ڈیجیٹل ڈیپریشن اور سوشل میڈیا پر مقابلے کا رجحان
اشاعت کی تاریخ: 22nd, June 2025 GMT
آج کے جدید دور میں جہاں زندگی کے بیشتر پہلو ڈیجیٹل ہوچکے ہیں، وہاں انسانی ذہن اورکیفیات بھی تبدیل ہو چکے ہیں۔ سوشل میڈیا کا وجود بظاہر ہمیں ایک دوسرے سے جوڑنے کا ذریعہ نظر آتا ہے، مگر درحقیقت یہ ہمیں آہستہ آہستہ اندر سے توڑ رہا ہے۔
ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر ہر لمحہ بدلتی تصاویر، کامیاب زندگیوں کی جھلک اور مستقل موجودگی کی طلب، لاشعوری طور پر ایک ایسی نفسیاتی الجھن پیدا کردیتی ہے، جو غیر محسوس ہوتی ہے، لیکن جذباتی طور پر تھکا دیتی ہے۔ اس تھکن کو ڈیجیٹل ڈپریشن کا نام دیا گیا ہے۔ ڈیجیٹل ڈیپریشن میں مبتلا ہو کر فرد سوشل میڈیا پر دیکھے جانے والے مثالی زندگیوں اور اپنے روزمرہ معمولات کے درمیان فرق سے خود کوکمتر، ناکام اور بے معنی محسوس کرنے لگتا ہے۔
ہر پوسٹ، ہر تصویر، ہرکامیابی کا اعلان کسی نہ کسی طور پر مقابلے کا ماحول پیدا کرتا ہے۔ یہ مقابلہ براہ راست نہیں ہوتا، مگر دل و دماغ میں ایک خاموش، مسلسل چبھن کی صورت اختیار کر لیتا ہے۔ نوجوان نسل بلا سوچے سمجھے مقابلے کی اس دوڑ میں شامل ہو جاتی ہے۔ ایک نفسیاتی تجزیہ نگار کے مطابق:’’ جب موازنہ مستقل ہو، تو روح بے چین ہو جاتی ہے۔ سوشل میڈیا نے روزمرہ زندگی کو خوبصورتی کے مقابلے، کامیابی کی دوڑ اور مقبولیت کی جنگ میں بدل دیا ہے۔‘‘ مقابلے کی یہ دوڑ نوجوان نسل کی نفسیات پر حاوی ہو چکی ہے۔ وہ اس دور میں شریک ہو کر کئی کئی گھنٹے اپنے وقت کا ضیایع کرتے رہتے ہیں۔
اکثر نوجوان، خاص طور پر 16 سے 30 سال کے درمیان کی عمر کے افراد، اس نفسیاتی دباؤ کا شکار ہو رہے ہیں۔ ایک عام دن میں جب وہ انسٹا گرام یا فیس بک کی طلسماتی دنیا میں داخل ہوتے ہیں تو درجنوں ایسی تصویریں، پوسٹس اور وڈیوز ان کے سامنے آتی ہیں، جن میں خوشی،کامیابی اور خوبصورتی کو نمائش کی حد تک دکھایا جاتا ہے، جب کہ یہ تصاویر حقیقت کے قریب نہیں ہوتیں، بلکہ فلٹرز، زاویوں اور ایڈیٹنگ کی مدد سے تیار کی جاتی ہیں، مگر دیکھنے والے کے دل میں یہ خیال ضرور جنم لیتا ہے کہ ’’ میں اس قدر خوش کیوں نہیں ہوں؟‘‘ یا ’’میری زندگی اتنی کامیاب کیوں نہیں ہے؟‘‘ایک مشہور ماہرِ نفسیات ڈاکٹر سارہ لیوس کا کہنا ہے:
''People are no longer comparing themselves to who they were yesterday, but to the idealized versions of others that do not even exist in real life.
