محرم الحرام میں سکیورٹی انتظامات؛ سوشل میڈیا کی سخت مانیٹرنگ ہوگی
اشاعت کی تاریخ: 25th, June 2025 GMT
اسلام آباد:
ملک بھر میں محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا کی سخت مانیٹرنگ کی جائے گی۔
وفاقی دارالحکومت میں محرم الحرام کے دوران سکیورٹی اور دیگر انتظامات کے حوالے سے وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں محرم الحرام کے ایام میں امن و امان برقرار رکھنے، جلوسوں اور مجالس کی حفاظت اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو یقینی بنانے سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے تمام جلوسوں اور مجالس کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کے احکامات دیے اور ہدایت کی کہ فول پروف سکیورٹی کے لیے سیف سٹی کے تحت ایک مرکزی کنٹرول روم قائم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں کی حفاظت کے لیے درجاتی حصار قائم کیے جائیں گے اور اس مقصد کے لیے جامع ٹریفک پلان بھی ترتیب دے دیا گیا ہے۔
تمام امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کے مقامات کی جیو ٹیگنگ مکمل کر لی گئی ہے تاکہ سکیورٹی اداروں کو بروقت رسائی حاصل ہو۔ وزیر داخلہ نے خبردار کیا کہ اشتعال انگیز مواد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی اور سوشل میڈیا کی کڑی مانیٹرنگ کی جائے گی تاکہ کوئی انتشار پیدا نہ ہو۔ انہوں نے زور دیا کہ جلوسوں اور مجالس کی نگرانی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال یقینی بنایا جائے۔
محسن نقوی نے ہدایت کی کہ ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کے کھانے پینے کے انتظامات کا خصوصی خیال رکھا جائے اور انہیں شفٹوں میں تعینات کیا جائے تاکہ وہ مستعدی سے فرائض انجام دے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے لیے ہر ممکن سکیورٹی انتظام یقینی بنایا جائے۔
امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام سے قریبی رابطے رکھنے پر بھی زور دیا گیا اور ضابطہ اخلاق کی مکمل پابندی کو لازمی قرار دیا گیا۔ وزیر داخلہ نے معاشرے کے تمام طبقات سے اپیل کی کہ وہ محرم الحرام کے دوران فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور ڈی آئی جی اسلام آباد نے محرم الحرام کے حوالے سے کیے گئے انتظامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد میں محرم کے دوران 181 جلوس اور 965 مجالس کا انعقاد کیا جائے گا، جن کا سکیورٹی آڈٹ مکمل کر لیا گیا ہے۔
اجلاس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، اے ڈی سی جی، ڈی آئی جیز، تمام ایس پیز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: محرم الحرام کے وزیر داخلہ اسلام آباد کے دوران کے لیے
پڑھیں:
بلوچستان میں لیویز ایکٹ 2010ء کے تمام نوٹیفکیشنز واپس
محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق لیویز فورس کے تمام امور اب نئے قانون "لیویز ترمیمی ایکٹ 2025ء " کے تحت چلائے جائیں گے۔ اسلام ٹائمز۔ حکومت بلوچستان نے لیویز ایکٹ 2010ء کے تمام نوٹیفکیشنز واپس لے لیے ہیں۔ محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق لیویز فورس کے تمام امور اب نئے قانون "لیویز ترمیمی ایکٹ 2025ء " کے تحت چلائے جائیں گے۔ صوبائی حکومت نے لیویز فورس کے نظام میں اصلاحات کے تحت لیویز ایکٹ 2010ء کے تمام پرانے نوٹیفکیشنز واپس لے لیے ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ نیا قانون محکمہ داخلہ کے ڈھانچے اور ادارہ جاتی کارکردگی کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا اور عوامی سہولیات کی فراہمی میں بھی اضافہ کرے گا۔ محکمہ داخلہ نے مزید بتایا کہ لیویز نظام کو جدید قانون سازی کے مطابق ہم آہنگ کیا جارہا ہے تاکہ فورس کی کارکردگی میں بہتری آئے اور عوام کو بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں۔