وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، خطے کی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال
اشاعت کی تاریخ: 24th, June 2025 GMT
اسلام آباد:
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ٹیلیفونک گفتگو کی ہے، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی امن اور حالیہ عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے دلی احترام اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے رواں برس حج کے کامیاب انعقاد پر سعودی قیادت کو مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے پاکستانی حجاج کرام کی شاندار مہمان نوازی پر سعودی عرب کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم نے بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران سعودی عرب کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جموں و کشمیر، پانی، تجارت اور دہشت گردی سمیت تمام اہم تنازعات کے پرامن اور بامعنی حل کے لیے بھارت کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ میں حالیہ ابھرتی ہوئی کشیدہ صورتحال پر بھی غور کیا، خصوصاً اسرائیل-ایران بحران کے تناظر میں۔ وزیراعظم نے علاقائی کشیدگی میں فوری کمی، مذاکرات کے ذریعے مسئلے کے حل اور سفارتی ذرائع کے استعمال پر زور دیا۔ انہوں نے گزشتہ رات کے حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے تمام فریقوں سے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت تحمل اختیار کرنے کی اپیل کی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی مدبرانہ قیادت اور امن کے قیام کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نہ صرف مسلم دنیا بلکہ عالمی سطح پر امن و استحکام کی علامت کے طور پر ابھرا ہے۔
سعودی ولی عہد نے وزیراعظم شہباز شریف کی ٹیلیفون کال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کی یکجہتی اور حمایت کو سراہا۔ انہوں نے مشرق وسطیٰ میں امن و خوشحالی کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کی تعریف کی اور اس بات کا اعادہ کیا کہ سعودی عرب اس مقصد کے لیے پرعزم ہے۔
Post Views: 5.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
برطانوی وزیر ٹریڈ پالیسی کی ملاقات، دوطرفہ تجارت کے وسیع مواقع موجود: احسن اقبال
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال سے برطانوی منسٹر آف اسٹیٹ برائے تجارتی پالیسی نے ملاقات کی۔ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان باہمی تجارت کے فروغ پر زور دیا گیا۔ احسن اقبال نے حکومت کی گزشتہ تین سال کے معاشی استحکام اور ترقی کی کاوشوں سے آگاہ کیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان گہرے ثقافتی تعلقات اور مضبوط عوامی روابط ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھانے کے وسیع امکانات ہیں۔