کراچی میں بھی چینی کی قیمت میں من مانا اضافہ، انتظامیہ سرکاری نرخ پر اطلاق میں ناکام
اشاعت کی تاریخ: 27th, July 2025 GMT
کراچی میں چینی کی قیمت کو پُر لگ گئے اور انتظامیہ بھی گراں فروشوں کیلیے کارروائی سے گریزاں نظر آتی ہے۔کمشنر کراچی کی جانب سے چینی کی تھوک قیمت 170 روپے اور خوردہ قیمت 173 روپے فی کلو مقرر کیے جانے کے باوجود شہر بھر میں سرکاری نرخوں پر عمل درآمد نہ ہوسکا۔مارکیٹ میں چینی ہول سیل سطح پر 175 روپے جبکہ خوردہ سطح پر 190 روپے فی کلو میں فروخت کی جا رہی ہے، جبکہ گلی محلوں کی چھوٹی دکانوں پر چینی کی قیمت 200 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے۔ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں 8 روپے فی کلو کی کمی واقع ہوئی ہے اور موجودہ نرخ 175 روپے فی کلو پر آ گیا ہے، تاہم اس کمی کا کوئی فائدہ صارفین کو نہیں پہنچ سکا۔شہر کے بیشتر بازاروں میں چینی 185 سے 190 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے، اور ریٹیلرز قیمت کم کرنے کو تیار نہیں۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت اور پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے درمیان معاہدے کے تحت 15 جولائی سے چینی کی ایکس مل قیمت 165 روپے فی کلو مقرر کی گئی تھی۔ لیکن اس معاہدے اور کمشنر کراچی کی جانب سے مقرر کردہ قیمتوں کے باوجود عملدرآمد نہ ہونے کے باعث شہری مہنگی چینی خریدنے پر مجبور ہیں۔صارفین کا کہنا ہے کہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں غیر مؤثر ہو چکی ہیں اور حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات محض کاغذی کارروائی تک محدود ہیں۔
صارفین نے مطالبہ کیا ہے کہ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: چینی کی قیمت روپے فی کلو میں چینی
پڑھیں:
خیبرپختونخوا؛ مطلوب اشتہاری دہشتگردوں کی فہرست تیار، سر کی قیمت بھی مقرر
اسلام آباد:خیبرپختونخوا میں مطلوب اشتہاری دہشت گردوں کی فہرست تیار کرلی گئی ہے اور متعدد دہشت گردوں کی سر کی قیمت بھی مقرر کردی گئی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے مطلوب اشتہاری دہشت گردوں کی فہرست صوبائی انتظامیہ اور حساس اداروں نے مل کر تیار کی ہے اور صوبائی حکومت کی تیار کردہ فہرست وفاقی وزارت داخلہ کو موصول ہوگئی ہے۔
مذکورہ فہرست میں 1349 انتہائی مطلوب دہشت گردوں کے کوائف شامل ہیں اور فہرست میں شامل دہشت گردوں کے سر کی قیمت بھی مقرر ہے۔
فہرست میں شامل 59 دہشت گردوں کی سر کی قیمت ایک سے 3 کروڑ روپے تک مقرر ہے، کرم کے کاظم خان کے سر کی قیمت 3 کروڑ روپے رکھی گئی ہے اور دہشت گردوں کے کمانڈر امجد اللہ کے سر کی قیمت 2 کروڑ روپے ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ باجوڑ کے مولوی فقیر محمد کا نام بھی مطلوب دہشت گردوں کی فہرست میں شامل ہے اور اس کے سر کی قیمت ڈیڑھ کروڑ روپے ہے، دہشت گردوں کا تعلق پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان، سوات اور دیگر علاقوں سے ہے۔