بنگلہ دیش کا سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 23rd, June 2025 GMT
ڈھاکا:
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا۔ لٹن داس کو ٹیم میں واپس بلا لیا گیا ہے۔
چیف سلیکٹر غازی اشرف حسین کا کہنا ہے کہ لٹن داس کی واپسی ان کے ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بننے کے بعد عمل میں آئی ہے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ لٹن داس کی حالیہ ون ڈے کارکردگی مایوس کن رہی ہے تاہم ان کی فارم واپس آنے کی امید ہے۔
لٹن داس نے دسمبر 2023 سے دسمبر 2024 کے دوران نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے دوروں میں صرف 35 رنز بنائے تھے، جس کے بعد انہیں چیمپئنز ٹرافی سے ڈراپ کر دیا گیا تھا۔
سلیکٹرز نے اوپنر محمد نعیم، بیٹر شميم حسین، اسپنر تنویر اسلام اور فاسٹ بولر حسن محمود کو بھی اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔ تنویر اسلام کو پہلی بار ون ڈے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
چیف سلیکٹر نے بتایا کہ سومیہ سرکار کو مکمل فٹ ہونے کے بعد ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔ وہ پچھلے ایک سال میں کئی انجری مسائل کا شکار رہے جن میں گھٹنے، انگلی اور کمر کی تکالیف شامل ہیں۔
اسکواڈ میں پانچ فاسٹ بولرز کو شامل کیا گیا ہے تاکہ مستفیض الرحمٰن، تسکین احمد اور ناہید رانا کا بوجھ کم کیا جا سکے۔ ان تینوں بولرز کی فٹنس اور ورک لوڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے۔
بنگلہ دیش کے دو سینئر کھلاڑی محمود اللہ اور مشفق الرحیم حال ہی میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں۔ محمود اللہ نے تمام فارمیٹس جبکہ مشفق الرحیم نے ون ڈے فارمیٹ کو خیرباد کہا۔
تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کا پہلا میچ دو جولائی، دوسرا پانچ جولائی اور تیسرا آٹھ جولائی کو کھیلا جائے گا۔ پہلے دو میچ کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں ہوں گے جبکہ آخری میچ پالی کیلے میں شیڈول ہے۔
بنگلہ دیش اسکواڈ میں مہدی حسن مرزا (کپتان)، تنزید حسن، پرویز حسین ایمان، محمد نعیم، نجم الحسن شانتو، توحید ہریدوی، لٹن داس، جاکر علی، شميم حسین، رشاد حسین، تنویر اسلام، مستفیض الرحمٰن، تنزیم حسن، تسکین احمد، ناہید رانا اور حسن محمود شامل ہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: بنگلہ دیش شامل کیا لٹن داس گیا ہے
پڑھیں:
ویسٹ انڈیز کا پاکستان کیخلاف سیریز میں اہم کھلاڑی کوآرام دینے کا فیصلہ
ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف تین ایک روزہ میچز کی سیریز میں فاسٹ بولر الزاری جوزف کو آرام دے دیا جبکہ آل راؤنڈر روماریو شیفرڈ کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا۔
الزاری جوزف (جن کو پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی آرام دیا گیا تھا) اپنا ورک لوڈ منیجمنٹ جاری رکھیں گے۔
دوسری جانب روماریو شیفرڈ نے آخری ایک روزہ میچ دسمبر 2024 میں کھیلا اور رواں برس وہ انگلینڈ اور آئرلینڈ کے خلاف سیریز میں ٹیم کا حصہ نہیں تھے۔
انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ فارمیٹ کی سیریز میں 0-3 سے کلین سوئپ ہونے والی انگلینڈ کی ٹیم اس وقت رینکنگ میں 10 ویں نمبر پر ہے اور 2027 کے ون ڈے فارمیٹ ورلڈ کپ میں براہ راست پہنچنے کے لیے اہم پوائنٹس پر نظریں جمائے ہوئے ہے۔