محکمہ پولیس میں ایمانداری کے ساتھ بھرتیاں ہوئی ہیں، وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار
اشاعت کی تاریخ: 21st, June 2025 GMT
وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار : فائل فوٹو
وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار کا کہنا ہے کہ محکمہ پولیس میں ایمانداری کے ساتھ بھرتیاں ہوئی ہیں، ہمارے پاس پولیس اہلکاروں کی تعداد ایک لاکھ 71 ہزار 41 ہے، 153.78 بلین روپے تنخواہوں کی مد میں خرچ ہوتے ہیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ کراچی میں 8 ہزار سے زائد منشیات فروش کو گرفتار کیا گیا۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ چاہتے ہیں کراچی سیف سٹی کم وقت میں بن جائے، سیف سٹی سکھر کیلئے بھی اس سال پیسے رکھے ہیں، لاڑکانہ، حیدرآباد، میرپورخاص میں بھی سیف سٹی منصوبہ لائیں گے۔
ضیا لنجار نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر پابندی کیلئے ایکٹ لا رہے ہیں، اس قانون میں ای چالان متعارف کروایا جا رہا ہے، باڈی کیم پولیس انچارجز کو دیں گے۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار
پڑھیں:
پی اے سی اجلاس، اختیارات سے تجاوز پر محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ کا افسر معطل
کراچی:سندھ اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) نے اختیارات سے تجاوز کرکے محکمے کے سیکریٹری کے بجائے آڈٹ ورکنگ پیپرز پر دستخط کرنے والے محکمہ کالج ایجوکیشن کے سیکشن افسر جنرل ایڈمنسٹریشن کو معطل کردیا۔
پی اے سی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی نثار کھوڑو کی صدارت میں سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں ہوا، جس میں محکمہ کالج ایجوکیشن کے ورکس سروسز کے متعلق 2024-2025 کی آڈٹ پیراز کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں محکمہ کالج ایجوکیشن ورکس کے افسران کی جانب سے مکمل آڈٹ پیراز کے متعلق ریکارڈ فراہم نہ کرنے پر برہمی اور افسران کی کارکردگی پر عدم اعتماد اور آڈٹ کے ورکنگ پیپرز پر محکمے کے پرنسپل اکاؤنٹنگ افسر (سیکریٹری) کے دستخط کے بجائے محکمے کے سیکشن افسر جنرل اور ڈی ڈی او کے دستخط موجود ہونے پر پی اے سی نے برہمی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر کمیٹی کے رکن قاسم سراج سومرو نے استفسار کیا کہ آڈٹ کے ورکنگ پیپرز پر سیکریٹری کے بجائے سیکشن افسر نے دستخط کیوں کیے ہیں،آڈٹ ورکنگ پیپرز پر دستخط کرنے کا مجاز محکمے کا سیکریٹری ہے سیکشن افسر یا ڈی ڈی او نہیں ہے۔
چیئرمین پی اے سی نثار کھوڑو نے کہا کے محکمے کے سیکریٹری کے بجائے سیکشن افسر نے آڈٹ کے کاغذات پر دستخط کرکے اختیارات سے تجاوز کیا ہے۔
پی اے سی نے اختیارات سے تجاوز کرکے محکمے کے سیکریٹری کے بجائے آڈٹ ورکنگ پیپرز پر دستخط کرنے والے محکمہ کالج ایجوکیشن کے سیکشن افسر جنرل ایڈمنسٹریشن اور ڈی ڈی او غلام مصطفی کو معطل کردیا اور محکمے کے سیکریٹری کو حکم دیا گیا کہ پی اے سی کے لیے کسی 19 ویں گریڈ کے ایڈیشنل سیکریٹری کو فوکل پرسن نامزد کیا جائے۔