں گے۔