(ترجمہ: ’’ لوگ اب خود کو اپنے کل سے نہیں بلکہ دوسروں کی ایسی مثالی تصاویر سے موازنہ کر رہے ہیں جو حقیقی زندگی میں وجود ہی نہیں رکھتیں۔‘‘)
یہ صورتحال نہ صرف جذباتی تھکن کا باعث بنتی ہے بلکہ جسمانی طور پر بھی اس کیفیت کے اثرات دکھائی دیتے ہیں، جو اکثر نیند کی کمی، سستی، بے چینی اور جسمانی درد جیسی علامات کے ذریعے ظاہر ہوتے ہیں۔ یہ کیفیت اس وقت بڑھ جاتی ہے جب فرد مستقل طور پر فون یا کمپیوٹر کی اسکرین سے جُڑا رہتا ہے اور اس کا ذہن ہر وقت موازنہ، حسرت اور بیزاری کے کرب سے گزرتا ہے۔ جدید تحقیق کے مطابق، مسلسل اسکرین پر رہنے سے دماغ کے وہ حصے متاثر ہوتے ہیں، جو خوشی اور تسکین کو پیدا کرتے ہیں اور یوں ڈپریشن کی علامتیں بتدریج گہری ہوتی جاتی ہیں۔
سوشل میڈیا پر مقابلے کا کلچر ایک خاموش زہرکی مانند ہے۔ انسان خود کو مسلسل ایک دوڑ میں بھاگتے محسوس کرتا ہے جہاں ہر کوئی بہتر نظر آنا چاہتا ہے، مگر اصل سوال یہ ہے کہ بہتر کس کے مقابلے میں؟ اور کس کے لیے؟ ہم نہ صرف دوسروں کی تصویروں کو دیکھ کر خود کو کمتر سمجھتے ہیں، بلکہ اپنی زندگی کو بھی انھی پیمانوں سے جانچنے لگتے ہیں جنھیں سوشل میڈیا نے وضع کیا ہے۔ جیسے مہنگی چھٹیاں، لگژری اشیاء، رومانوی تعلقات کی خوش کن جھلکیاں یا جسمانی خوبصورتی کا غیر حقیقی معیار نظر آتا ہے۔
دیکھا جائے تو سوشل میڈیا کا استعمال مکمل طور پر منفی نہیں ہے۔ یہ معلومات فراہم کرنے کا موثر ذریعہ بھی ہے، تخلیق کا پلیٹ فارم بھی اور رابطوں کا وسیلہ بھی۔ لیکن جب اس کا استعمال اعتدال سے باہر ہو جائے، تب یہ نقصان دہ ہو جاتا ہے۔ جو نوجوان ہر وقت دوسروں کی زندگیوں کو دیکھ کر اپنی زندگی کا موازنہ کرتے ہیں، وہ نہ صرف اپنی انفرادیت کھو دیتے ہیں بلکہ وہ ایک ایسی دوڑ میں شامل ہوجاتے ہیں جس کی منزل ہی نہیں۔
اس کیفیت سے نکلنے کے لیے سب سے پہلا قدم یہ ہے کہ ہم اپنی زندگی کو اپنی نظر سے دیکھنا سیکھیں، نہ کہ دوسروں کی فلٹر شدہ دنیا سے۔ ہمیں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ سوشل میڈیا پر جو کچھ نظر آتا ہے، وہ مکمل سچ نہیں ہوتا۔ ہر شخص کی زندگی میں دکھ، ناکامی اور کمزور لمحے ہوتے ہیں، مگر وہ دکھ پوسٹ نہیں کیے جاتے۔ ہمیں یہ سیکھنے کی ضرورت ہے کہ دوسروں کی کامیابیوں سے متاثر ہونے کے بجائے، ان سے سیکھا جائے، لیکن اپنا راستہ خود چُنا جائے۔
