حفیظ سنٹر پلازہ شارٹ سرکٹ سے آگ بھڑک اٹھی، کروڑوں کا نقصان
اشاعت کی تاریخ: 11th, July 2025 GMT
لاہور (نامہ نگار) گلبرگ کے علاقے میں واقع معروف پلازے حفیظ سنٹر کے بیسمنٹ میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی۔ آتشزدگی کی وجہ سے کروڑوں روپے مالیت کا نقصان ہوا ہے۔ 1122 کے عملے نے آگ پر قابو پا لیا۔ حفیظ سنٹر پلازہ میں داخلی راستوں پر پولیس اہلکار تعینات کر دئیے گئے۔ آتشزدگی سے ہونے والے نقصان کی مالیت کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔ آگ نے پلازے کے تین منزلوں کے ایک حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ علاوہ ازیں تہہ خانے میں متاثرہ دکانوں کے تاجر دکانوں سے اپنا سامان نکالنے کی کوشش کرتے نظر آئے جبکہ پولیس انہیں بیسمنٹ میں جانے سے روکتی رہی۔ بعض تاجر اپنے نقصان پر روتے رہے۔ سینئر تاجر رہنماشیخ فیاض نے کہا آگ کے باعث کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی جبکہ دھویں سے دکانوں میں کمپیوٹرز، لیب ٹاپ اور فون متاثر ہوئے ہیں۔ بیسمنٹ میں موجود گاڑیاں بچ گئیں، تاہم چند موٹرسائیکلوں کو نقصان پہنچا۔ دریں اثناء سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے دوران آپریشن جائے حادثہ کا دورہ کیا اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آگ پلازہ کی بیسمنٹ میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
بنوں؛ تھانے اور گھر پر ڈرون سے حملہ، خاتون جاں بحق
پشاور:خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں تھانے اور ایک گھر پر ڈرون سے حملہ کیا گیا، جس میں خاتون جاں بحق ہوگئی۔
پولیس کے مطابق میریان اور ہوید کی حدود میں ڈرون سے دو الگ الگ حملے ہوئے۔ پہلا حملہ پولیس اسٹیشن جبکہ دوسرا حملہ ایک رہائشی گھر پر ہوا۔
ڈرون حملے میں خاتون جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈرون حملے کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ڈرون اونچائی پر تھا اس لیے نشانہ نہ بنایا جا سکا۔
پولیس نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ڈرون حملہ مسلح افراد کی جانب سے کیا گیا اور اس حوالے سے سرچ آپریشن جاری ہے۔