خامنہ ای کی روس سے اسرائیل امریکا کیخلاف مدد کی اپیل؛ پوٹن کا جواب سامنے آگیا
اشاعت کی تاریخ: 23rd, June 2025 GMT
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے دورۂ روس میں صدر پوٹن سے ملاقات کے دوران آیت اللہ خامنہ ای کا خصوصی پیغام پہنچایا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے ایرانی وزیر خارجہ سے گفتگو میں امریکی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایران کے خلاف مکمل طور پر بلاجواز اور بلا اشتعال جارحیت ہے۔ ہم ایرانی عوام کی مدد کے لیے کوششیں کریں گے۔
پیوٹن نے اس ملاقات میں یہ بھی انکشاف کیا کہ اسرائیل نے بوشہر نیوکلیئر پاور پلانٹ میں کام کرنے والے روسی ماہرین کے ان حملوں میں محفوظ رہنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
روسی صدر نے ملاقات میں ایرانی وزیر خارجہ سے کہا کہ میری نیک تمنائیں ایرانی صدر مسعود پزیشکیان اور رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای تک پہنچائیں۔
یہ خبر پڑھیں : اسرائیل اور امریکا کیخلاف کھل کر ایران کی مدد کریں؛ خامنہ ای کی پوٹن سے اپیل
روسی صدر ولادیمیر پوٹن کا مزید کہنا تھا کہ یہ ملاقات ہمیں موجودہ صورتحال سے نکلنے کے راستے تلاش کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔
خیال رہے کہ یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا نے 1979 کے انقلاب کے بعد ایران کے خلاف سب سے بڑا فوجی حملہ کیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے سپریم لیڈر کو قتل کرنے اور حکومت تبدیل کرنے کی کھلی باتوں پر روس کو شدید تحفظات ہیں۔
قبل ازیں اپنے ایک بیان میں پوٹن اسرائیلی حملوں کی نہ صرف مذمت بلکہ جوہری پروگرام کے حوالے امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کی پیشکش بھی کر چکے ہیں۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
اسمعیل بقائی کیساتھ جاپان و ہالینڈ کے سفیروں کی ملاقات
تہران میں جاپان و ہالینڈ کے سفیروں نے آج ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کیساتھ علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی ہیں اسلام ٹائمز۔ تہران میں جاپان و ہالینڈ کے سفیروں تماکی تسوکادا اور ایمائل ڈی بونٹ نے آج ایرانی وزارت خارجہ کے دفتر میں ترجمان اسمعیل بقائی کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی ہیں۔ اس حوالے سے جاری ہونے والے اپنے بیان میں ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے لکھا کہ آج میں نے اپنے دفتر میں ایران میں جاپانی سفیر مسٹر تماکی تسوکادا کے ساتھ ملاقات کی جس کے دوران انتہائی مثبت گفتگو ہوئی۔ اسمعیل بقائی نے لکھا کہ ایران و جاپان کی دوستی ایک طویل تاریخ پر محیط ہے کہ جس کو نہ صرف احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے بلکہ اسے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی بنیاد بھی قرار پانا چاہیئے۔ ہالینڈ کے سفیر ایمائل ڈی بونٹ نے بھی آج ایرانی وزارت خارجہ کے دفتر میں ترجمان اسمعیل بقائی کے ساتھ ملاقات و گفتگو کی۔ اس حوالے سے ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید لکھا کہ آج ہم نے تہران میں ہالینڈ کے سفیر مسٹر ایمائل ڈی بونٹ کے ساتھ بھی ملاقات کی جس کے دوران بین الاقوامی تعلقات کے میدان میں موجود اُن تشویشناک رجحانات پر تبادلہ خیال کیا گیا جو کثیرالجہتی اور قانون کی بالادستی کو مسلسل کمزور بنا رہے ہیں۔