اندھی تقلید بہت سے مسائل پیدا کرتی ہے۔اس سے جتنا دور رہا جائے اتنا ہی بہتر ہے۔ایک اور پہلو جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا وہ خاندان، اسکول اور سماجی اداروں کا کردار ہے۔ نوجوانوں کو ایسے ماحول کی ضرورت ہے جہاں ان کی خودی، تخلیق اور جذبات کی قدر ہو۔ جہاں انھیں یہ سکھایا جائے کہ خوشی اندر سے آتی ہے اورکامیابی کا مطلب صرف شہرت یا پیسہ نہیں ہوتا۔ ذہنی صحت کی تعلیم، خود آگاہی اور ڈیجیٹل اعتدال پر مبنی تربیت اس دور کی اشد ضرورت ہے۔سوشل میڈیا کی دنیا میں زندہ رہنے کے لیے ہمیں جذباتی پختگی، خود اعتمادی اور حقیقت پسندی کی ضرورت ہے۔ ہمیں اپنے بچوں اور نوجوانوں کو یہ سکھانا ہوگا کہ وہ اپنے دل کی سُنیں، اپنی محنت پر یقین رکھیں اور اسکرین پر دکھنے والی دنیا کو محض ایک جھلک سمجھیں، مکمل حقیقت نہیں۔
ڈیجیٹل ڈیپریشن اور سوشل میڈیا پر مقابلے کا بڑھتا رجحان دراصل انسان کے فطری جذبات سے ٹکرا رہا ہے۔ ہمیں اس ٹکراؤ کو پہچاننا ہوگا، سمجھنا ہوگا اور اس کا سامنا کرنا ہوگا۔ صرف تب ہی ہم ایک ایسی دنیا تخلیق کر سکیں گے جہاں اسکرین کے پیچھے بھی ایک مطمئن، خوش اور حقیقی انسان موجود ہو، جو مقابلے کی دوڑ سے آزاد ہو کر اپنی ذات میں واپس لوٹ چکا ہو۔
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: سوشل میڈیا پر پر مقابلے کا کی ضرورت ہے دوسروں کی ہوتے ہیں خود کو
پڑھیں:
سوشل میڈیا پر دولت کی نمود و نمائش کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ
ایف بی آر نے کم ٹیکس دینے والے اور ٹیکس نیٹ سے باہر سوشل میڈیا پر دولت کی نمود و نمائش کرنے والے امیر لوگوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع ایف بی آر نے کہا کہ ایف بی آر سوشل میڈیا ٹیم نے شاہانہ لائف اسٹائل رکھنے والے ایک لاکھ امیر افراد کا ڈیٹا جمع کر لیا، بڑے بڑے بنگلوں، چمچماتی گاڑیوں، زیورات کی نمائش کرنے والوں کی آمدنی اور اخراجات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ایف بی آر حکام کے مطابق شادیوں پر شاہانہ اخراجات کرنے والے بھی زد میں آئیں گے، شادیوں پر بیس، بیس ہزار ڈالرمالیت کے سوٹ استعمال کیئے جارہے ہیں، انکم ٹیکس گوشواروں میں شاہانہ لائف اسٹائل ظاہر نہ کرنے والے پکڑمیں آئیں گے۔
ایف بی آر نے کہا کہ گزشتہ سال جمع کرائے گئے گوشواروں کا اس سال سے موازنہ کرے گا، مجموعی گوشواروں میں سے 80 فیصد کا آڈٹ کیا جائےگا، دولت کی نمائش کرنے والوں کو ٹیکس ریٹرن کے ذریعے ذرائع آمدن بتانا ہوں گے۔
ایف بی آر حکام کے مطابق گوشواروں میں سالانہ آمدن کا اضافہ ظاہرنہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، ایسے لوگ قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے اپنے ٹیکس ریٹرن اپ ڈیٹ کر لیں۔
ایف بی آر نے انتباہ کیا کہ انکم ٹیکس گوشواروں میں اپ ڈیٹڈ معلومات دینے والوں کو فی الحال کچھ نہیں کہا جائے گا۔
Post Views: 5