دلخراش واقعہ : چیتا 8 سالہ بچی کو گھر سے اٹھاکر لے گیا
اشاعت کی تاریخ: 27th, July 2025 GMT
آزاد جموں کشمیر کے ضلع جہلم ویلی کے سرحدی گاؤں میں خونخوار چیتے نے 8 سالہ بچی کی جان لے لی۔
پولیس نے تصدیق کی ہے کہ یہ دلخراش واقعہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب واقع گاؤں پنڈو نالہ میں پیش آیا، جو چناری سے تقریباً 15 کلومیٹر اور مظفرآباد سے 65 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
چناری پولیس اسٹیشن کے اہلکار عبد الواحد کے مطابق 8 سالہ جویریہ بنت غلام مصطفیٰ اعوان دوسری جماعت کی طالبہ تھی، اپنے گھر کے صحن میں کھیل رہی تھی کہ اچانک ایک چیتا نمودار ہوا اور اسے اٹھا کر لے گیا۔
جویریہ کے اچانک لاپتہ ہونے پر اہل خانہ اور اہلِ محلہ نے فوری طور پر تلاش شروع کی اور تین گھنٹے تک قریبی کھیتوں اور جنگلات میں تلاش جاری رکھی، بالآخر بچی کی لاش گھر سے تقریباً نصف کلومیٹر دور ایک گھنے جھاڑیوں والے علاقے سے ملی۔
پولیس اہلکار نے بتایا کہ چیتے نے مبینہ طور پر جاویریہ کی گردن پر کاٹا، اس کا خون چوسا اور پھر لاش کو جھاڑیوں میں چھوڑ کر قریبی جنگل کی طرف فرار ہو گیا۔
اس واقعہ نے پورے علاقے کو صدمے میں مبتلا کر دیا اور خوف کے باعث کئی دیہاتی گھروں میں محصور ہو گئے ہیں۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
بلوچستان میں فائرنگ کا ایک اور واقعہ؛ ایم-8 شاہراہ پر 3 افراد قتل
کوئٹہ:بلوچستان میں فائرنگ کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے، جس میں شاہراہ سے تین افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
پولیس کے مطابق بلوچستان کے ضلع خضدار میں ایم 8 شاہراہ کے قریب 3 افراد کی گولیاں لگی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ نامعلوم افراد نے مقتولین کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتارا، جن کی شناخت عبدالمجید، عطاالرحمن اور ممتاز کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق تینوں افراد کا تعلق خضدار ہی سے بتایا گیا ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ نامعلوم افراد کی جانب سے تینوں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد ان کی لاشیں سڑک کنارے پھینک دی گئیں۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور لاشوں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے ٹیچنگ اسپتال خضدار منتقل کر دیا گیا۔
پولیس نے شواہد اکٹھے کرنے کے ساتھ ساتھ واقعے کی تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا ہے، تاہم تاحال قتل کی وجوہات یا ملزمان کے بارے میں کوئی تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔سکیورٹی فورسز نے ایم 8 کے اطراف میں گشت بڑھا دیا ہے۔