کراچی؛ عدالتی حکم پر فلیٹ خالی کروانے جانے والی ٹیم کو اداکارہ کی 2 ہفتے پرانی لاش ملی
اشاعت کی تاریخ: 8th, July 2025 GMT
کراچی کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی میں واقع ایک فلیٹ سے معروف اداکارہ اور ماڈل 32 سالہ حمیرا اصغر علی کی لاش ملی ہے۔
گزری تھانے کی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ اداکارہ کی لاش تقریباً دو ہفتے پرانی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اداکارہ 2018 سے فلیٹ میں کرائے پر اکیلی رہ رہی تھیں اور 2024 سے کرایہ ادا نہیں کیا تھا۔
جس پر فلیٹ کے مالک نے خاتون کے خلاف کیس کیا ہوا تھا اور آج بیلف فلیٹ خالی کروانے پہنچا تھا۔ دروازہ کھٹکھٹانے پر اندر سے کوئی جواب نہیں آیا۔
جس پر تالا توڑ کر فلیٹ کے اندر داخل ہوئے تو وہاں اداکارہ کی لاش پڑی تھی۔ ابتدائی تحقیق میں موت کی وجہ کا تعین نہیں ہو سکا۔
لاش کو قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ تاحال کوئی ورثا سامنے نہیں آئے۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ سید نے تصدیق کی کہ لاش شدید گلنے سڑنے کے مرحلے میں ہے۔
تاہم حیران کن طور پر فلیٹ پر پہنچنے والی ٹیم اور آس پاس رہنے والوں کو لاش کی بو محسوس نہیں ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کرائم سین یونٹ نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔
علاقہ مکینوں نے بتایا کہ حمیرا اصغر علی ماڈلنگ کے ساتھ ساتھ اداکاری بھی کرتی تھیں اور اس فلیٹ میں کرائے پر رہتی تھیں۔
وہ فٹنس ٹرینر بھی تھیں اور کئی مارننگ شوز میں ٹپس دیتی تھیں۔ ایک رئیلیٹی شو میں بھی کام کیا اور چند چھوٹے کردار بھی ادا کیے تھے۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی ائیرپورٹ سے کوئٹہ جانے والی خاتون مسافر کا سونا غائب ہونے کا انکشاف
کراچی ائیرپورٹ سے کوئٹہ جانے والی خاتون مسافر کا سونا غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق خاتون مسافر نے گولڈ جیولری غائب ہونے کی شکایت کی، خاتون مسافرگذشتہ روز کراچی ائیرپورٹ سے کوئٹہ روانہ ہوئی تھیں۔
خاتون نے کہا کہ جب کوئٹہ پہنچی تو چیک کرنے پر اس کی گولڈ جیولری غائب تھی۔
ذرائع نے کہا کہ خاتون مسافر کی شکایت پر پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی نے معاملے کی تحقیقات شروع کردی۔