لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب کشمیری آج یومِ شہدائے کشمیر منا رہے ہیں
اشاعت کی تاریخ: 13th, July 2025 GMT
لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب آج کشمیری عوام 13 جولائی 1931ء کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے یومِ شہدائے کشمیر منا رہے ہیں۔اس دن کی مناسبت سے دنیا بھر میں مقیم کشمیری ریلیاں، جلسے، جلوس اور تقریبات منعقد کر رہے ہیں جن میں تحریکِ آزادی کشمیر کے ان بائیس عظیم شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔13 جولائی 1931ء تحریک آزادی کشمیر کا وہ تاریخی سنگِ میل ہے جب عبدالقدیر نامی کشمیری کے مقدمے کی سماعت جیل میں جاری تھی، جیل کے باہر ہزاروں کشمیری جمع تھے، وقتِ ظہر آیا، ایک نوجوان نے اذان شروع کی، ڈوگرہ فوج نے گولی مار دی، پھر دوسرا، تیسرا، چوتھا یکے بعد دیگرے 22 جوان شہید کر دیئے گئے، مگر اذان مکمل ہوئی اور تاریخ گواہ بن گئی کہ یہ قربانی کشمیر کی آزادی کی بنیاد ہے۔کشمیری عوام ہر سال اس دن کو یومِ شہداء کشمیر کے طور پر مناتے ہیں، سات دہائیوں سے زائد عرصہ سے وہ بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف جدوجہد میں مصروف ہیں، اور قربانیوں کی لازوال داستان رقم کر رہے ہیں۔بھارت نے آج بھی مقبوضہ جموں و کشمیر کو ظلم و جبر کی آماجگاہ بنا رکھا ہے، گزشتہ تین دہائیوں میں 96 ہزار سے زائد کشمیری شہید کئے جا چکے ہیں، دو لاکھ سے زائد بچے یتیم ہو چکے ہیں، اور ہزاروں کشمیری بھارت کی بدنامِ زمانہ جیلوں میں قید ہیں۔صدرِ مملکت اور وزیراعظم پاکستان نے بھی یومِ شہدائے کشمیر کے موقع پر اپنے پیغامات میں ان شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔اپنے پیغام میں صدر آصف زرداری نے کہا کہ 22 عظیم کشمیریوں نے ظلم و جبر کے خلاف آواز بلند کر کے تاریخ رقم کی، پاکستان ان کی بہادری اور قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یومِ شہداء کشمیر ان عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو کشمیری عوام نے حقِ خودارادیت کے لیے دی ہیں اور دے رہے ہیں، حکومت پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔ان کا کہنا تھا کہ آج کے دن پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: کشمیری عوام کشمیر کے رہے ہیں
پڑھیں:
ملتان یونیورسٹی اور لیجنڈ انسٹیٹیوٹ کے طلباء و اساتذہ کا ملتان گیریژن کا دورہ، شہداء کو خراجِ عقیدت اور پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا
ملتان(نیوز ڈیسک) ملتان یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور لیجنڈ انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز کے طلباء و اساتذہ نے ملتان گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
دورے کے دوران طلباء کو اسالٹ کورس، فائرنگ کے طریقہ کار اور جدید ٹینکوں کے حوالے سے آگاہی دی گئی۔ اس موقع پر پاک فوج کے افسران نے طلباء کو ملکی دفاع، عسکری تربیت اور جدید جنگی تیاریوں سے متعلق بریفنگ دی۔
دورے کا مقصد سول و ملٹری تعلقات میں ہم آہنگی کو فروغ دینا اور نوجوان نسل کو وطن کے دفاع میں پاک فوج کے کردار سے روشناس کرانا تھا۔
طلباء و طالبات نے پاک فوج کی قربانیوں کو امن کی ضمانت قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہداء کے والدین قوم کے اصل محسن ہیں۔ ایک طالبہ نے کہا کہ وہ پاک فوج کی شکر گزار ہے جس کی بدولت آج ہم آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں۔
دوسری طالبات نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے جدید دفاعی آلات اور عملی مشقوں کا شاندار مظاہرہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کا اصل امتیاز اس کا اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار اور وطن سے بے لوث محبت ہے۔
اساتذہ نے بھی اس موقع پر کہا کہ پاک فوج کے بہادر جوان ہر وقت ملک کے دفاع کے لیے تیار ہیں، قوم ان کے جذبۂ قربانی کو سلام پیش کرتی ہے۔